بٹ کوائن کی قدر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر سے متجاوز

image

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی اور معروف ڈیجیٹل کرنسی "بٹ کوائن" نے اپنی 17 سالہ تاریخ میں نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ اتوار کے روز بٹ کوائن کی قیمت پہلی بار 1 لاکھ 25 ہزار 245 امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جو کہ اب تک کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

پاکستانی روپے میں اس وقت بٹ کوائن کی یہ قدر تقریباً 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 578 روپے بنتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز بٹ کوائن کی قدر میں 2.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ بٹ کوائن کے لیے مسلسل آٹھواں سیشن ہے جس میں قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔

ماہرین کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ استحکام اور بٹ کوائن پر مبنی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان نے اس اضافے کو سہارا دیا ہے۔

کرپٹو کرنسی مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں بٹ کوائن کی قیمت میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ رواں سال کے آغاز سے اب تک اس کی قدر میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بٹ کوائن ایک ڈیجیٹل یا ورچوئل کرنسی ہے جو کسی بھی مرکزی بینک یا مالیاتی ادارے کے زیرِ کنٹرول نہیں ہوتی۔ یہ بلاک چین (Blockchain) نامی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو لین دین کے تمام ریکارڈ کو محفوظ بناتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US