پاک فوج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں افغانستان کو بھرپور جواب دے کر پسپائی پر مجبور کیا، وزیراعظم

image

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کو بھرپور جوابی کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، فیلڈ مارشل کی بےباک قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کو بھرپور جواب دیا، پاک فوج نے افغانستان کی متعدد پوسٹیں تباہ کر کے ان کو پسپائی پر مجبور کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر انداز میں جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں، پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے، پاکستان نے بارہا افغانستان کو وہاں موجود فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی معلومات دی اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں کی معلومات دی گئیں۔ توقع ہے افغان حکومت یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US