خیبر پختونخوا میں امن جرگہ سے پہلے اہم مشاورت کی تیاریاں

image

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبر پختونخوا میں امن جرگہ سے قبل سابق وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کے ساتھ الگ بیٹھک کی تجویز سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت 12 نومبر کو صوبائی اسمبلی میں طلب کیے گئے امن جرگے سے پہلے پی ٹی آئی قیادت نے مشورہ دیا ہے کہ سابق وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کو الگ طور پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں عشائیہ پر مدعو کیا جائے۔

اس بیٹھک میں صوبے میں قیامِ امن کے حوالے سے ان کی رائے اور سفارشات حاصل کی جائیں گی جنہیں بعد ازاں اسمبلی میں ہونے والے امن جرگے میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین، بشمول عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہان کو بھی شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کی تجاویز کو حتمی اعلامیے کا حصہ بنا کر تمام جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل کی صورت میں وفاقی حکومت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US