کراچی میں بادل چھا گئے۔۔ بارش ہوگی یا نہیں؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

image

شہر قائد میں پیر کی صبح سے ہی موسم آبر آلود ریکارڈ کیا جا رہا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا اسپیل 8 جولائی سے کراچی پر اثر انداز ہوگا، مون سون کے حالیہ اسپیل کے اثرات کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی بوندا باندی اور ہلکی بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔

شاہراہ فیصل، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، محمد علی سوسائٹی، سندھی مسلم سوسائٹی، ایڈمن سوسائٹی، محمود آباد ، منظور کالونی، صدر ، مزار قائد، لیاری، کلفٹن اور اطراف میں ہلکی بارش ریکارڈ کی جارہی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی ملک میں 10 جولائی تک تیز بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ دریائے چناب کے مرالا اور قادر آباد کے علاقوں میں کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑا، چترال، ہنزہ اور دیگر دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ اسی طرح مشرقی پنجاب میں پیر پنجال رینج سے نکلنے والے نالوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کی ندی نالوں میں سیلاب کا خطرہ ہے اور گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ جنوب بلوچستان میں کھیر تھر رینج سے نکلنے والے دریاؤں میں سیلاب اور آواران، خضدار، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے۔


About the Author:

تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts