فوڈ ڈرائیو

اﷲ تعالی نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ’’ جوکھانا کھلاتے ہیں اﷲ کی محبت میں مسکین ،یتیم اورقیدی کو(اورکہتے ہیں )ہم تمہیں کھلاتے ہیں اﷲ کی رضاء کے لیے ،نہ ہم تم سے کسی اجر کے خواہاں ہیں اورنہ شکریہ کے،ہم ڈرتے ہیں اپنے رب سے اس دن کے لیے جو بڑا ترش (اور)سخت ہے‘‘(سورۃ الدھر:۱۰،۹،۸) ۔حضرت عبداﷲ بن عمرو رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا’’ رحمان کی عبادت کرتے رہو ،کھانا کھلاتے رہو اور سلام پھیلاتے رہو(ان اعمال کی برکت کی وجہ سے) سلامتی کیساتھ جنت میں داخل ہوجاؤگے‘‘۔ (ترمذی)، حضرت عبد اﷲ بن عمرو رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم سے کسی شخص نے سوال کیا : بہترین اسلام کون سا ہے؟ آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :’’تو کھانا کھلائے یا سلام کرے اْس شخص کوجسے تو پہچانتا ہو یا نہ پہچانتا ہو۔‘‘سانچ کے قارئین کرام ! سماجی تنظیمیں اورفلاحی ادارے بلا امتیاز رنگ و نسل اپنا کام اﷲ کی خوشنودی کیلئے کرتے ہیں غریب اور مستحقین افراد کی امداد کرنے والے ا فراد قابل تعریف اور تقلیدہیں ،گزشتہ روز قومی وسماجی تنظیم موومنٹ اگینسٹ ڈرگ ابیوز ’ماڈا‘ اورکالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ ’کوتھم‘ اوکاڑہ کیمپس کے اشتراک سے دارلامان محکمہ سوشل ویلفیئر کی رہائشی خواتین اور بچوں کے لیے فوڈ ڈارئیو (FOOD DRIVE) کا اہتمام کیا گیا ، تقریب کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ آمنہ احسان جبکہ مہمانان اعزاز میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد خاں ،ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید احمد عثمانی ،میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر مدیحہ گیلانی ، مینجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم اقصی رفیق ، انچارج شیلٹر ہوم روبینہ شہزادی ، اسسٹنٹ کمشنر (یوٹی ) ساجدہ رزاق ،اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم محمد عباس تھے ، تقریب سے جنرل سیکرٹری ’ماڈا‘ /سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ ، پرنسپل ’ کوتھم ‘کالج محمدعثمان ہادی ، راقم الحروف( محمد مظہر رشید چودھری) نے خطاب کیا، مقررین کا کہنا تھا حضرت محمد ﷺ کے فرمان کے مطابق اﷲ کے نزدیک سب اعمال سے زیادہ محبوب کسی مسلمان کو خوش کرنا یا اس پر سے غم کا ہٹانا ہے ، مغفرت کے واجب کرنے والی چیزوں میں کسی مسلمان کو خوشی پہنچانا ، اس کی بھوک کو زائل کرنا ، اس کی مصیبت کو ہٹانا ہے، اپنے بیگانے کی تمیز کے بغیر کسی کو بھی کھانا کھلانا بہترین عمل ہے ،محمد عثمان ہادی نے کہا کہ کوتھم کالج میں زیر تعلیم طلبہ نے اپنے ہاتھوں سے پرتکلف کھانا تیارکیا ہے ،اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان نے کہا کہ سماجی تنظیموں کی جانب سے مفت کھانا تقسیم کرنا قابل تعریف عمل ہے ، انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے اس فرض کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے لوگ مخلصانہ طور پر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں انہیں زمانہ بھی ہمیشہ یاد رکھتا ہے بعدازاں دارلامان میں رہائش پزیر خواتین اور اسٹاف میں پرتکلف کھانا تقسیم کیا گیا جبکہ شرکا ء تقریب میں گفٹ ہیمپر ، اور بچوں میں کھلونے تقسیم کیے گئے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان کو قرآنی خطاطی کا تحفہ دیا گیا ،تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید عثمانی نے سماجی اداروں کے عہدیداران کی جانب سے فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے وطن عزیز کی ترقی ،امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی ٭
 

Muhammad Mazhar Rasheed
About the Author: Muhammad Mazhar Rasheed Read More Articles by Muhammad Mazhar Rasheed: 87 Articles with 59961 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.