بالی وڈ اداکارہ تمنا بھاٹیہ نے حال ہی میں سابق پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق اور انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات سے متعلق پُرانی افواہوں پر بات کی ہے۔
دی لالَن ٹاپ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں تمنا بھاٹیہ نے ایسی افواہوں پر حیرت اور شرمندگی کا اظہار کیا۔اداکارہ نے بتایا کہ 2020 میں ایک جیولری سٹور کی تقریب میں عبدالرزاق کے ساتھ لی گئی ایک تصویر کی بنیاد پر ان کے تعلقات کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’مذاق مذاق میں عبدالرزاق! انٹرنیٹ واقعی ایک دلچسپ جگہ ہے۔ انٹرنیٹ کے مطابق، میری عبدالرزاق سے مختصر شادی بھی ہو چکی ہے۔ معاف کیجیے گا سر، آپ کے تو دو تین بچے بھی ہیں۔ مجھے آپ کی زندگی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، لیکن یہ سب بہت شرمندگی کا باعث تھا۔‘دوسری جانب تمنا بھاٹیہ نے وراٹ کوہلی کے ساتھ تعلقات کی ان افواہوں پر بھی بات کی جو ایک اشتہار میں ایک ساتھ نظر آنے کے بعد گردش کرنے لگی تھیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ ’مجھے واقعی افسوس ہوتا ہے کیونکہ میں صرف ایک دن کے لیے اُن سے ملی تھی۔ اس شوٹ کے بعد نہ میں نے اُن سے کوئی بات کی، نہ کبھی دوبارہ ملی ہوں۔‘اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ دونوں افواہیں بالکل بے بنیاد تھیں اور محض پیشہ ورانہ ملاقاتوں کی غلط تشریح کا نتیجہ تھیں۔تمنا بھاٹیہ نے ان لوگوں کے ساتھ جوڑے جانے پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا جن سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں۔ انہوں نے کہا ’یہ بہت عجیب ہوتا ہے جب میڈیا آپ کا نام ایسے شخص سے جوڑ دیتا ہے جس سے آپ کا کوئی لینا دینا ہی نہیں ہوتا۔‘انہوں نے مزید کہا ’وقت لگتا ہے، لیکن آخرکار انسان یہ سمجھ لیتا ہے کہ کچھ باتوں کے بارے میں آپ کچھ نہیں کر سکتے۔‘