پاکستانی میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پروگرام "مذاق رات" سے کیا تھا اور جلد ہی گائیکی کی دنیا میں اپنی پہچان بنا لی، اب زندگی کے ایک نئے سفر پر روانہ ہو چکی ہیں۔ اپنی منفرد شخصیت اور فیشن سینس کی وجہ سے پہچانی جانے والی آئمہ بیگ نے ہمیشہ خود کو سچائی کے ساتھ پیش کیا، چاہے لوگ کچھ بھی کہیں۔
حال ہی میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ آئمہ بیگ معروف فیشن برانڈ "راستہ" کے سی ای او زین احمد سے قریبی تعلقات میں ہیں۔ دونوں کو متعدد بار ڈیٹس پر دیکھا گیا اور کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنے رشتے کو سوشل میڈیا پر باضابطہ طور پر ظاہر بھی کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں ایک ساتھ چھٹیاں مناتے اور مختلف مقامات پر وقت گزارتے ہوئے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پیجز کے مطابق اب یہ جوڑا باضابطہ طور پر ایک دوسرے کا ہو چکا ہے۔ دونوں نے کینیڈا میں ایک سادہ اور نجی نکاح کی تقریب میں شادی کر لی ہے۔ گزشتہ رات اس تقریب کی ایک تصویر لیک ہوئی جس کے بعد اس خوشخبری کی تصدیق ہوچکی ہے۔
آئمہ بیگ اور زین احمد کا یہ نیا سفر ان کے چاہنے والوں کے لیے ایک خوشی کی خبر ہے۔ مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے انہیں نیک تمناؤں اور دعاؤں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ ہم بھی اس نئے جوڑے کے لیے خوشیوں اور کامیابیوں سے بھرپور زندگی کی دعا کرتے ہیں۔