معلوماتِ قرآن (سوالاًجواباً)

معلوماتِ قرآن (سوالاًجواباً)
مؤلف:میر حسین علی امام، نظر ثانی: مفتی محمد حُسام اللہ شریفی
تقریظ:
٭
ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی
پروفیسر ایمریٹس، منہاج یونیورسٹی، لاہور
قرآن کریم پرور دگار عالم کا ایک ایسا پیغام ہے جس کے پڑھنے اور دوسروں کو سکھانے سے ایمان بڑھتا ہے، دلوں سے کدورتیں دور ہوتی ہیں۔ بخاری شریف کی حدیث ہے، فرمایا نبی آخری الزماں حضرت محمد ﷺ نے ’تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس نے قرآن پڑھا اور پڑھایا‘۔ مسلم شریف کی حدیث ہے، فرمایا نبی ﷺ نے ’قرآن پڑھو اس لیے کہ قرآن قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کے لیے سفارشی بن کر آئے گا‘۔
کچھ عرصہ قبل کی بات ہے میر حسین علی امام نے اپنی کتاب ’اَحکا مِ قرآنِ مجید جو تین جلدوں پر مشتمل تھی کی تیسری جلد کا مسودہ مجھے پیش لفظ لکھنے کو دیا۔یہ تصنیف تین جلدوں میں شائع ہوئی۔ اس کتاب کی تقریب رونمائی بھی منعقد ہوئی اس میں بھی راقم نے اظہار خیال کیا۔میر صاحب نے قرآن پر اپنے کام کو جاری رکھنے کی باتیں ضرور کیں تھیں، قرآن سے میر صاحب کی دلچسپی اور محبت تو دیکھئے کہ انہوں ایک کتاب ’معلوماتِ قرآن‘ (سوالاًجواباً)کا مسودہ کل ہی لا کر دیا کہ میں اس پر بھی اظہار خیال کروں۔قرآن فہمی کے حوالے سے یہ عام کتب کے مقابلے میں منفرد ہے۔اس لیے کہ اس کا موضو ع قرآن کے موضوعات ہیں۔یہ تصنیف خاص طور پر ذہنی مقابلے یعنی کوئیز پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کے لیے بہت مفید اور قرآن کے موضوع پر سہل طور پر معلومات فراہم کرتی ہے۔
قرآن راہ ِہدایت اور ہماری بخشش کا ذریعہ ہے۔ رب ِکریم کا آخری فرمان ہے جو اللہ کے نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ
پر تئیس سالوں میں نازل ہوا۔ صحیح بخاری کی حدیث ہے ”آپ ﷺ نے فرمایا ”تم میں ص سب سے بہتر وہ ہے جس نے قرآن پڑھا اور اس کو پڑھایا“۔ اب پڑھانے کی کئی صورتیں ہوسکتی ہیں ایک یہ کہ آپ باقاعدہ طلبہ کو قرآن کریم پڑھائیں جیسا کہ ہماری گھروں کی خواتین بچوں کو قرآن مجید پڑھاتی ہیں، حافظ اور قاری صاحبان گھروں میں قرآن پڑھانے آتے ہیں، ہماری مساجد میں بچوں کو قرآن پڑھایا جاتا ہے، ہمارے دینی مدارس میں اب تو اسکولوں میں بھی طلبہ کوقرآن پڑھانے کا اہتمام ہونا شروع ہوگیا ہے۔ ہمارے علماء، خطیب مساجد اور دینی مدارس میں قرآن کی تعلیم دیا کرتے ہیں۔ ان کے علاوہ قرآن مجید کے تراجم، تفاسیر اور اَحکامِ قرآن ِ مجید طرز کی کتابیں بھی قرآن مجید کی تعلیم عام کرنے کا سبب ہوا کرتی ہیں۔قرآن مجید کا ترجمہ اور تفسیر بھی قرآن فہمی کا انتہائی
اہم حصہ ہے۔
تلاوت قرآن کریم کی فضیلت بیان کرتے ہوئے نبیِ محترم حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ”جو شخص اللہ کی کتاب قرآن کریم سے ایک حرف بھی پڑھتا ہے تو اسے اس کے بدلے میں ایک نیکی کا ثواب ملتا ہے اور ایک نیکی دس نیکیوں کے برابر قرار پاتی ہے“۔موضوعاتِ قرآن پرمتعدد تصانیف مختلف انداز سے مرتب کی گئیں جو مروج اور مُتَدَاول ہیں چند تصانیف میں ڈاکٹر جنید احمد کی مرتب کردہ ’موضوعات قرآن‘، زاہد ملک کی تصنیف مضامینِ قرآن حکیم، موضوعات قرآن‘ ڈاکٹر اطہر محمد اشرف، منشور قرآن‘ عبد الحکیم مالک، خزائن الفرقان‘ سید محمد نعیم الدین مرادآبادی، امین احسن اصلاحی کی ’تدبرِ قرآن‘، زمحشری کی تفسیر ِ کبیر‘ فخرالدین الرازی
کی تفسیر کشاف، سید محمود آلوسی کی روح المعانی‘ حفیظ الرحمن سیوہاروی کی قصص القرآن اور دیگر شامل ہیں۔
میر حسین علی امام عرصہ دراز سے قلم اور قرطاس سے جڑے ہوئے ہیں۔متعدد چھوٹی بڑی کتابیں اور کتابچے مختلف موضوعات پر لکھ چکے ہیں۔ قرآن و احادیث کے حوالے سے وہ مستقل مزاجی سے کام کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد قرآن کریم فرقان حمید میں درج اللہ کا پیغام اردو زبان میں لوگوں تک پہچانا ہے۔ معلوماتِ قرآن کے حوالے سے ان کی تحقیق قابل تعریف ہے۔ میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ میر حسین علی امام ہمہ جہت صفات شخصیت ہیں۔ منکسر المجاز اور سادگی ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو ہے۔ نرم گو،دھیما لہجہ، سیاق و سباق کے ساتھ گفتگو کا اندازانہیں دیگر میں ممتاز کرتا ہے۔ بنیادی طور پر تحقیق و جستجو کے آدمی ہے۔ ان کی کئی تصانیف اور کتابچے میرے مطالعہ میں رہے ہیں۔ قرآن کریم پر کسی بھی زاوایے سے تصنیفی و تحقیقی کام انتہائی توجہ، احتیاط اور باریک بینی کامتقاضی ہوتا ہے۔ مصنف نے اپنی اس کاوش میں ان باتوں کا خاص خیال رکھاہے۔ معلوماتِ قرآن کے عنوان سے مصنف کی یہ تصنیف سوال و جواب کے معلوماتی پروگراموں میں شریک ہونے والے طلبہ و طالبات کے لیے قرآن کے موضوع پر معاون حوالہ ہے، عام قارئین جو قرآن کا مطالعہ اردو میں کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے بھی معلوماتی، مفید اور باعث رحمت و برکت ہوگی۔ اللہ پاک
اس نیک اور بابرکت کام کرنے پر مصنف کو اجر عظیم سے بَہرمَند فرمائے۔ آمین(25نومبر2023)

Prof. Dr Rais Ahmed Samdani
About the Author: Prof. Dr Rais Ahmed Samdani Read More Articles by Prof. Dr Rais Ahmed Samdani: 852 Articles with 1281219 views Ph D from Hamdard University on Hakim Muhammad Said . First PhD on Hakim Muhammad Said. topic of thesis was “Role of Hakim Mohammad Said Shaheed in t.. View More