حاصل کریں گے جو انہیں ماحول دیجئے

آپ بچوں کی جس انداز سے تربیت کرنا چاہتے ہیں آپ انہیں وہ ماحول مہیا کردیں گے۔ بچے موم کی مانند ہیں کہ انہیں جس سانچے میں ڈھالا جائے گا بآسانی ڈھل جائیں گے۔ ہمیں جدوجہداپنامطلوبہ سانچہ بنانے میں کرنی پڑے گی۔جب سانچہ یعنی ماحول تیارہوجائے گا تو تعلیم وتربیت کا باقی ماندہ عمل بہت ہی سہل ،مؤثر اوردلکش ہوجائے گا۔

تعلیم وتربیت کے حوالے سے ایک مشہور انگریزی نظم جو Dorothy Law Nolte نے تحریر کی ہے اور اس کا منظوم مفہوم مثنوی کی صورت میں بزبان اردو پیش خدمت ہے۔ جس میں انتہائی بہترین طریقے سے بچوں کی تربیت کے بارے میں رہنمائی کی گئی ہے ۔اور اس حقیقت کو لفظوں کے خوبصورت پیرائے وسانچے میں ڈھالاگیا ہے کہ بچے جس ماحول میں رہتے ہیں وہی سیکھتے ہیں ۔بالفاظ دیگراس کا لب لباب یہ ہے کہ آپ بچوں کی جس انداز سے تربیت کرنا چاہتے ہیں آپ انہیں وہ ماحول مہیا کردیں گے۔ بچے موم کی مانند ہیں کہ انہیں جس سانچے میں ڈھالا جائے گا بآسانی ڈھل جائیں گے۔ ہمیں جدوجہداپنامطلوبہ سانچہ بنانے میں کرنی پڑے گی۔جب سانچہ یعنی ماحول تیارہوجائے گا تو تعلیم وتربیت کا باقی ماندہ عمل بہت ہی سہل ،مؤثر اوردلکش ہوجائے گا۔جس اہم نکتہ کو تعلیم وتربیت کرنے والے افرادفراموش کردیتے ہیں پھر بچوں کی غلط تربیت کی تمام ترذمہ داری بچوں پرڈال کرانہیں مطعون کرتے ہیں۔عموماً ہمارا معاشرتی رویہ "چلیں ہیں کعبہ پکڑے ہوئے ہیں چین کاروٹ" کے مصداق ہے۔

اس نظم میں تفصیل سے اس ہی ایک نکتہ کوسمجھایاگیا ہے۔ مثلاً جس گھر میں بچوں پر بے جا تنقید ہوتی ہے وہ بچے جب پروان چڑھیں گے تو ہر کام کو ناقدانہ پہلو ہی سے دیکھیں وہ کسی کی اچھائی کو بھی تحسین کی نگاہ سے نہ دیکھیں گے اس کے ساتھ ایک اور برائی جو ان میں نشوونما پائے گی وہ الزام تراشی اورعیب جوئی کی ہے(جو اس وقت ہمارے معاشرے میں عروج پر ہے)۔ وہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ بھی دوسروں پر ڈالیں گے۔ اپنی اصلاح کے بجائے الزام تراشی سے کام لے کر قیل وقال یعنی بحث ومباحثہ میں خود کوبچانے کی کوشش کریں گے جس کا بہت بڑا نقصان یہ ہوگا کہ وہ کبھی اپنی اصلاح نہ کرسکیں گے۔ کیونکہ اصلاح کے لئے اپنی غلطی تسلیم کرنا ضروری ہے الزام تراشی کرنے والا فرد کبھی بھی غلطی تسلیم نہیں کرتا۔اور"پرنالہ وہیں رہے گا" کا مصداق بن جاتاہے۔

بچوں کی اصلاح کے لئے ان کی عادات پر نظرضروررکھیئے ۔لیکن ان کی تضحیک،تذلیل اورتخویف نہ کی جائے ۔کیونکہ تضحیک کرنے سے وہ احساس کمتری کے شکار ہوجائیں گے، تذلیل کرنے سے احساس جرم میں گرفتار ہوجائیں گے۔ترہیب و تخویف ان سے بچپن کی شوخیاں چھین لے گی۔یہ ہمہ وقت اداس اورغمگین رہیں گے۔ اداس اورغمگین رہنے کی وجہ سے ان کی جسمانی ،ذہنی ،معاشرتی اورجذباتی نشوونما بری طرح متاثرہوگی اوران میں بہت سی خامیاں وخرابیاں پیدا ہوجائیں گی۔یہ جسمانی وذہنی بیماریوں کا شکار ہوجائیں گے۔یہ تو زندگی کا بہت ہی نازک دور ہے ،مسلسل ان منفی امورکی بنا پر دنیا سے بیزار ہوجائیں گے۔ ان کے لئے اس دنیا میں کوئی دلکشی نہ رہے گی۔ جس سے ان کی پوشیدہ صلاحیتیں پروان نہ چڑھیں گے اورمعاشرہ پر ایک بوجھ میں اوراضافہ ہوجائے گا۔

جب کہ اس دور (عہدطفولیت) میں منفی طرزعمل کے بجائے بچوں پرمحبت وشفقت کی نظر رکھیئے اوران کی جائز تعریف وتحسین اوران کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ جس سے ان میں خود اعتمادی پیدا ہوگی اور وہ بھی اچھے کاموں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھنے کے عادی بن جائیں گے۔خود بھی خوش وشاداں ہوں اوران کی چہچہاہٹ سے پوراچمن خوشی سے سرشارہوگا ۔ ان کی صلاحیتیں خوب نکھر کرسامنے آئیں گی۔معاشرے پر بوجھ بننے کے بجائے معاشرے کے بوجھ میں ہاتھ بٹانے والے بن جائیں گے۔ اپنی زندگی کے مقصد یعنی مقصد حیات کی تحصیل میں ہمہ وقت سرگرم رہیں گے۔اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے بچوں کی تربیت کس انداز سے کرناچاہتے ہیں۔اللہ رب العزت ہمیں اپنی اولاد کی صحیح تعلیم وتربیت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین

اس انگریزی نظم کا منظوم مفہوم راقم السطور کے والد ماجد جناب ابوعلی محمد رمضان صاحب نے تحریرکیاہے۔
حاصل کریں گے جو انہیں ماحول دیجئے

تنقید مت کریں سونہ الزام سیکھ لیں
زیبانہیں جو کام وہی کام سیکھ لیں
لڑتے رہیں گے سرکش وباغی رہے اگر
رکھیئے ہمیشہ بچوں کی عادات پر نظر
تضحیک مت کریں انہیں شرمندگی نہ ہو
گم جوہرِ حیات کی تابِندگی نہ ہو
نازک سے ہیں گلاب ذرافکر کیجئے
حاصل کریں گے جو انہیں ماحول دیجئے
احساس جرم ہوگا نہ تذلیل کیجئے
قلبِ خوداعتماد نہ تبدیل کیجئے
تعریف میں جوان کی کریں آپ گفتگو
اوروں کی خوبیوں کی انہیں ہوگی جستجو
ان پر نگاہ ِ لطف ہے ان کے لئے بڑی
محسوس کرسکیں اسی دنیا میں دلکشی
ہردم ہو ان کی حوصلہ افزائی کاخیال
پُراعتماد ہوں گے یقینا یہ نونہال
علم اور معرفت کی کریں آپ ان سے بات
حاصل ہو ان کو معرفتِ مقصدِ حیات
گرخوف کی فضا میں رہیں گے وہ ارجمند
ہوجائیں گے اداس رہیں گے وہ فکرمند
ماحول دوستانہ ملے ان کو ہوخبر
دنیامقام خوب ہے راحت کا ہے نگر
کیا نونہال آپ کے ہیں شاد و کامراں
کیاتربیت ہے ان کی اصولوں پہ مہرباں

Children Learn What They Live

If children live with criticism, They learn to condemn.
If children live with hostility, They learn to fight.
If children live with ridicule, They learn to be shy.
If children live with shame, They learn to feel guilty.
If children live with encouragement, They learn confidence.
If children live with tolerance, They learn to be patient.
If children live with praise, They learn to appreciate.
If children live with acceptance, They learn to love.
If children live with approval, They learn to like themselves.
If children live with honesty, They learn truthfulness.
If children live with security, They learn to have faith in themselves and others.
If children live with friendliness, They learn the world is a nice place in which to live.
If children live with fear, They learn to be apprehensive
If children live with recognition, They learn to have a goal
With what your child living?
 

Abu Abdul Quddoos Muhammad Yahya
About the Author: Abu Abdul Quddoos Muhammad Yahya Read More Articles by Abu Abdul Quddoos Muhammad Yahya: 69 Articles with 150577 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.