قبل از بعثت معجزات نبوت ﷺ کی ایک جھلک

خلاصة السیر کے مؤلف ؒنے رسول اﷲ ﷺ کے ان معجزات کا ذکر کیا ہے جو بعثت سے پہلے ذات مبارک سے ظہور پذیر ہوئے تھے ہم ان کا مختصر ذکر کرتے ہیں:رسول اﷲ ﷺ کی والدہ کا بیان ہے:
1....میں نے بحالت حمل خواب میں دیکھا کہ ایک نور میرے اندر سے نکلا جس کی وجہ سے شہر بصریٰ علاقہ شام کے محلات میری نظر کے سامنے چمک اٹھے، پھر پیداہوتے ہی آپ ﷺنے سر آ سمان کی طرف اٹھا۔
2....حافظ ابن حجرؒ نے لکھا ہے کہ جونہی رسول اﷲ ﷺ پیدا ہوئے آپﷺ کی والدہ نے ایک نور دیکھا جس سے ملک شام کے محل ان کی نظر کے سامنے چمک اٹھے، ابن حبان اور حکم نے اس کو صحیح کہا ہے۔
3....ابونعیم ؒنے دلائل میں لکھا ہے کہ رسول اﷲ ﷺ کی والدہ نے بیان کیا جب آپ ﷺپیدا ہوئے تو فرشتہ نے آپ ﷺکو تین بار پانی میں غوطہ دیا، پھر ایک ریشمی بٹوے کے اندر سے ایک مہر نکال کر آپ کے شانہ مبارک پر لگائی جس کی وجہ سے ایک سفید انڈے کی طرح کی چیز پیدا ہوگئی جو زہرہ کی طرح چمکنے لگی۔
4....بیہقیؒ، ابن ابی الدنیا ؒاور ابن السکنؒ کا بیان ہے کہ رسول اﷲ ﷺ کی پیدائش کی رات کو کسریٰ کے محل میں لرزہ آگیا، اس کے چودہ کنگرے گر پڑے اور کسریٰ خوف زدہ ہوگیا، اور فارس کی جو آگ ہزار برس سے نہیں بجھی تھی، وہ بجھ گئی اور ساوہ جھیل خشک ہوگئی۔
5....حضرت عائشہؓ کی روایت میں آیا ہے کہ ایک یہودی مکہ میں رہتا اور تجارت کرتا تھا، رسول اﷲ ﷺ کی پیدائش کی رات کو اس نے قریش سے کہا :اے گروہ قریش! آج رات اس امت کا نبی پیدا ہوگیا ِ،جس کے دونوں شانوں کے درمیان ایک نشان ہے اور نشان میں گھوڑے کے ریال کی طرح چند بالوں کی ایک قطار ہے، لوگ یہودی کو لے کر رسول اﷲ ﷺ کی والدہ کے پاس پہنچے اور نومولود بچے کی پشت کھول کر دیکھی ،یہودی کی نظر جب مسّہ پر پڑی فوراً بے ہوش ہوکر گرپڑا، لوگوں نے پوچھا ارے! ارے!تجھے کیا ہوگیا، یہودی کہنے لگا :واﷲ! بنی اسرائیل سے نبوت نکل گئی۔ َ 6....مواہب لدنیہ میں عمیصا راہب کا قصہ ذکر کیا گیا ہے، عمیصا مکہ والوں سے کہتا تھا: اے اہل مکہ عنقریب تم میں ایک پیغمبر پیدا ہونے والا ہے، سارا عرب جس کا تابع ہوجائے اور عجم پر بھی اس کا اقتدار ہوگا ،یہ زمانہ اس کی پیدائش کا ہے۔
7....حضرت عباسؓ بن عبدالمطلب کا بیان ہے، میں نے عرض کیا یارسول اﷲﷺ! آ پ کے دین میں میرے داخل ہونے کا ایک خاص باعث ہوا، آپ ﷺکے نبی ہونے کی نشانی میں نے اسی وقت دیکھ لی تھی جب آپﷺ جھولنے میں پڑے ہوئے چاند سے باتیں کررہے تھے اور انگلی سے اس کی طرف اشارہ کررہے تھے اور جب آپﷺ اس کی طرف اشارہ کرتے تھے وہ جھک جاتا تھا، رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا، میں اس سے باتیں کررہا تھا، وہ مجھ سے باتیں کررہا تھا، وہ مجھے رونے سے بہلاتا تھااور جب وہ عرش کے نیچے سربسجود ہوتا تھا تو میں اس کی آواز سنتا تھا۔
8....حضور ﷺ کی خصوصیات میں سے یہ بات بھی شمار کی گئی ہے، کہ آپ ﷺکے جھولنے کو فرشتے جھلاتے تھے، یہ بھی روایت میں آیا ہے کہ پیدا ہوتے ہی آپ نے کلام کیا تھا۔
9....ابویعلیٰؒ اور ابن حبان ؒنے حضرت عبداﷲ بن جعفرؓ کی روایت سے بیان کیا ہے کہ رسول اﷲ ﷺ کی دایہ حضرت حلیمہؓ نے کہا: جب میں نے آپﷺ کو اپنی گود میں لے لیا تو فوراً میری چھاتیاں بقدر ضرورت دودھ سے بھر آئیں، پہلے میرا بچہ یعنی ضمرہ بھوکا رہنے کی وجہ سے سوتا نہ تھا، اب دونوں نے سیر ہوکر پی لیا اور دونوں سو گئے، پہلے میری پستان میں اتنا دودھ ہی نہ تھا جو بچہ کے لیے کافی ہوتا، نہ ہماری اونٹنی کے پاس دودھ تھا جو بچہ کو پلایا جاسکتا اب جو میرا شوہر اونٹنی کے پاس گیا تو دیکھتا کیا ہے کہ اونٹنی کے تھن دودھ سے بھرے ہوئے ہیں، میرے شوہر نے اس کو دوہا اور میں نے خوب سیر ہوکر پیا اور شوہر نے بھی خوب پیا اور وہ رات بڑے چین سے گزری، محمد ﷺ کو لے کر جب میں واپس آ ئی اور گدھی پر سوار ہوئی تو خدا کی قسم! وہ تو اتنی تیز چلنے لگی کہ ساتھیوں کا کوئی گدھا اس کا مقابلہ نہ کرسکا، ساتھ والیاں کہنے لگیں ا:ری ابی ذویب کی بیٹی! ذرا ٹھہرو تو، کیا یہ تیری وہی گدھی ہے جس پر تو آئی تھی، میں نے کہا ہاں، یہ بات تھی کہ کمزوری اور لاغری کی وجہ سے میری گدھی ساتھ والے قافلہ کے لیے بار ہوگئی تھی ،باربار ان کو رکنا پڑتا تھا۔
10....حضرت ابن عباسؓ کا بیان ہے کہ حضرت حلیمہؓ نے کہا کہ رسول اﷲ ﷺ نے کہا اﷲ ﴾ اﷲاکبر کبیرا والحمدﷲ کثیرا وسبحان اﷲ بکرة واصیلا﴿ یہ آپ کا سب سے پہلا کلام تھا۔
11....حضرت ابن عباسؓ کا بیان ہے: حلیمہؓ آپﷺ کو دور نہیں جانے دیتی تھیں، تاکہ آپﷺ کی طرف سے ان کو بے خبری نہ رہے، ایک روز آپ اپنی رضاعی بہن شیماءکے ساتھ باہر چلے گئے اور جہاں جنگل میں اونٹ تھا وہاں جاپہنچے، حلیمہؓ تلاش میں نکلیں، آپﷺ اپنی بہن کے ساتھ کہیں مل گئے حلیمہ ؓنے کہا اس گرمی میں تم کہاں پھر رہے ہو، شیما نے کہا اماں !مجھے اپنے بھائی کے ساتھ تو گرمی محسوس ہی نہیں ہوئی، برابر ان کے اوپر ایک بدلی سایہ کیے رہی، جب یہ کہیں ٹھہرجاتے تھے ،بدلی بھی ان کے اوپر ٹھہر جاتی تھی ،یہ چل دیتے تھے تو بدلی بھی ان کے اوپر چل دیتی تھی۔
12....شمائل مجدیہ میں مذکور ہے کہ حلیمہؓ نے کہا: جس روز ہم نے آپ ﷺکو لیا کبھی ہم کو چراغ کی ضرورت نہیں رہی آپﷺ کے چہرہ کی روشنی تو چراغ سے زیادہ نورانی تھی، اگر ہم کو کسی جگہ چراغ کی ضرورت پڑتی تو ہم آپﷺ کو وہاں لے جاتے آپ کی برکت سے تمام مقامات روشن ہوجاتے۔
13....یہ بھی روایت میں آیا ہے کہ حلیمہ ؓجب آپﷺ کو لیکر کربتوں کی طرف گئیں تو ہبل اور دوسرے بت آپﷺ کی تعظیم میں اپنی اپنی جگہ سرنگوں ہوگئے اور سنگِ اسود کے پاس لے کر گئیں تو سنگ اسود خود اپنی جگہ سے نکل کر آپﷺ کے منہ کو چمٹ گیا۔
14....یہ بھی مروی ہے کہ حلیمہؓ آپﷺ کو دودھ پلانے لگیں تو پستانوں سے اتنا دودھ بہنے لگا جو دس بلکہ اس سے بھی زیادہ بچوں کے لیے کافی ہوتا۔
15....جب حلیمہؓ آپ کو لے کر کسی خشک وادی سے گزرتیں تو وہ فوراً سرسبز ہوجاتی۔
16....حضرت حلیمہؓ خود سنتی اور دیکھتی تھیں کہ پتھر اور درخت آپ کو سلام کرتے تھے اور درختوں کی شاخیں آپ کی طرف جھک جاتی تھیں۔
17....رسول اﷲ ﷺ اور آ پ کا رضاعی بھائی دونوں ساتھ ساتھ بکریاں چرایا کرتے تھے، رضاعی بھائی کا بیان ہے کہ میرا رضاعی بھائی جب کسی وادی پر جاکر کھڑا ہوتا تھا تو وہ فوراً سرسبز ہوجاتی تھی۔
18....اور بکریوں کو پانی پلانے کے لیے ہم کنویں پر آتے تھے تو کنویں کا پانی ابل کر کنویں کے منہ تک آجاتا تھا۔
19....جب آپﷺ دھوپ میں کھڑے ہوتے تھے تو بدلی آکر سایہ کرلیتی تھی اور جنگل کے جانور آپ کے پاس آکر آپ ﷺ کو چومتے تھے۔
20.... رسول اﷲ ﷺ کی دایہ حضرت حلیمہؓ نے کہا:ایک بار آپ ﷺہمارے اونٹوں کے مقام پر تھے اچانک آپﷺ کا رضاعی بھائی دوڑتا ہوا آیا او رکہنے لگا کہ دو سفید پوش آدمیوں نے میرے قریشی بھائی کو پکڑ کر زمین پر لٹا کر پیٹ پھاڑ دیا، حضرت حلیمہؓ کا بیان ہے ہم یہ بات سن کر فوراً ان کی طرف نکل کھڑے ہوئے، جاکر دیکھا تو آپﷺ منہ لپیٹے کھڑے ہوئے تھے، ہم نے آپ کو چمٹا لیا اور دریافت کیا کیا واقعہ ہوا، آپ ﷺ نے فرمایا :دو آدمی سفید پوش آئے اور انہوں نے مجھے لٹا کر میرا پیٹ پھاڑا پھر اس کے اندر کسی چیز کو ٹٹولا، مجھے معلوم نہیں کہ انہوں نے کیا چیز نکالی، حضرت شداد بن اوسؓ کی روایت سے ابویعلی، ابونعیم او رابن ابی عسما کرنے ان الفاظ کے ساتھ یہ حدیث نقل کی ہے کہ تین آدمیوں کا ایک گروہ آیا، ان کے پاس سونے کا طشت تھا جو برف سے بھرا ہوا تھا ان میں سے ایک نے مجھے زمین پر لٹایا (اور پیٹ پھاڑ کر) پیٹ کے اندر کی چیزیں نکالیں، پھر ان کو برف سے دھویا اور خوب دھویا پھر ان کو ان کی جگہ دوبارہ رکھ دیا، پھر دوسرا کھڑا ہوا اس نے میرا دل نکل کر پھاڑا (اور اس کو صاف کیا) یہ سب باتیں میں دیکھ رہا تھا، پھر ایک سیاہ بوٹی اس کے اندر سے نکال کر پھینک دی پھر دائیں بائیں طرف ہاتھ گھمانے لگا معلوم ہوتا تھا کوئی چیز تلاش کررہا ہے، پھر مجھے نظر آیا کہ اس کے ہاتھ میں ایک انگوٹھی ہے جو مجسم نور ہے اس کو دیکھنے سے نگاہ چکا چوند ہورہی تھی اس انگوٹھی سے اس نے میرے دل پر مہر لگادی، مہر لگاتے ہی میرا دل نور سے بھر گیا یہ نبوت ودانش کا نور تھا، پھر دل کو لوٹا کر اس کی جگہ پر رکھ دیا میں اس مہر کی خنکی اپنے دل میں مدت تک محسوس کرتا رہا، پھر تیسرے شخص نے اپنے ساتھی سے کہا تم ہٹ جاؤ (وہ ہٹ گیا) تیسرے شخص نے سینے کی وسطی لکیر (خط ابیض) کے آغاز سے زیرناف کے آخری حصہ تک ہاتھ پھیرا فوراً شگاف جڑ گیا۔
حضرت انس ؓ کا بیان ہے کہ میں حضور ﷺ کے سینہ پر سلائی کا نشان دیکھتا تھا۔
21....ابن عساکرؒ کی روایت میں ہے کہ ایک سال کال پڑا، ابوطالب حضور ﷺ کو ساتھ لے کر بارش کی دعا کرنے کعبے کے پاس پہنچے، کعبہ کی دیوار سے اپنی پشت لگائی اور حضور ﷺ کی انگلی پکڑی اس وقت آسمان پر بادل کا ٹکڑا بھی نہ تھا، فوراً ادھر ادھر سے بادل آگیا اور موسلا دھار خوب بارش ہوئی اتنی کہ ساری وادی بہہ نکلی، اسی واقعہ کی طرف ابوطالب نے ذیل کے شعر میں اشارہ کیا ہے۔
”ان کا رنگ گورا ہے انکے طفیل میں بارش کی دعا کی جاتی ہے وہ یتیموں کی پناہ گاہ اور رانڈوں کی عصمت بچانے والے ہیں۔“
22....خلاصة السیر میں ہے کہ رسول اﷲ ﷺ بارہ سال کی عمر میں ا پنے چچا ابوطالب کے ساتھ ملک شام کی طرف گئے، مقام بصریٰ میں پہنچے تو بحیراراہب نے آپﷺ کا حلیہ دیکھ کر پہچان لیا اور دست مبارک کو پکڑ کر کہا، یہ رب العالمین کے رسول ہیں، اﷲ ان کو انسانوں کے لیے رحمت بناکر مبعوث فرمائے گا۔ راہب سے دریافت کیا گیا تم کو اس کا علم کیسے ہوا، راہب نے ک ہا جب تم لوگ گھاٹی سے نکل کر آرہے تھے تو میں نے دیکھا کہ ہر درخت اور پتھر ان کی طرف جھک رہا تھا اور ایسا صرف نبی کے لیے ہی ہوتا ہے، ہم نے اپنی کتابوں میں ان کے ح الات پڑھے ہیں، پھر ابوطالب سے بحیرا نے کہا اگر تم ان کو لے کر شام کو گئے تو یہودی ان کا قتل کردیں گے، چنانچہ راہب کے مشورے سے ابوطالب نے رسول اﷲ ﷺ کو بصریٰ سے ہی واپس کردیا ۔
23....دوبارہ حضرت خدیجہؓ کے غلام کو ساتھ لے کر تجارت کی غرض سے آپ ﷺ ملک شام کو گئے اس وقت سن مبارک پچیس سال کا تھا اور حضرت خدیجہؓ سے نکاح نہیں ہو پایا تھا، شام میں پہنچ کر ایک راہب کے گرجے کے پاس اترے راہب نے اوپر سے میسرہ کی طرف جھانک کر دریافت کیا تمہارے ساتھ یہ کون شخص ہے، میسرہ نے کہا :باشندگان حرم میں سے ایک قریشی شخص ہے، راہب نے کہا اس درخت کے نیچے سوائے نبی کے کبھی کوئی اور نہیں اترا۔
24....بعض روایات میں آ یا ہے کہ راہب رسول اﷲ ﷺ کے پاس آیا اور کہا میں ایمان لے کر آیا اور میں شہادت دیتا ہوں کہ آپ وہی نبی ہیں جن کا ذکر اﷲ نے توریت میں کیا ہے، پھر مہر نبوت کو دیکھ کر چوما اور کہا کہ میں شہادت دیتا ہوں کہ آپ اﷲ کے رسول نبی امی ہاشمی عربی ہیں، آپ ہی صاحب حوض ہیں، آ پ کی شفاعت کرنے والے ہیں، آ پ ہی کے ہاتھ میں لواءالحمد ہوگا۔
25....بعض روایات میں آیا ہے کہ میسرہ نے بیان کیا دوپہر کا وقت ہوا اور گرمی سخت ہوگئی تو دو فرشتے اتر کر آ پ پر سایہ کرنے لگے تاکہ گرمی اور سورج کی تیزی سے آپ کو تکلیف نہ ہو آپ اس وقت اپنے اونٹ پر سفر کررہے تھے، حضرت خدیجہؓ نے میسرہ کا جب بیان سنا تو آپ کے دل میں ح ضور ﷺ سے نکاح کرنے کا شوق پیدا ہوگیا۔
سہیلیؒ نے راہب مذکور کے قول کا مطلب اس طرح بیان کیا، راہب کی مراد یہ تھی کہ اس وقت درخت کے نیچے پیغمبر ہی فروکش ہوا ہے، سہیلی ؒ کو تاویل کی ضرورت اس لیے پڑی کہ انبیاءکے دور کو گزرے ہوئے ایک طویل مدت (تقریباً پانچ سوسال) گزر چکے تھے اتنی طویل مدت کسی ایک درخت کا باقی رہنا بعید ازعقل تھا پھر درخت بھی سرراہ تھا، آ نے جانے والے ضرور اس کے نیچے آ رام لیتے رہے ہوں گے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ لب راہ درخت کے نیچے کوئی مسافر سوائے نبی کے کبھی نہ اترا ہو!!۔
M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 283818 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More