اتنے مانوس صیاد سے ہو گئے

جب وہ مجھے لے گئے اور میں چاہتا تو وہ نا لے جاتے کیونکہ وہ اپنی تمام تر طاقت اور نفری کے ساتھ مجھے ڈھونڈ ڈھونڈ کر تھک چکے تھے اور میں موقع سے فایدہ اٹھا کر روپوش ہو سکتا تھا لیکن وہ ایک لمحہ جو بظاہر میرا فیصلہ تھا یا بباطن تقدیر ایک نیا موڑ مڑ رہی تھی ، نتیجتاً میں لوگوں کے منع کرنے کے باوجود اچانک ان کے سامنے پہنچ گیا اور ان کی قانونی پہنچ میں دے دیا ۔ اس وقت قانون کے ہاتھ لمبے نا لگے اور اتنے چھوٹے محسوس ہوے کہ مجھے ان کی پکڑ تک چل کر جانا پڑا ۔ خیر وہ ایک لمبی کہانی ہے پھر کبھی سہی ۔
ابھی تو یہ کہ وہ لے گئے اور مجھے عزت کے ساتھ بٹھا دیا گیا ۔ میں بھی آ رام سے بیٹھ گیا ۔ خطرہ کا امکان ڈراتا ہے لیکن اگر خطرہ سامنے آ جاے تو ڈر نکل جاتا ہے ورنہ نگل جاتا ہے ۔
مجسٹریٹ صاحب کے سامنے پیش ہوئے ۔ وہ بڑے خوبصورت سے لمبے چوڑے انسان تھے جنہوں نے بڑی خوبصورتی سے اپنی عمر رسیدگی کو چھپایا ہوا تھا ۔
مجھے تسلی دی اور کہا
گھبرانا نہیں ہے
اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں
حالانکہ میں نے اس طرح کا کوئ کام نہیں کیا تھا
کاروائ ابھی شروع نہیں ہوئی تھی کہ اچانک میں نے ان کے ہاتھ میں ایک کتاب دیکھی اور سامنے ایک مریض بیٹھا ہے
وہ ہومیو پیتھی کی کتاب تھی ۔ میں بڑا متاثر ہوا کہ خدمت خلق بھی ساتھ ساتھ چل رہی ہے ۔ وہ مجسٹریٹ کا آ فس کم اور مطب زیادہ دکھائی دے رہا تھا ۔ میں نے بھی اچانک پوچھ لیا ان کے کام کے بارے میں نا کہ اپنے انجام کے بارے میں ، وہ بھی میری دلچسپی دیکھ کر خوش ہو گئے ۔
میں نے کہا
میں نے سنا ہے کہ اس طریقہ علاج میں خوف اور عشق کے لیے بھی دوا ہوتی ہے شاید ۔
ان دونوں کیفیات سے ابھی ابھی گزرا تھا بے خطر کودا تھا عشق میں اور خوف اپنی جگہ تھا
اب وہ کاروائ بھول کر کتاب کے مخصوص صفحہ پلٹ کر مجھے پڑھوانے لگ گئے
میں بھی بھول کر کہ وکیل نے کیا سکھایا ہے کہ کیا بولنا ہے ، ان کی کھلی کتاب پر راے کا اظہار کرنے لگا۔
کاروائ مکمل ہوئی تو مردوں کے زیور سے آراستہ میری کلائی کو آ زاد کر کے مجھے قید کر دیا گیا
سات دن بعد ضمانت پر رہائی اور سات سال بعد باعزت بری کر دیا گیا ۔
کچھ دن بعد کسی کا فون آ یا کہ مجسٹریٹ صاحب کے خلاف انکوائری ہو رہی ہے ان کو عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے اگر
آپ نے ان کے خلاف کچھ کہنا ہو تو اچھا موقع ہے
مجھے ان کا اخلاق اور ان کی کتاب یاد آ گئ
مجسٹریٹ صاحب کے ماضی کےدو میٹھے بول کی دوا اثر کر گئ
میں نے منع کر دیا کہ مجھے ان سے کوی بدلہ نہیں لینا
میں نے انہیں معاف کیا
ہومیو پیتھی ایلو پیتھی نفسیات اور حکمت میں لاکھ اختلاف سہی لیکن اس بات پر سب کا اتفاق ہے کہ معافی ایک بہت بڑی دوا ہے


 

Noman Baqi Siddiqi
About the Author: Noman Baqi Siddiqi Read More Articles by Noman Baqi Siddiqi: 255 Articles with 264472 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.