گاڑی خریدنے والوں کے لیے اہم خبر۔۔ کون سی نئی شرائط لاگو ہوگئیں اور اطلاق کب سے ہوگا؟

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے استعمال شدہ اور پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر 40 فیصد اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ اقدام وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ریگولیٹری ڈیوٹی پہلے سے عائد ڈیوٹی کے علاوہ ہوگی اور امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت مخصوص شرائط کے ساتھ درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر لاگو ہوگی۔

حکام کے مطابق یہ ڈیوٹی پی سی ٹی ہیڈنگ 8702، 8703، 8704 اور 8711 کے تحت آنے والی گاڑیوں پر لاگو ہوگی جن میں کمرشل گاڑیاں، کاریں، بسیں اور موٹر سائیکلز شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی تاہم آئندہ سال 30 جون کے بعد ہر سال اس ڈیوٹی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی اور یہ ڈیوٹی 30 جون 2029 تک مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق اس فیصلے کا مقصد درآمدات کو محدود کرنا، زرمبادلہ کے بہاؤ پر قابو پانا اور مقامی آٹو انڈسٹری کو سہارا دینا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی اجازت دے رکھی ہے تاہم نئی پالیسی کے تحت اضافی ڈیوٹی عائد کرنے سے درآمدی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US