ائیر پورٹ پر پرندوں کے ٹکراؤ کے باعث ہونے والے فضائی حادثات سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟

اپنی بلاؤں کو ڈالنے کے لیے صدقہ کی نیت سے خود پر وار کر چوک چوراہے میں پھینک دیا جانے والا گوشت کسی اور انسانی جان کی زندگی کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔پرندوں کی پرواز کی کوئی سرحد نہیں مگر رن وے کے قرب و جوار سے پرندوں کی آمد کی وجہ بننے والی وجوہات کی کشش کو ختم کر کے علاقے کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ اگر ائر پورٹ کی حدود کے اردگرد کے علاقہ مکین تھوڑی سی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو ائرپورٹ اور اس کے اطراف میں پرندوں کی نقل و حرکت محدود کی جا سکتی ہے۔ان علاقوں میں موجود رہائشی اپنا کردار نبھا کر بہت سی انسانی جانوں کی حفاظت کے ضامن بن سکتے ہیں۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کا تیسرا بڑا ائرپورٹ ہے۔ یہ پنجاب کے دارالحکومت اور پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بنایا گیا ہے۔لاہور ہوائی اڈہ تین ٹرمینل علامہ اقبال ٹرمینل، حج ٹرمینل اور ایک کارگو ٹرمینل پر مشتمل ہے۔ ہوائی اڈہ شہر کے مرکز سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔لاہور ائر پورٹ کے اطراف میں بہار شاہ روڈ، ضرار شہید روڈ، ہربنس پورہ روڈ ملحقہ علاقے ہیں جو رہائشی اعتبار سے گنجان آباد ہیں۔رن وے وہاں سے چند میٹر کے فاصلے پر ہے اور ہوائی جہاز اس ڈمپنگ پوائنٹ کے بہت قریب ٹیک آف اور لینڈنگ کرتے ہیں۔ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران پرندوں کا فلائٹ کے قریب آنا اور ٹکرانا انسانی زندگیوں کے لیے خطرناک عمل ہے۔ہوائی اڈوں پر پرندوں کی موجودگی کی بنیادی وجوہات قریبی علاقے میں انسانی رہائش گاہیں ہیں جوپرندوں کو خوراک اور پانی مہیا کرنے کا سبب ہیں۔ پرندوں کو خوراک فراہم کرنا ایک نیکی ہے مگر ائر پورٹ جیسے حساس علاقے میں یہ عمل انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔پرندوں کے خطرات کو کم کرنے کا پہلا قدم اُن وجوہات کو پہچاننا ہے جو ان پرندوں کو ائرپورٹ کے قرب و جوار میں لانے کے لیے کشش پیدا کرتی ہے۔ ائرپورٹ کے اطراف میں آرگینک ویسٹ اور میونسپل سالڈ ویسٹ(گوشت،پھل سبزیوں کے چھلکے،پکا ہوا کھانا) کا موجود ہونا،فالکن، گدھ اور کوے جیسے پرندوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے ائر پورٹ کے چاروں اطراف میں روزانہ کی بنیادوں پر صفائی آپریشن تین شفٹوں میں سر انجام دیا جا رہا ہے۔صبح 6بجے سے قبل ہی صفائی مشینری متحرک کر دی جاتی ہے جس میں منی ڈمپر، چین آرم رول،لوڈر اور 25ورکرز صفائی پر مامور کیے گئے ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی انتظامیہ علامہ اقبال ائرپورٹ پر فلائٹ ٹیک آف مزید محفوظ بنانے کے لیے ائرپورٹ سے ملحقہ شاہراؤں پر گاہے بگاہے خصوصی صفائی آپریشن کرتی رہتی ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ عزیز بھٹی ٹاؤن میں صفائی کے فرائض انجام دے رہا ہے۔رہائشی اور کمرشل علاقوں میں خصوصی صفائی آگاہی مہم کا انعقاد کر کے اس اہم نوعیت کے مسئلے کی سنگینی کا احساس کروایا جا رہا ہے۔جبکہ انفورنسمنٹ ونگ کو متحرک کر کے غیر قانونی ڈمپنگ کے نتیجے میں پرندوں کی افزائش کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔فروری کے پہلے عشرے میں انفورنسمنٹ ونگ نے 1ہزار سے زائد مقامات کی انسپیکشن کرتے ہوئے 207چالان کیے جبکہ 41لاکھ 9ہزار کے جرمانے کیے گئے۔معمولی خلاف ورزیوں پر441نوٹسز جاری کیے گئے۔جبکہ کوڑے سے بھری بغیر ڈھانپے 05گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔اس قسم کی گاڑیاں پرندوں کے لیے کشش کا باعث ہوتی ہیں۔ لاہور ائر پورٹ کے اطراف میں بہار شاہ روڈ، ضرار شہید روڈ، ہربنس پورہ روڈ پر ایل ڈبلیو ایم سی آپریشن ٹیمیں صفائی کی خدمات پوری جانفشانی سے سر انجام دے رہی ہیں۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے ائر پورٹ کے چاروں اطراف ان علاقوں سے روزانہ کی بنیادوں پر 15ٹن ویسٹ اُٹھا کر ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔ ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران پرندوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کو محفوظ بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمتِ عملی پر کام جاری ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق جہاز کی پروازوں کے لیے صرف آرگینک ویسٹ اور میونسپل سالڈ ویسٹ ہی خطرہ نہیں ہیں بلکہ قریبی علاقوں میں موجود کبوتربازی کا شوق رکھنے والے فلائٹ آپریشن میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ اسی طرح ائیرپورٹ کے اردگرد کھیتوں میں کھڑی فصلیں بھی کئی اقسام کے پرندوں کے لیے کشش کا باعث بنتی ہیں،اپنی بلاؤں کو ڈالنے کے لیے صدقہ کی نیت سے خود پر وار کر چوک چوراہے میں پھینک دیا جانے والا گوشت کسی اور انسانی جان کی زندگی کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔پرندوں کی پرواز کی کوئی سرحد نہیں مگر رن وے کے قرب و جوار سے پرندوں کی آمد کی وجہ بننے والی وجوہات کی کشش کو ختم کر کے علاقے کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ اگر ائر پورٹ کی حدود کے اردگرد کے علاقہ مکین تھوڑی سی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو ائرپورٹ اور اس کے اطراف میں پرندوں کی نقل و حرکت محدود کی جا سکتی ہے۔ان علاقوں میں موجود رہائشی اپنا کردار نبھا کر بہت سی انسانی جانوں کی حفاظت کے ضامن بن سکتے ہیں۔

 

Ifra Naeem
About the Author: Ifra Naeem Read More Articles by Ifra Naeem: 4 Articles with 1478 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.