ثانیہ مرزا سے وینا ملک تک

یوں تو اسلام کے نام پر قائم مملکت پاکستان کی فلم انڈسٹری پست ذہنیت اور اخلاقی دیوالیہ پن کی آخر ی حدوں کو چھو رہی ہے اور اس غلاظت کے ڈھیر سے پوری فضاءمتعفن ہے تاہم اس میں بعض کردار ایسے ہیں جن کا نام سنتے ہی انسان شر م سے پانی پانی ہو جاتا ہے ۔ اداکارہ وینا ملک بھی انہی میں سے ایک ہے جس کی پوری کی پوری زندگی تنازعات کا شکار تو ہے ہی تاہم اس نے اپنے کردارِ بد سے پورے اسلامی معاشرے کو بھی جھنجھوڑ کے رکھ چھوڑا ہے ۔ اگر آج تک کسی نے صحیح طور پر سیکولرازم اور تاریک ذہن ”روشن خیالوں“ کا مشاہدہ نہیں کیا تواسے چاہیے کہ وہ وینا ملک کی” تنازعات“ اور” سکینڈلز“ سے بھرپور زندگی پر ایک نظر ڈال لے۔اس مادر پدر آزاد عورت نے پوری ملت اسلامیہ کے ماتھے پر بدنامی و بے حمیتی کا بد نما دھبہ لگا دیا ہے ،سوچتا ہوں کہ ہمارے حکمران و سیاستدان جو دن رات بے وقت کی راگنی چھیڑے رہتے ہیں اور ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنا ان کی سیاست اور” حکمت عملی “کا حصہ بن چکا ہے انہیں ایک لمحے کو بھی اس قدر فرصت نہیں کہ اس قدر ملک و ملت کا نام داغ دار کرنے والے کرداروں اور ان چٹکی بھر” لبر ل فاشسٹوں“ کا محاسبہ کرنا تو دور کی بات ، لگے ہاتھوں ان کے خلاف دوچار اخباری بیان ہی داغ کر اپنا فرض چکا دیا کریں۔ وینا ملک اور میرا ، ریما ٹائپ عورتوں کا ایک تو گناہ پر گناہ کر کے خدااور اس کے رسول ﷺکے نظام کا بر سر عام مذاق اڑانااور پھر اپنے ان گناہوں پر فخر کرکے اس دھرتی کے کروڑوں راسخ العقیدہ مسلمانوں کے اسلامی و ملی جذبات مجروح کرنا ۔۔۔۔۔؟ بھلا کوئی بابر اعوان جیسے ماہر قانون اور عبد الرحمٰن ملک سے پوچھے کہ کیا یہ سب مملکت کے ساتھ بغاوت کے زمرے میں نہیں آتا۔۔۔؟دل نہیں مانتا مگر پھر بھی افسوس کے ساتھ لکھنا پڑ رہا ہے کہ اگر قوم کی بیٹیاں سر عام یوں تماشا بنی پھرتی رہیں گی، تھرکتے جسموں کی نمائش کرتی رہیں گی تو اس دھرتی پر گوناگوں مسائل ،افتاد اور مصائب نہیں اتریں گے تو کیا ہوگا ؟یوں تو وینا ملک ایک عرصہ سے ملک و ملت اور اپنے آفاقی مذہب اسلام سے بغاوت کا علم بلند کیے ہوئے ہے تاہم حال ہی میں اس کا ایک اور سکینڈل دنیا کے سامنے آشکارا ہوا ہے اور دنیا بھرکے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر وینا ملک کی اس ’ ’دیدہ دلیری“ ، اخلاقی گراوٹ اور” حیا باختگی “پر تبصرے ہو رہے ہیں او رلوگ پوچھتے ہیں کہ کیا کوئی عورت سستی شہرت اور پیسے کے حصول کی خاطر اس درجہ بھی” کمینگی “اور” نیچ حرکات“ کی مرتکب ہو سکتی ہے ۔۔۔؟بھارت کے کثیر الاشاعت جریدے ایف ، ایچ ، ایم میگزین نے دسمبر کی اشاعت میں ٹائٹل پر وینا ملک کا نہایت Boldفوٹو شائع کیا ہے ؟ تصویر میں وینا لباس کے بغیر نظر آرہی ہے اور اس نے اپنے بازو پر Tattoo (جسم کو گود کر نشان بنانا) بنوا رکھا ہے جس پر آئی ایس آئی لکھا ہوا ہے ، گویا وہ اسلام کے ساتھ ساتھ ملک و ملت کی بھی سر عام توہین کی مرتکب ہو رہی ہے اور ہندو بنیے کی خوشنودی کی خاطر وطن عزیز کے تحفظ کے ضامن ادارے کا تمسخر اڑا رہی ہے ۔ ایف ، ایچ ،ا یم میگزین کو جس پاکستانی شہری نے بھی دیکھا اس کا دل پارہ پارہ ہوا اور اسے خون کے آنسو رونے پر مجبور کر دیا ۔ انسان سوچتا ہے کہ دنیا بھی ایک عجب تماشا ہے کہ رحمٰن کے ماننے والے تمام دکھ ، مصائب اور جبر مسلسل جھیل کر بھی اسلام کا پھریرا لہرائے ہوئے ہیں جب کہ انہی کے بھائی اور گلمہ گو مگر صراط مستقیم سے بھٹکے ہوئے افراد بھی کمال ڈھٹائی سے اپنی ناپاک سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ، نہ جانے کیوں جب سے میں نے یہ تصویردیکھی ہے مجھے بار بار مسلم قوم کی غیور بیٹی عافیہ صدیقی کی یاد ستارہی ہے ۔ سوچتا ہوں کہ وہ بھی تو اسی قوم کی بیٹی ہے اور اس کا خمیر بھی اسی مٹی سے اٹھایا گیا ہے مگر اسے فقط اسی لیے کارذیل جیل میں پابند سلاسل کر کے جبر کی بھٹیوں سے گزارا جا رہا ہے کہ وہ اسلام کی ایک سچی شیدائی ہے اور اس نے بہر صورت دین محمدیﷺ کی اشاعت و ترویج کی ٹھانی ہے ، ایک وہ مسلم عورت ہے اور ایک یہ ۔۔۔۔۔ ؟ان دونوں مسلم بیٹیوں کا کردار کس قدر مختلف ہے؟ یہ سوچ کر یقین جانیے کہ کانپ سا جاتا ہوں ۔ میگزین میں ویناکی اسی قسم کی اور تصویریں بھی ہیں جنہیں انسان دیکھتا جاتا ہے اور شرماتا جاتا ہے ۔ میگزین ایڈیٹر کبیر شرما نے میڈیا کو بتایا کہ یہ تصویریں وینا نے اپنی پسند سے ممبئی میں شوٹ کروائی ہیں۔ وینا ملک کے اس تازہ سکینڈل نے جہاں نام نہاد روشن خیال اور سیکولر ازم کے ماننے والوں کو مسرت و شادمانی کی نوید دی ہے وہیں پوری مسلم امت کے دلوں کو بھی سی پارہ کر ڈالا ہے ، وینا کے والد اسلم ملک جو ریٹائرڈ آرمی آفیسر ہیں کا کہنا ہے کہ میں پوری قوم کے سامنے شرمندہ ہوں کہ کا ش یہ میری بیٹی نہ ہوتی ، انہوں نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وینا اگر میری مجرم ہوتی تو شاید میں اسے معاف کر دیتا مگر وہ اللہ ،اس کے رسول ﷺ اور اس قوم کی بھی مجرم ہے جس کی بناءپر اس کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اخبارات کا یہ بھی کہنا ہے کہ وینا ملک کی یہ حرکات دراصل بھارت میں مستقل طور پر سکونت اختیار کرنے کے لیے مہم کا حصہ ہیں کیونکہ وینا متعدد بار میڈیا کو بتا چکی ہے کہ پاکستان کے اسلامک شدت پسند وں سے اسے خطرہ ہے اور وہ خود کو بھارت میں زیادہ محفوظ تصور کرتی ہیں اور دوسرا وہ بر ملا طور کہہ چکی ہے کہ اسے انہی” نیچ حرکات“ میں اپنا مستقبل روشن ہوتا دکھائی دے رہا ہے ، ایک موقع پر وینا نے یہ بھی کہا تھا کہ میں صر ف بھارت میں آکر ہی ایسی حرکات نہیں کرتی میں پہلے بھی یہ سب کرتی رہی ہوں ۔ ایف ، ایچ ،ایم سکینڈل کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں اور بالخصوص پاکستانی قوم نے سخت الفاظ میں وینا کے اس فعل کی مذمت کی ہے لیکن وینا کی کمال ڈھٹائی ، ژولیدہ فکری اور بے حیائی دیکھیے کہ اس نے حسب عادت اسی طرح کی خوب ہفوات بکیں جس کے مظاہر یہ قوم لاتعداد مرتبہ دیکھ چکی ہے، وینا نے کہا میں نے ایسا کیابرا کیا ہے جس پر اس قدر شور مچا یا جا رہا ہے ۔ وینا ملک اور اسی قبیل کی دوسری عورتیں اپنی ”حیاءسوز“ حرکتوں سے معاشرے کو پراگندہ کر رہی ہیں مگر صد حیف ہے کہ آج تک سرکار کے کسی ادارے کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ ایسے لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے اور انہیں اخلاقی حدود و قیود کا پابند کیا جائے ۔ بھارت کی مسلمان ٹینس سٹار ثانیہ مرز کے متعلق برطانوی اخبار” گارڈین“ نے لکھا تھا کہ بلاشبہ ثانیہ مرزا ومبلڈن کے کھیل کے میدان میں شکست کھاگئی ہے مگر ساﺅ تھ ایشیا ءکے تہذیبی میدان میں اس نے بہر حال اپنی فتوحات کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں ، اس نے اپنے سماج کی پرانی فرسودہ روایات کو ختم کر کے نئی نسل کے لیے آگے بڑھنے کی راہیں ہموار کر دی ہیں ، گارڈین کا یہ تبصرہ بہت پرانا ہو چکاہے ،اب کہ ایسا محسو س ہو رہاہے کہ ثانیہ کی جگہ پاکستان کی وینا ملک اور میرا ، ریماءٹائپ عورتیں لینے جار ہی ہیں ، اللہ کرے یہ تلخ حقیقت جھوٹ میں بدل جائے اور اللہ عز ہ وجل اس معاشرے کے مظلوم مسلمانوں کی حالت زار پر رحم فرمائے ۔آمین
Abdul Sattar Awan
About the Author: Abdul Sattar Awan Read More Articles by Abdul Sattar Awan: 37 Articles with 33560 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.