جموں یا آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر متوقع زلزلے!

جموں‘ 27 اگست (کے ایم ایس): ماہر ارضیات پروفیسر ایم اے ملک نے ہمالیہ کے پہاڑوں میں خطرناک مقام کی وجہ سے ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک بڑے زلزلے کے امکان سے خبردار کیا۔جموں یونیورسٹی (جے یو) کے شعبہ ارضیات کے ریٹائرڈ سربراہ پروفیسر ملک نے یہ بات مقبوضہ علاقے میں حالیہ معمولی جھٹکوں کے ردعمل میں کہی۔IIOJK نے پچھلے چار دنوں کے دوران 11 معمولی جھٹکے دیکھے۔ڈوڈہ ضلع میں خاص طور پر پچھلے کچھ دنوں کے دوران ریکٹر اسکیل پر 2.8 سے 3.4 تک کے جھٹکے دیکھے گئے، جس نے لوگوں کو بے چین کر دیا۔ڈوڈہ ضلع میں 24 اگست کو زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 تھی۔اس خبر کے بعد بے لگام سوشل میڈیا پر ستمبر‘ اکتوبر 2022ء میں آزاد کشمیر‘ پاکستان میں خوفناک زلزلے کی پیشنگوئیوں نے عوام کوذہنی کرب سے دوچار کر رکھا ہے۔ اس حوالہ سے ماہر ارضیات پروفیسر ڈاکٹر مرزا شاہد بیگ کا کہنا ہے کہ: یہ علاقہ فالٹ سے متعلقہ زلزلوں کی وجہ سے انتہائی خطرناک ہے۔ ذیلی ہمالیہ میں فعال ریاسی فالٹ (RF) مناسا‘ٹین‘ پالندری‘ سرساوا اور کوٹلی سے لے کر ریاسی جموں و کشمیر تک پھیلا ہوا ہے۔ فالٹ 0.5 ایم اے سے فعال ہے۔ ریاسی فالٹ ممکنہ زلزلے کے لیے ایک مضبوط ذریعہ ہے۔ اگر ریاسی فالٹ پر خاصی تناؤ پیدا ہوتا ہے تو ہمیں شدید زلزلہ آئے گا۔ ڈوڈہ جموں یا آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر آنے والے زلزلے کا مستقبل کا وقت معلوم نہیں ہے۔ جموں و کشمیر میں عوام‘ڈیموں اور انفراسٹرکچر کی حفاظت کے لیے زلزلوں کی نگرانی کی ضرورت ہے۔متعلقہ حکام اور عوام کو ریاسی فالٹ کے پار ایک کلومیٹر ریڈ زون پر غور کرنا چاہیے۔ ریڈ زون میں سول سٹرکچر کی تعمیر نہیں ہونی چاہیے۔ علاقے میں تعمیرات زلزلے کے خطرات کے مائیکرو زونیشن‘جی ویلیوز‘جیو ٹیکنیکل اسٹڈی‘ اور بلڈنگ کوڈز پر مبنی ہونی چاہیے۔

برس ہا برس سے زلزلوں‘ہولناک بارشوں‘ سیلابوں اور سمندری طغیانی سے ہونے والے نقصانات کا حجم کم ہونے کی بجائے تباہ کاریوں کا دائرہ وسیع ہوتا جارہا ہے۔ بارشوں‘ سیلابوں اور زلزلوں سے متاثرین کے اعداد و شمار میں مسلسل اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔قدرتی آفات میں زلزلہ ایسی آفت ہے جوکرہ ارض پر جہاں بھی آتا ہے وہاں تبا ہی وبربادی لاتا ہے۔ دُنیا میں ابھی تک کوئی ایسانظام ایجاد ہو ا جس سے زلزلہ کا پیشگی پتہ چل سکے۔ بیسویں اوراکیسویں صدی میں کئی تباہ کن زلزلے آئے جولاکھوں جانوں کو لقمہ اجل بنا گئے۔ زلزلوں کا مختصراًاحوال یوں ہے: 1920 ء میں چین میں زلزلہ میں دولاکھ پینتیس ہزارافرادہلاک ہو ئے‘ 1921 ء میں چین میں دولاکھ افرادجان سے گئے۔ 1923 ء میں جاپان کے شہر کالا ہاما میں ایک لاکھ چالیس ہزار القمہ اجل بنے۔ 1935 میں پاکستان کے شہرکوئٹہ میں ساٹھ ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 1980 ء میں اٹلی کے زلزلہ میں تراسی ہزارافراد ہلاک ہوئے تھے۔2001 میں ہندوستان کے شہر گجرات میں چالیس ہزار افرادہلاک ہوئے۔ 2004 میں سونامی سے ہندوستان‘ انڈونیشیا ء‘ سری لنکا تھائی لینڈمیں دولاکھ افراد لقمہ اجل بنے تھے۔2005 میں آزاد کشمیر میں قیامت خیز زلزلہ میں کشمیر اور صوبہ خیبر پختونخوا میں 70 ہزار افراد شہید ہوئے تھے۔ ابھی وہ زخم ہرے ہی تھے کہ میرپور آزاد کشمیر زلزلہ سے لرز اٹھا جس سے 26 افراد جان سے گئے کئی افراد زخمی ٗ شاہرائیں کھنڈرات بن گئی ٗ کئی گھر ویران ٗ رہی سہی کسر آفٹر شاکس نے نکلا دی۔زلزلوں میں مالی نقصانات کا تخمین کھربوں ڈالرز میں تھا 26 اکتوبر 2015 ء میں پاکستان میں 8.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے خیبر پختون خوا کے ملاکنڈ ڈویژن اور قبائلی علاقہ اور باجوڑ ایجنسی میں 270 تک لوگ شد ید اور 1000 کے قریب زخمی ہونے کے ساتھ ہی اربوں کی مالیت املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔

کائنات کا سارا نظام ہی لہروں سے چل رہا ہے۔ہر ستارے اور سیارے کی حرکت سے جوارتعاش پیدا ہورہا ہے اس کے اثرات ہماری زمین اور دوسرے سیاروں پر بھی پڑتے ہیں اب سائنس ان بنیادوں پر کام کر رہی ہے کہ جس کا قرآن پاک میں بھی ذکر ہے۔سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ میں عبور حاصل کر نا غیر مسلموں کا اثاثہ نہیں بلکہ یہ مسلمانوں کی میراث بھی ہے اور فرض بھی‘ اسلام کے وہ بنیادی تصورات اور تعلیم جس سے تقریباً ہر مسلمان واقف ہے۔ جدید ریسرچ پر ہی زور دیتے ہیں۔ہماری کہکشاں گلیکسی وے میں سورج جیسے اربوں ستارے ہیں ان کے اپنے نظام شمسی ہیں۔ سورج سے ہزاروں گُنا بڑے ستارے بھی ہماری کہکشاں میں موجود ہیں۔ ہماری کہکشاں سے سینکڑوں بلکہ ہزاروں گُنا بڑی کئی کہکشائیں دریافت ہوچکی ہیں۔ کائنات میں کھربوں میل کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔سب سے پہلے انسان نے اپنی بنیادی ضروریات پر توجہ دی۔ دھاتوں کو اپنے استعمال میں لایا پھر آہستہ آہستہ سائنسی ایجادات کی دُنیا میں داخل ہوا اب ہر لمحہ نِت نئی ایجادات ہو رہی ہیں، مگر یہ سارا علِم وہ ہے کہ جو آدم کو اللہ کا نائب ڈکلیئر کرنے سے پہلے ہی عطا کر دیا گیا تھا۔

جوہری سائنسدانوں نے انتہائی خوفناک اور شدت کے ساتھ زلزلے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ یہ اس قدر خطرناک ہوگا کہ براعظموں کو جدا کردیگا اور اس سے کروڑوں لوگ ہلاک ہوجائیں گے۔ شمالی اور جنوبی امریکہ کے براعظم ٹوٹ کے الگ ہوجائیں گے۔ میگا سونامی کے ٹکرانے سے امریکہ اور ایشیاء میں تقریبا 4 کروڑ افرادہلاک ہوسکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف لندن میں جوہری انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے ایک ڈاکٹر نے دعویٰ بھی کیا کہ یہ سونامی اور زلزلہ اس قدر شدید ہوگا کہ صرف امریکہ کے مغربی ساحل پر 2 کروڑ افرادہلاک ہو سکتے ہیں۔انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنس دانوں نے Svalbardنامی جزیرے میں تمام جینز کو محفوظ کرنے کا پروگرام بنایا تھا۔ ”سوالبارڈ“ نارتھ پول اور ناروے کے بیچ میں واقع ایک ٹھنڈا جزیرہ ہے۔ یہ دُنیا کا سب سے سرد علاقہ ہے۔ اس کا درجہ حرارت ہمیشہ منفی ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے۔ اس میں ”حفاظتی تہہ خانہ“ بنایا گیا ہے۔ یہ سمندر کی سطح سے 130 میٹر بلند ہے۔ جو کسی بھی سمندری آفت یا سطح سمندر کے بڑھنے کے خطرات سے محفوظ رہے گا۔ اس میں تین والٹس بنائے گئے ہیں جن میں 15 لاکھ بیجوں کے سیمپلز فی والٹ رکھے جاسکتے ہیں۔ مجموعی طورپر 45 لاکھ نمونے رکھے جاسکتے ہیں۔ یہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری رکھا جائے گا جوکہ ان بیجوں اور جینز کی عرصہ دراز تک حفاظت کے لئے ضروری ہے۔

19 جون 2006 ء کو اس گلوبل سیڈ والٹ کا سنگِ بنیاد ناروے‘ سویڈن، فن لینڈ‘ ڈنمارک اور آئی لینڈ کے وزرائے اعظم نے رکھا تھا اور 26 فروری 2008 ء کو اسے مکمل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت دُنیا میں 60 لاکھ مختلف اقسام کے بیج مختلف ملکوں کے جینز بینکوں میں محفوظ ہیں لیکن یہ تمام بینک قدرتی آفات اور نیوکلیئر جیسے خطرات محفوظ نہیں جس کے باعث ان کی بقا یقینی نہیں۔ان خطرات کے پیش نظر سائنس دانوں کی ایک کمیٹی اس بات پر متفق ہوئی ہے کہ ہمیں اس بنیادی ضرورت کی حفاظت اور بقا کے لئے ”کرہ ارض پر بدترین صورتِ حال“ کو ذہن میں رکھتے ہوئے جس میں کوئی بہت بڑی قدرتی آفت کی وجہ سے یا نیوکلیئر وار کی وجہ سے کسی ملک یا خطے کی زمینی پیداواری صلاحیت کا یکسر ختم ہوجانا کوئی خاص بیج کی نسل کا دُنیا سے یکسر ختم ہوجانا جیسے خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی انتہائی جدید اور محفوظ انتظام کرنا ہوگا۔

ا امریکہ‘ یورپ‘ ایشیا ء ٗ پاکستان ٗ کشمیر سمیت پوری دُنیا میں ہولناک طوفان اور زلزلے آبھی چکے ہیں۔ ایک سائنسی نقطہ نظر تو دوسری حقیقت یہ ہے کہ:قرآن میں اللہ فرماتے ہیں: ”زمین اور آسمان میں جو فساد ظاہر ہوتا ہے اس کا سبب انسانوں کے اپنے اعمال ہی ہیں۔“ انسان جیسے اعمال کرتا ہے ویسے ہی اس کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔ ایسے حوادث کے ذریعے اللہ تنبیہ کرتے ہیں کہ توبہ اور رجوع کریں۔ آپ ﷺکے زمانے میں زمین ہلنے لگی تو آپ نے زمین پر ہاتھ رکھ کر فرمایا: ”ٹھہر جا! ابھی قیامت کا وقت نہیں آیا۔“ اور پھر آپ نے لوگوں سے مخاطب ہوکر فرمایا: ”اپنے گناہوں سے توبہ کرو اور معافی مانگو۔“بے شک سائنس نے ترقی کر لی پھر بھی آفات کا حل نہیں ٗ اسلام نے حل بھی بتا دیا کہ یہ قدرتی آفات تمہیں تمہارے رب کی طرف سے آزمائش ٗ اظہار ِ ناراضگی ہے۔ مصائب‘ آزمائشیں انسانوں کے اعمال کا نتیجہ ہوا کرتی ہیں‘ یہ سوشل میڈیا نہیں بلکہ اپنے اعمال کے احتساب سے حل ہو سکیں گے۔اللہ کریں دُنیا کا ہر انسان زلزلوں سے محفوظ رہے!! آمین

Abid Hashmi
About the Author: Abid Hashmi Read More Articles by Abid Hashmi: 185 Articles with 142458 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.