“نہیں، میری چوتھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ دراصل، میری پچھلی تین شادیاں بھی میری اپنی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں تھیں۔ یہ وہ فیصلے تھے جو اللہ نے میرے لیے کیے اور وہ سب اچھے ثابت ہوئے۔ وہ سب غیر ارادی طور پر ہوئیں۔ کبھی زندگی میں کوئی ایسی شخصیت مل جاتی ہے جو آپ سے جڑ جاتی ہے، نہ اس کے حسن کی وجہ سے، نہ پس منظر کی وجہ سے بلکہ اس لیے کہ اس کی موجودگی آپ کے لیے اہم بن جاتی ہے۔ اگر وہ آپ کے خاندان پر منفی اثر نہ ڈالے تو ایسی سمجھ بوجھ کا قائم ہونا ممکن ہے۔ لیکن نہیں، اب میری چوتھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔ بس اب کافی ہے، مزید شادی نہیں کروں گا۔”
یہ الفاظ ہیں پاکستان کے معروف صحافی اور مقبول شو کے میزبان اقرار الحسن کے، جو حال ہی میں ایک شو میں گفتگو کرتے نظر آئے۔ اقرار الحسن نے ہمیشہ اپنی بے باک صحافت اور عوامی خدمت کے باعث شہرت حاصل کی ہے، مگر ان کی ذاتی زندگی خاص طور پر ان کی تین شادیوں نے ہمیشہ انہیں سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنائے رکھا ہے۔
اقرار الحسن نے شو کے دوران بڑی صاف گوئی سے اپنی زندگی کے فیصلوں پر بات کی اور بتایا کہ ان کی شادیاں کسی منصوبے یا خواہش کا نتیجہ نہیں تھیں بلکہ قسمت کے فیصلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کبھی کبھار کسی ایسے شخص سے ملتا ہے جس کے ساتھ ایک خاص تعلق بن جاتا ہے، اور یہی تعلق زندگی کا رخ بدل دیتا ہے۔
یاد رہے کہ اقرار الحسن نہ صرف اپنی ذاتی زندگی بلکہ اپنے آنے والے سیاسی منصوبوں کے باعث بھی خبروں میں ہیں، کیونکہ حال ہی میں انہوں نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ چاہے وہ سیاست میں آئیں یا نہ، ان کی زندگی کے فیصلے ہمیشہ دلچسپی اور حیرت سے بھرپور رہتے ہیں۔