چین میں انٹرنیٹ رسائی کی شرح میں مسلسل اضافہ

چائنا انٹرنیٹ نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر کی ایک تازہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2023 تک چین میں انٹرنیٹ کی رسائی 77.5 فیصد تک پہنچ گئی جو سال بہ سال 1.9 فیصد زیادہ ہے۔ادارے کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ کی ترقی سے متعلق جاری 53 ویں شماریاتی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023 تک ملک کے انٹرنیٹ صارفین کی مجموعی تعداد 1.092 ارب تھی جو دسمبر 2022 کے مقابلے میں 24.8 ملین زیادہ ہے۔ان میں 1.091 ارب صارفین موبائل فون کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرتے ہیں ، جو مجموعی تعداد کا 99.9 فیصد ہے۔ شہری علاقوں میں انٹرنیٹ کی رسائی کی شرح 83.3 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں یہ 66.5 فیصد تک پہنچ گئی، جو دسمبر 2022 کے مقابلے میں 4.6 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

رپورٹ میں 2023 میں نئی قسم کی صنعت کاری کو آگے بڑھانے اور معاشی بحالی کو آگے بڑھانے میں چین کی انٹرنیٹ کی ترقی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 5 جی ایپلی کیشنز کو قومی معیشت کے کل 97 بڑے شعبوں میں سے
میں ضم کیا گیا ہے ، اور صنعتی انٹرنیٹ تمام 41 بڑے زمروں کا احاطہ کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین نے مسلسل 11 ویں سال دنیا کی سب سے بڑی آن لائن ریٹیل مارکیٹ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی، جس کی آن لائن خوردہ فروخت2.13 ٹریلین امریکی ڈالر رہی، جو سال بہ سال 11 فیصد زیادہ ہے۔دسمبر 2023 تک ، چین کے آن لائن ٹریول بکنگ صارفین کی سالانہ ترقی کی شرح 20 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے ، اور کیمپنگ اکانومی، نائٹ اکانومی اور سٹی واک جیسے نئے کھپت کے منظرنامے معاشی ترقی کو چلانے والے نئے انجن کے طور پر ابھرے ہیں۔ چین میں دیہی انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں سالانہ 17.88 ملین کا اضافہ ہوا۔ انٹرنیٹ کے ذریعے لائے گئے نئے کاروباری فارمیٹس، ماڈلز اور منظرنامے دیہی معیشت کو مزید فروغ دینے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے میں ایک اہم کھلاڑی بن چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین کے ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں بہتری آ رہی رہی ، 5 جی اور گیگابٹ آپٹیکل نیٹ ورک کی نمائندگی کرنے والے "ڈبل گیگابٹ" نیٹ ورک نے تیزی سے تعمیر اور ترقی کے راستے پر قدم رکھا ہے۔ گیگا بٹ براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی کے صارفین کی تعداد 163 ملین تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اختتام کے مقابلے میں 10.1 فیصد اضافہ ہے۔مجموعی طور پر 3.377 ملین 5 جی بیس اسٹیشن تعمیر کیے گئے ہیں ، جو ملک بھر میں پریفیکچر سطح کے تمام شہروں اور کاؤنٹیوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ فائیو جی موبائل فون صارفین کی تعداد 80کروڑ 50لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ فروری کے آخر تک چین کے سب سے بڑے وائرلیس کیریئرز بشمول چائنا موبائل، چائنا ٹیلی کام، چائنا یونی کام اور چائنا براڈنیٹ کے کل 1.746 بلین موبائل فون صارفین ہیں، جن میں سے 851 ملین 5 جی استعمال کرتے ہیں۔چین کے موبائل انٹرنیٹ کی مجموعی ٹریفک گزشتہ 12 ماہ میں 48.76 بلین گیگا بائٹس تک پہنچ چکی ہے ، جو سال بہ سال 16.6 فیصد اضافہ ہے۔رواں سال کے پہلے دو ماہ میں مواصلات کی صنعت مستحکم رہی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے کاروبار کا مجموعی حجم ڈبل ڈیجٹ گروتھ برقرار رہا۔چین کے تین اہم ٹیلی کمیونیکیشن اداروں نے جنوری اور فروری میں تقریباً 40.5 بلین ڈالر کی مجموعی کاروباری آمدنی حاصل کی ، جو 4.3 فیصد کا اضافہ ہے۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور بگ ڈیٹا جیسے ابھرتے ہوئے کاروباری اداروں کی آمدنی 75.76 ارب یوآن تک پہنچ گئی جو کل آمدنی کا 25.9 فیصد ہے جو سال بہ سال 11.3 فیصد اضافہ ہے۔اسی طرح فائبر آپٹک کیبلز کی مجموعی لمبائی 64.32 ملین کلومیٹر ہو چکی ہے ، جس میں 2023 میں 4.738 ملین کلومیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔

آج ملک میں انٹرنیٹ ، عمر رسیدہ افراد اور معذور افراد کے لئے زیادہ قابل رسائی اور صارف دوست بن گیا ہے۔مجموعی طور پر 2577 ویب سائٹس اور اے پی پیز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جو عام طور پر عمر رسیدہ افراد اور معذور افراد کے ذریعے استعمال کی جاتی ہیں، اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ یہ زیادہ عمر دوست اور قابل رسائی ہوں۔ عمر رسیدہ افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے 140 ملین سے زیادہ اسمارٹ فونز اور اسمارٹ ٹیلی ویژنز کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔یوں ،چین میں انٹرنیٹ ملک کی معاشی سماجی ترقی کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت سامنے آنے والی نت نئی اختراعات چینی عوام کو مسلسل نئے ثمرات فراہم کر رہی ہیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 431294 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More