اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں حالیہ کشیدگی اور جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں برادر ممالک کو چاہیے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید تنازعے سے گریز کریں اور اختلافات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی حکومت کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے، کیونکہ اس کے اثرات علاقائی امن و استحکام پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ سعودی عرب نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں اقوام ایک دوسرے کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو برقرار رکھیں اور کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے دانشمندی اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔
سعودی عرب نے اس موقع پر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن، ترقی، خوشحالی اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کے لیے تمام علاقائی اور عالمی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
ریاض حکومت کا کہنا تھا کہ خطے کا امن تمام ممالک کے مفاد میں ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تنازعات کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ جنوبی و وسطی ایشیا میں امن و استحکام قائم رہے۔