امام اعظم ابو حنیفہ اور فقہی بصیرت قسط نمبر ٢َ

آپ کے اساتذہ:۔
امام ابوحفص کبرٰی نے آپ کے اساتذہ کی تعداد چار ہزار بتائی ہے اور دوسروں نے آپ کے استاذہ کی تعداد صرف تابعین رضی اللہ عنہم میں چار ہزار بتائی ہے تو غیر تابعین کی تعداد کا کون خیال کر سکتا ہے آپکے مشہور اساتذہ:۔ حضرت امام حماد ،امام زید ابن علی زین العابدین،حضرت امام جعفر صادق ،حضرت عبداللہ ابن حسن بن حسن بن علی،امام شعبی، عکرمہ تلمیذ ابن عباس، نافع تلمیذ ابن عمر-

صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین سے ملاقات:۔
امام اعظم نے پانچ یا آٹھ صحابہ کرام سے ملاقات کی جن میں چند کے نام یہ ہیں حضرت سیدنا انس بن مالک، حضرت عبداللہ ابن ادفی، حضرت سہل بن سعد، حضرت سیدناابو طفیل، حضرت عامر بن واصلہ رضی اللہ عنہم
حضرات محدثین کے نزدیک جو شخص صحابی سے ملاقات کرے اگرچہ ساتھ نہ رہے وہ تابعی کہلاتا ہےاور اس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ امام اعظم ان معززین تابعین میں سے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے کہ
والذین اتبعوہم باحسان رضی اللہ عنہم ورضوا عنہ واعد لہم جنت تجری تحتھا النھار خلدین فیھا ابدا
اور جو بھلائی کے ساتھ ان کے پیرو ہوئے اللہ ان سے راضی اور وہ اللہ سے راضی اور ان کے لیے تیار کر رکھے ہیں باغ جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں اور وہ ہمیشہ پمیشہ اس میں رہیں گے-

امام اعظم اور امام باقر کا مکالمہ:۔
محمد باقر بن زین العابدین زید ابن علی کے بھائی تھے اما م باقر بہت بڑے عالم دین تھے امام ابوحنیفہ کی ان سے ملاقات اسوقت ہوئی جب ان کی فقہ و رائے کا نیا نیا چرچا ہوا تھا -

ملاقات کا یہ واقعہ مدینہ طیبہ میں پیش آیا امام باقر نے آپ سے مخاطب ہو کر فرمایا آپ نے تو میرے نانا کے دین کو اور ان کی حدیث کو قیاس سے بدل دیا ہے امام اعظم نے کہا معاذاللہ جناب باقر بولے آپ نے ایسا ہی کیا ہے امام اعظم بولے آپ تشریف رکھئے تا کہ میں بھی مؤدب ہو کر بیٹھ جاؤں کیونکہ میری نظر میں آپ اسی طرح لائق احترام ہیں جیسے آپ کے نانا صحابہ کی نظر میں۔جناب باقر تشریف فرما ہوئے امام اعظم بھی زانوئے ادب طے کر کے آپ کے سامنے بیٹھ گئے امام اعظم بولے میں آپ سے باتیں دریافت کرنا چاہتا ہوں ان کا جواب مرحمت فرمائیں-

سوال نمبر ١:۔
مرد کمزور ہوتا ہے یا عورت؟امام باقر بولے عورت۔پھر امام اعظم بولے وراثت میں عورت کیا حصہ ملتا ہے آپ نے فرمایا مرد کو دو اور عورت کو ایک ۔امام اعظم بولے یہ آپ کے نانا کا فرمان ہے اگر میں ان کے دین کو بدل دیتا تو قیاس کے مطابق مرد کو ایک حصہ دیتا اور عورت کو دو کیونکہ عورت کمزور ہوتی ہے-

سوال نمبر ٢:۔
فرمائیے نماز بہتر ہے یا کہ روزہ؟امام باقر بولے نماز ۔امام اعظم بولے یہ آپ کے نانا کا فرمان ہے اگر میں اس کو قیاس سے بدل دیتا تو تو عورت کو حکم دیتا کہ وہ حیض سے پاک ہو کر روزہ کی بجائے وہ فوت شدہ نمازیں ادا کرے -

سوال نمبر ٣:۔
فرمائیے پیشاب زیادہ نجس ہے یا کہ نطفہ؟ امام باقر بولے پیشاب۔ اما م اعظم بولے اگر میں قیاس کو ترجیح دیتا تو فتویٰ دیتا کہ پیشاب سے غسل کرے اور نطفہ سے وضو معاذاللہ بھلا میں یہ کام کیسے کر سکتا ہوں
جناب باقر اٹھے اور اٹھ کر بغل گیر ہو گئے چہرہ کا بوسہ لیا اور آپ کی تکریم بجا لائے-

جاری ہے
MUHAMMAD BURHAN UL HAQ
About the Author: MUHAMMAD BURHAN UL HAQ Read More Articles by MUHAMMAD BURHAN UL HAQ: 164 Articles with 247417 views اعتراف ادب ایوارڈ 2022
گولڈ میڈل
فروغ ادب ایوارڈ 2021
اکادمی ادبیات للاطفال کے زیر اہتمام ایٹرنیشنل کانفرنس میں
2020 ادب اطفال ایوارڈ
2021ادب ا
.. View More