بارسلونا کی تاریخی محفلِ نعت

و رفعنا لک ذکرک - اور ہم نے آپ صلی الله علیہ وسلم کا ذکر آپ کیلیے بلند کر دیا - القرآن

قرآنِ کریم کی اس آیتِ مقدسہ کی تجلیات کا مظہر بارسیلونا - اسپین میں ہونے والی پہلی سالانہ فقید المثال اور عظیم الشان محفلِ نعت بنی جو مانچسٹر وکٹوریہ پارک مسجد میں منعقد ہونے والی سالانہ محفلِ نعت کے بعد یورپ اور برطانیہ کی سب سے بڑی محفلِ نعت ثابت ہوئی - اس محفلِ نعت کا اہتمام بارسیلونا میں مقیم ایک نوجوان عاشقِ رسول جناب یاسر علی اور ان کے احباب نے کیا ۔ اس محفلِ نعت میں انٹرنیشنل نعت ایسوسی ایشن اور سنی رضوی سوسائیٹی کی دعوت پر ملکِ پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مقتدر اور محترم ثناخوانوں نے اپنی خوبصورت آوازوں اور منفرد انداز میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے اسپین میں مقیم عشاقانِ مصطفےٰ صلی الله علیہ وسلم کے سینوں کو عشقِ سرورِ انبیا سے منور اور روشن کیا -

ان ثنا خوانوں میں شامل تھے ساہیوال سے تشریف لائے ہوئے جناب قاری شاہد محمود، کراچی سے تشریف لائے ہوئے جناب الحاج محمد یوسف میمن ، پاکپتن شریف سے تشریف لائے ہوئے جناب شہباز قمر فریدی اور اس محفل کی نقابت کے فرائض نقیبِ پاکستان جناب صاحبزادہ تسلیم احمد صابری نے سر انجام دیے -

محفلِِ نعت میں حاضرین کی خدمت میں عمرہ کے ٦ ٹکٹ بھی پیش کیے گئے - دنیا بھر سے عالمِ اسلام اور عشاقانِ رسول صلی الله علیہ وسلم نے سر زمینِ اندلس پر ہونے والی اس محفلِ نعت کے انعقاد پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے اس کے بہترین انتظامات کی تعریف بھی کی اور منتظمین جناب یاسر علی اور احباب کے لیے دعاؤں کے گلدستے بھی پیش کیے - الله کریم ان سب کی کاوشوں کو اپنے اور اپنے حبیبِ کریم کی بارگاہ میں قبول و منظور فرمائیں - آمین
رہے گا یونہی ان کا چرچہ رہے گا
پڑے خاک ہو جائیں جل جانے والے
آوازِ شائِق

Muhammad Jawad Shayeq
About the Author: Muhammad Jawad Shayeq Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.