اورکزئی میں آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 جوان شہید ، 19 دہشتگرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگرد فتنۃ الخوارج کے 19 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور سیکنڈ اِن کمانڈ میجر سمیت 11 بہادر جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب کیا گیا جس میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر علاقے کو گھیرے میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کا جوانوں نے بھرپور جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں 19 بھارتی سرپرست خوارج مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 11 جوانوں نے ملک و قوم کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کر دیں۔

شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت شامل ہیں جنہوں نے فرنٹ لائن سے قیادت کرتے ہوئے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

دیگر شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل ، نائیک عادل حسین ، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان ، لانس نائیک طالش فراز ، لانس نائیک ارشاد حسین ، سپاہی طفیل خان ، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی فورسز بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

قوم نے اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت میں اپنی جان نچھاور کر دی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پاکستان امن و استحکام کی راہ پر گامزن رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US