باپ کی لاش کو گھر لایا اور۔۔ سگے باپ بھائی کا قتل کیوں کیا؟ ملزم کا دل دہلا دینے والا بیان سامنے آگیا

image

کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر کی حیدرآباد کالونی میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان نے فائرنگ کرکے اپنے والد اور بھائی کو قتل جبکہ بھابھی کو شدید زخمی کر دیا۔ واقعہ جمعرات کی شب اچار والی گلی میں ایک رہائشی گھر میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ملزم مقتول کا بڑا بیٹا ہے، جو سافٹ ویئر انجینئر ہے اور چند سال قبل دبئی میں ملازمت کرتا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر اہلِ علاقہ موقع پر پہنچے اور ملزم کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کی آمد پر ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے ملزم کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے سب سے پہلے اپنے بھائی عمید اور بھابھی پر گھر کے اندر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بھائی جاں بحق اور بھابھی شدید زخمی ہوئیں۔ بعد ازاں جب والد نماز پڑھ کر گھر واپس لوٹے اور گیٹ کھولا تو بیٹے نے سلینسر لگی پستول سے ان پر فائرنگ کی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ملزم نے والد کی لاش کو گھر کے اندر گھسیٹ کر لایا۔

ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق مقتول 65 سالہ نعمت اللہ نیشنل کالج کے ریٹائرڈ پروفیسر تھے، جبکہ دوسرے مقتول عمید کی عمر 40 سال تھی۔ زخمی خاتون کی شناخت صالحہ کے نام سے ہوئی ہے، جو مقتول عمید کی اہلیہ اور ملزم کی بھابھی ہیں۔

لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے خول برآمد ہوئے، جبکہ پستول میں سلینسر نصب تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ پستول والد کی ملکیت تھا اور اسے ان کے کمرے کی دراز سے حاصل کیا۔ ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اس کے دو بچے نیوی ملیر کینٹ میں رہائش پذیر ہیں۔

ملزم نے بیان دیا کہ دبئی میں ملازمت کے دوران وہ ہر ماہ گھر رقم بھیجتا رہا۔ والد کا بائی پاس کروانے کے لیے بھی اس نے لاکھوں روپے بھیجے، جبکہ والدہ کے کورونا کے دوران علاج کے لیے بھی مالی معاونت کی، تاہم وہ انتقال کر گئیں۔ ملزم کے مطابق جب وہ دبئی سے واپس آیا تو بھائی اور بھابھی نے اس کی بھیجی ہوئی رقم واپس نہیں کی۔ بارہا رقم کے مطالبے پر گھر میں جھگڑے ہوتے رہے۔

ملزم نے الزام عائد کیا کہ اس کی بھابھی نے اس پر جادو کروایا، جس کے باعث جب بھی وہ بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرتا، اسے سینے میں تکلیف ہونے لگتی۔ اسی معاشی اور ذہنی دباؤ کے باعث اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔ اس نے بتایا کہ فائرنگ سے قبل اس نے اپنے ارادے سے کسی کو آگاہ نہیں کیا، اور پستول کے ساتھ سلینسر بھی والد کے گھر پر موجود تھا جسے اس نے خود نصب کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ زخمی خاتون کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US