کورونا وائرس۔احتیاطی تدابیر ( قسط۔ 4)

اس وقت دنیا کورونا وائرس سے نبرد آزما ہے۔ ہر ملک اپنی استطاعت، عقل و سمجھ اور وسائل کے مطابق اس کا مقابلہ کر رہا ہے۔ یہ وائرس اب تک دنیا بھر میں 12ہزار سے زیادہ لوگوں کی زندگی کا چراغ گل کرچکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے ا س وبا کی کوئی مخصوص دوا اور علاج بھی نہیں،احتیاطی تدابیر پر عمل اس سے بچاؤ کا واحد طریقہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر ممالک نے لاک ڈاؤن اور کرفیو تک نافذ کردیا ہے۔ پاکستان اس جذوی لاک ڈاؤن میں جا چکا ہے۔ راقم ہر روز کورونا کے حوالے سے تازہ ترین صورت حال پر کالم لکھ رہا ہے۔ لیکن ذیل میں دی گئی احتیاطی تدابیر علیحدہ سے پیش کی جارہی ہیں۔ جہاں تک ممکن ہوسکے ان پر عمل کریں، اپنی، اپنے گھر کے افراد کی اور دیگر لوگوں کی جان کو محفوظ رہنے میں کردار ادا کریں۔ اللہ نہ کرے کہ آپ یا آپ کے اہل خانہ میں سے کوئی اس کا شکار ہوجائے تو گھر کے تمام افراد اتہائی مشکل اور پریشانی میں آجائیں گے۔ کورونا وائرس کا مریض تو مشکل میں آہی جاتا ہے اس سے متعلقین جن سے میل ملاقات کی یہاں تک کے گھر کے تمام افراد کو قرنطین میں چلے جانا ہوتا ہے۔ تنہائی کی تکلیف کس قدر اذیت ناک ہوتی ہے اس کا اندازہ وہ ہی لگا سکتے ہیں جن پر یہ پریشانی گزری ہو۔ چنانچہ ان سے محفوظ رہنے کا ایک ہی آسان طریقہ ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

کورو نا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر
ڈاکٹر عزیز سرویا کے مطابق سماجی دوریsocial distanceingجو کہ واحد آزمودہ طریقہ ہے اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کا، اس پر بھر پور طریقے سے کاربند رہیں۔دیگر احتیاط حسب ذیل ہوسکتی ہیں۔ڈاکٹر عزیر سرویا کی کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر مجھے میجر ڈاکٹر عثمان شکیل نے واٹس اپ کی تھیں۔ حسب ذیل ہدایات میں ان کی بیان کردہ ہدایات بھی شامل ہیں۔

۱۔ لوگ کسی جگہ زیادہ تعداد میں جمع نہ ہوں، دوست احباب، عزیز رشتہ داروں کے گھر جانے سے گریز کریں، نہ ہی انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دیں، بلکہ ان کو اعتماد میں لے کر، پیار سے، محبت سے انہیں اپنے ہی گھر میں رہنے کی درخواست کریں۔
۲۔ باہم گلے نہ ملیں،
۳۔ ہاتھ نہ ملائیں
۴۔ بار بار ہاتھوں کو دھوئیں، صابن سے یا کسی اور چیز سے ہاتھ دھوئیں۔دن میں کئی کئی بار ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں، خود دھوئیں اپنے بچوں کو ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں، چھوٹے بچوں کو از خود ہاتھ دھوئیں۔
۵۔ سینی ٹائیزر استعمال کریں (سینی ٹائیزر استعمال کرنے کے بعد خواتین چولھے کے پاس ہاتھ نہ لے جائیں، مرد حضرات جو سیگریٹ پیتے ہیں
اپنی انگلیوں میں سیگریٹ پھنسا کر کش نہ لیں، اس لیے کہ سینی ٹائزر آگ پکڑ سکتا ہے)
۶۔ ماکس کا استعمال کریں۔ماکس میسر نہ ہو تو ٹشو پیپر سے ماکس بنالیں، وہ بھی نہ ہو تو عام کپڑے سے ماکس بنالیں۔
۷۔ غیر ضروری طو رپر گھر سے باہر نہ جائیں، خاص طور پر بچے اور عمر رسیدہ افراد کو زیادہ احتیاط کرنے کی ہدایت ہے۔ اس لیے کہ ان میں قوت مدافعت کم ہوتی ہے، یہ بھی واضح ہے کہ اب تک اس وائرس سے ہلاک ہونے والے عمررسیدہ لوگ ہی ہیں۔
۸۔ اگر آپ لفٹ میں داخل ہوئے ہیں اور چار یا زیادہ افراد ہیں تو سب اپنا اپنا منہ لفٹ کی دیوار کی جانب اس طرح کرلیں کہ آپ کی کمر ایک دوسرے کے سامنے ہو۔
۹۔ اپنے اپنے گھروں کے مرکزی دروزے جس جگہ سے آپ یا آپ کے آنے والے اندر داخل ہوتے ہیں اس کی کنڈی اور اس کے اوپر نیچے کے حصے کو روز تیز گرم پانی میں کپڑا بھگو کر پھیریں۔ اس لیے کہ آپ کے گھر میں داخل ہونے والا اپنے ہاتھوں کے ذریعہ وائرس دروازے پر چھوڑ سکتا ہے۔
۰۱۔ سیڑھیوں پر چڑھتے اور اتر تے وقت اپنے ہاتھوں کو سیڑھیوں کے دائیں اور بائیں لگی رکاوٹ عام طور پر لکڑی یا لوئے کے پائپ کی ہوتی ہے ان پرہاتھ رکھ کر اوپر نہ چڑھیں، یہی عمل نیچے اترتے وقت دھرایا جائے۔
۱۱۔ کسی بھی دروازہ میں داخل ہوں تو اپنے ہاتھوں کو دروازہ یا دیوار یا وہاں لگے واک تھرو گیٹ کو ٹچ نہ کریں۔
۲۱۔ کسی کے گھر جائیں تو دروازہ پر لگی بل (گھنٹی) کو ٹچ نہ کریں۔
۳۱۔ کھانسی، جبائی لیتے وقت اپنے ہاتھ کی ہتھیلیوں کو منہ پر نہ رکھیں بلکہ اپنی کوہنی (ایلبو) کو منہ کو چھپا لیں۔
۴۱۔ اگر آپ اخبار لیتے ہیں تو اسے ہاتھ لگانے سے قبل اخبار کو کھول کر کچھ دیر دھوپ میں رکھ دیں، پھر اسے ہاتھ لگائیں۔
۵۱۔ کوئی ملنے والا گھر میں آئے مصافحہ یا اس سے بغل گیر نہ ہوں۔
۶۱۔ کرنسی انسانی ضرورت ہے۔ یہ ایک انسان سے دوسرے انسان کو منتقل ہوتی۔ ہمیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ ہمارے ہاتھ میں جو نوٹ آئے وہ کس کس کے ہاتھوں ہوتے ہوئے ہمارے پاس آئے ہیں۔ انہیں لینے اور دینے کا عمل لازمی عمل ہے۔ یہاں بھی احتیاط کا عمل کارفرما کرنا پڑے گا۔ جس کسی سے کرنسی لیں نوٹ گنتے وقت اپنی انگلی زبان کو ہرگز ٹچ نہ کریں، نیز ان نوٹوں کو ٹشو پیپر میں ریپ کر لیں اور گھر یا محفوظ جگہ جا کر اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھو کر، سینی ٹائیزر استعمال کر کے ان نوٹوں کو دھوپ میں رکھ دیا جائے۔ نوٹوں کو استری سے بھی گرمی پہنچائی جاسکتی ہے۔کرونا یا کوئی اور وائرس سورچ کی حدت، گرم پانی، یا استری کی گرمائش سے دور کیا جاسکتا ہے۔
۶۱۔ خواتین اگر کسی سے سبزی والے سے، فروٹ والے سے کچھ خریدیں پہلے کوشش کریں کہ ان سبزیوں کو یا پھلوں کو فوری طور پر گرم پانی سے اچھی طرح دھوئیں، خشک ہونے کے بعد استعمال کریں۔
۷۱۔ اسی تجویز کے حوالے سے سبزی والے یا پھل فروشوں سے جو کچھ خریدیں کوشش کریں جو نوٹ آپ کے پاس ہوں، دس، بیس، پچاس یا سو کے نوٹ کا پورا پورا سامان لے لیں، واپس پیسے نہ لیں، اگر لیتے بھی ہیں تو انہیں ٹشو پیپر میں رکھیں، بعدمیں ان کے ساتھ وہی عمل کریں جو اوپر کرنسی کے حوالے سے لکھا گیا ہے۔
۸۱۔ اگر آپ کے عزیز رشتہ داوں، دوستوں میں سے کوئی فیملی ایران، سعودی عرب، یورپ، امریکہ، چین، یاکسی بھی بیرون ملک سے واپس وطن آئے ہیں انہیں کوئی بیماری ہے یا نہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے آپ کو کلیر کرالیا ہے تب بھی، انہیں کھانسی، نزلہ ہویا نہ ہو ان سے قربت کی ملاقات نہ کریں، ہاتھ نہ ملائیں گلے نہ ملیں، ان سے فاصلہ اختیار کر کے ملیں، ان کے گھر نہ جائیں، نہ ہی انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت دیں، انہیں بہت ہی پیار اور محبت سے سمجھائیں کہ صورت حال ایسی ہے کہ ہمیں اس پر عمل کرنا لازمی ہے۔

کورو نا وائرس کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، آج کے لیے صرف اتنا ہی۔دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی صورت حال انشاء اللہ کل کے کالم میں بیان کی جائے گی۔ جاری ہے...........
(23مارچ2020ء)

 

Prof. Dr Rais Ahmed Samdani
About the Author: Prof. Dr Rais Ahmed Samdani Read More Articles by Prof. Dr Rais Ahmed Samdani: 852 Articles with 1281084 views Ph D from Hamdard University on Hakim Muhammad Said . First PhD on Hakim Muhammad Said. topic of thesis was “Role of Hakim Mohammad Said Shaheed in t.. View More