احوال۔۔ عکس کی ایک تقریب کا

مصروفیت کی وجہ سے کافی دنوں کے بعد لکھنے بیٹھا ہوں مصروفیت کے دنوں میں گاہے بگاہے قارئین کی ای۔میلز بھی موصول ہوتی رہیں ،میں سب سے پہلے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہر وقت اپنی دعاﺅں میں راقم کوبھی یاد کرتے ہیں ویسے بھی قاری اور لکھاری کا ایک مضبوط رشتہ ہوتا ہے ۔

ڈئیر قارئین،جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ راقم عکس ویلفیئر ٹرسٹ کا چیئرمین بھی ہے جس کے زیر اہتمام سوشل ورک کے ساتھ ساتھ مختلف علمی و ادبی پروگرام بھی منعقد کروائے جاتے ہیں اس بار بھی عکس ویلفیئر ٹرسٹ اور احساس ویلفئیر فاﺅنڈیشن نے مشترکہ طور پر ایک تقاریری مقابلے کا اہتمام کیا جو کہ ضلع میانوالی میں منعقد ہوا جس میں میانوالی سے تعلق رکھنے والے دس سکولوں نے حصہ لیا اس تقریب میں بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات بھی تقسیم کئے گئے اس تقریب کا مقصد بچوں میں تعلیم کی آگہی اور طلباءکی حوصلہ افزائی تھا اس طرح کی تقریبات پہلے بھی عکس ویلفیئر کے زیر اہتمام منعقد ہوتی رہی ہیں لیکن اس تقریب کی خاصیت یہ تھی کہ یہ میانوالی شہر میں ہوئی جس میں میانوالی شہر کے علاوہ دیہی علاقوں سے بچوں نے بھی حصہ لیا جبکہ اس سے پہلے عکس ویلفیئر کے زیر اہتمام ہونے والی تقریبات زیادہ تر پسماندہ علاقوں میں ہی ہوتی ہیں اس بار بچوں کو جس پر بات کرنے کا موضوع دیا گیا وہ تھا ”معاشرے کی فلاح میں تعلیم کا کردار“۔جس میں بچوں نے بڑے خوبصورت انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا، بلاشبہ معاشرے کی فلاح میں تعلیم کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے علم کے بغیر انسان ایک بے جان لاشے کی طرح ہے اس لئے تو حدیث نبویﷺ کے مفہوم کے مطابق ”ہر مسلمان مرد و عورت پر تعلیم کو فرض قرار دیا گیا ہے“جب پیارے نبیﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تو اس میں بھی کہا گیا کہ ”پڑھو“،اس لئے ماں کی گود سے لے کر قبر تک علم حاصل کرنے کا کہا گیا ہے اور ایک جگہ ارشاد نبویﷺ ہے جس کا مفہوم ہے کہ ”علم حاصل کرو چاہے اس کے لئے تمہیں چین جانا پڑے“۔

راقم کو جب پاکستان کے مستقبل کے معماروں سے اظہار خیال کا موقع ملا تو یہی کہا کسی بھی ملک میں نوجوان نسل ایک ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہے اور اس ملک کے مستقبل کا انحصار نوجوان نسل پر ہوتا ہے آپ نوجوان اس ملک کا قیمتی سرمایہ ہو ،تم نے ہی اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنا ہے اس لئے اس قوم کو نوجوانوں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں جن کا ذکر فیض احمد فیض نے کچھ اس طرح کیا تھا۔
ہم دیکھیں گے ،
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے
وہ دن کہ جس کا وعدہ ہے
جو لوح ازل پہ لکھا ہے
ہم دیکھیں گے
جب ظلم و ستم کے کوہ گراں
روئی کی طرح اڑ جائیں گے
لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے

عکس ویلفیئر ٹرسٹ کے بارے میں نوجوانوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ عکس صرف اس طرح کی تقریبات کا اہتمام نہیں کرتی بلکہ جب بھی اور جہاں بھی امدادی کاموں کی ضرورت ہوتی ہے عکس کے رضا کار وہاں پہنچ کر دکھی انسانیت کی خدمت فرض سمجھ کر ادا کرتے ہیں اور یہاں پر اک اور بات کا اضافہ بھی کرتا چلوں کہ اگر تم سکون چاہتے ہو تو اللہ کا ذکر کرو ،اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شیوہ بنا لو،تمہیں دل کا سکوں بھی ملے گا ایک عجیب سی سرشاری اور راحت بھی ملے گی اور جہاں تک عکس کی فنڈنگ کی بات ہے تو یہ سب دوست آپس میں مل کر کرتے ہیں لیکن حکومت کو ایسی این۔جی۔اوز کا خیال رکھنا چاہئے جو بغیر کسی لالچ کے بے لوث کام کر رہی ہیں اور ملک و ملت کا نام روش کر رہی ہیں ویسے بھی
ہے یہی عبادت،یہی ہے دین و ایماں
کہ کام آئے دنیا میں انساں کے انساں
اللہ ہم سب کا حامی ناصر ہو۔۔آمین
AbdulMajid Malik
About the Author: AbdulMajid Malik Read More Articles by AbdulMajid Malik: 171 Articles with 189162 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.