آج شام آسمان پر سال کا سب سے بڑا سپر مون دیکھا جا سکے گا جو اپنے غیر معمولی حجم اور چمک سے رات کو دن جیسا منظر دے گا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق چاند آج زمین سے صرف 2 لاکھ 21 ہزار 817 میل کے فاصلے پر ہوگا جو اسے عام دنوں کے مقابلے میں 9.7 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن بنائے گا۔
سپارکو (SUPARCO) کے مطابق سپر مون اپنی روشنی کے عروج پر شام 6 بج کر 19 منٹ پر پہنچے گا۔یہ اس سال ہونے والے تین سپر مونز میں سے دوسرا ہے جبکہ اگلا سپر مون دسمبر میں دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق جب چودھویں کا مکمل چاند زمین کے مدار میں گھومتے ہوئے قریب ترین مقام پر آجاتا ہے تو اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ اس منظر کو آج بیور سپر مون کا نام دیا گیا ہے جو اپنی غیر معمولی روشنی اور حجم کے باعث دنیا بھر میں دلکش نظارہ پیش کرے گا۔