حامد انصاری اور دکھی ماں کی فریاد

کیاآپ میری مددکرسکتے ہیں؟یہ ایک ایساسوال تھاجوکہ ایک انجانی ای میل idکے ذریعے مجھ سے کیاگیامجھے پہلے بھی ایسی بے شمارای میلزموصول ہوتی رہتی تھیں جوکہ زیادہ تربیرونِ ملک سے کی جاتی تھیں اوران ای میل میسجزکے ذریعے مختلف کہانیاں بیان کی جاتی تھیں تاکہ دھوکادہی سے پیسے بٹورے جاسکیں اسلئے میں نے اس ای میل میسج کوصرف سرسری سادیکھااورکوئی مناسب جواب نہ دیا۔لیکن کچھ دنوں بعددوبارہ اسی ای میلidسے ایک میسج موصول ہوا۔جس میں انہوں نے اپنامکمل تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ وہ واقعہ بھی بتایاجس کی وجہ سے اُن کی پوری فیملی انتہائی پریشانی میں تھی۔

یہ فوزیہ انصاری تھیں۔جوانڈیاکے ایک جونیئرکالج میں لیکچرارہیں۔جن کابیٹاحامدانصاری گم ہوچکاہے اوریہ پاکستانی میڈیا،خفیہ ایجنسیوں،پولیس ،عدلیہ اوراخبارات کاسہارالیناچاہتی تھیں تاکہ ان کابیٹاجلدازجلدبازیاب کروایاجاسکے۔اب سوال یہ پیداہوتاتھاکہ وہ انڈیاکی رہائشی ہونے کی باوجود پاکستانی اداروں سے کیونکرمدد حاصل کرناچاہتی ہیں جس کیلئے پوراواقعہ جاننالازمی تھااوراب میں یہ واقعہ یہاں فوزیہ انصاری کی زبانی لکھنے جارہاہوں۔

میرانام فوزیہ انصاری ہے اور میراایڈریس یہ O/13,MNO Apts,Yari Road,Versova,Mumbai.400061. ہے۔حامدانصاری میرابیٹاہے جس کی عمر28سال اور ایجوکیشن ایم بی اے ہے جبکہ وہ انڈیامیں آئی ٹی انجینئرہونے کے ساتھ ساتھ بہت ذہین،ذمہ دار،قابل اورلوگوں کی مددمیں پیش پیش رہنے والالڑکاتھا۔2012ء میں اسے روٹریکٹ کلب کاصدرمنتخب کیاگیاجس کلب کامقصدعلم،پیاراوربھائی چارگی کوفروغ دیناہے۔حامداکثر پاکستان اورافغانستان کے روٹری ممبران کے ساتھ اپنے تعلیمی منصوبے شیئرکرتارہتاتھااوران دونوں ممالک میں پروفیشنل کورسزکے لئے تعلیمی ادارے قائم کرناچاہتاتھاجبکہ وہ ایوی ایشن دیپارٹمنٹ میں مناسب ملازمت بھی تلاش کررہاتھاجس کیلئے اس نے افغانستان کے شہرکابل میں بھی اپلائی کیاہواتھااورپھرانٹرویوکی کال آنے پروہ4-11-2012کو وزٹ ویزہ کے ذریعے انڈیاسے بذیعہ ہوائی جہازکابل روانہ ہوا۔جہاں وہ اس موبائل نمبر+93707295124سے ہمارے ساتھ رابطے میں رہاجبکہ اس نے متوقع طورپر15-11-2012کوانڈیاواپس آناتھا۔مگروہ واپس نہ آیاجبکہ اسکاموبائل نمبربھی آف جانے لگا۔

ہماری پوری فیملی بہت پریشان تھی کہ اچانک گھریلوکمپیوٹرآن کرنے پرہمیں پتہ چلاکہ حامداپنی ای میل idاورفیس بک اکاؤنٹ کولاگ آؤٹ کرنابھول گیاتھاجہاں سے ہمیں باآسانی معلوم ہوگیاکہ بے شمارپاکستانی لڑکے اورلڑکیاں اس کے دوست ہیں اورنادیہ نامی ایک پاکستانی لڑکی نے انٹرنیٹ پرمیسجزکے ذریعے حامدکوبتایاکہ وہ ایک قبائلی لڑکی ہے اورجرگے کے فیصلہ کے مطابق اس کو"ونیـ"کیاجارہاہے اوریہ فیصلہ کسی دوسرے کہ جرم کی پاداش میں ہرجانے کہ طورپرکیاجارہاہے اوروہ اس سلسلے میں حامدسے مددحاصل کرناچاہتی تھی۔حامدنے انسانیت سے ہمدردی کے ناطے نادیہ کی مددکرنے کی ٹھان لی ۔اوراس کام کیلئے حامدنے اپنے دوسرے انٹرنیٹ پرپاکستانی دوستوں عطاء الرحمٰن،صباخان،عبداﷲ زید،خمیراخنیف اورڈاکٹرشازیہ خان سے بات کی جنھوں نے اسے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔اسلئے حامدافغانستان کے شہرجلال آبادکے ذریعے بارڈرکراس کرتے ہوئے پاکستان کے شہرپشاورپہنچ گیاجوکہ اس کی سب سے بڑی غلطی تھی۔یہ بات ہمیں بعدمیں عطاء الرحمٰن سے معلوم ہوئی کہ حامد12-11-2012کواس کے پاس پہنچ گیاتھا۔جبکہ حامدکی ای میل idسے ہمیں یہ بھی معلوم ہواکہ جب وہ عطاء الرحمٰن کے پاس موجودتھاتواس نے صبانامی ایک لڑکی کویہ ای میل کی کہ ''میں عطاء بھائی کہ ساتھ ہوں''۔صبانامی لڑکی کی ای میل idیہ [email protected]ہے۔اوراس ای میل کی ipکوسائبرسیل آف پولیس بی ۔کے ۔سی ممبئی نے چیک کرکے تصدیق کیاہے کہ واقعی یہ پاکستان سے بھیجی گئی ہے۔اس کے علاوہ عوامی دستک اخبارکے چیف ایڈیٹرسعداﷲ خان خٹک اور کسی دوسرے ادارے کی نیوزرپورٹرزینت شہزادی کوبھی حامدنے اپنی اسی ای میل idکے ذریعے پاکستان سے ای میل بھیجی۔

عطاء الرحمٰن نے انڈین ایمبیسی کے آفیشل نمائندے،زینت شہزادی نیوزرپورٹراوراپنے ایک فیملی دوست جوکہ دوبئی میں رہائش پذیرہے کے سامنے یہ اعتراف کیاہے کہ حامدبارڈرکراس کرنے کے بعداس کے پاس آیااوردوسے تین دن اس کی رہائش گاہ پراسکے ساتھ ہی رہا۔پھراس نے حامدکوایک موبائل سم جس کانمبر00923044061748ہے لیکردی اوراپنے ایک دوست عبداﷲ خٹک کوکسی ہوٹل میں کمرے کابندوبست کرنے کا کہاجس نے پرانے لاڑی اڈاکوہاٹ پرموجودایک چھوٹے سے ہوٹل جس کانام پلواشہ ہوٹل ہے میں حامدکیلئے رہائش کابندوبست کیا۔عبداﷲ خٹک اورحامدانصاری نے پلواشہ ہوٹل میں اکٹھے چائے بھی پی لیکن اس کے بعدحامدکی حرکات وسکنات کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکاکہ وہ کہاں گیا۔

میں اپنے بیٹے کی تلاش کیلئے پاکستان جاناچاہتی تھی لیکن پاکستانی ایمبیسی نے مجھے ویزہ نہیں دیااس کے علاوہ میں نے وزیراعظم نوازشریف،چیف جسٹس آف پاکستان،انسانی حقوق کے نمائندہ انصاربرنی اورعاصمہ جہانگیرکوبھی خط لکھالیکن میرابیٹابازیاب نہ کروایاجاسکا۔اس کے علاوہ انڈیامیں شیری سلمان خورشیدسابقہ افیئرمنسٹر،شیری شوشل کمارشندی ہوم منسٹر،وزیراعلی مہاراشٹرشری پرتھوی راج چون،دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن،کمشنرآف پولیس ممبئی،کونسل جنرل آف افغانستان،نیشنل ہومن رائٹس کمیشن نیودہلی،سابقہ پرائم منسٹرآف انڈیاڈاکٹرمن موہن سنگھ،موجودہ انڈین پرائم منسٹرنریندرمودی،انٹرینشنل ریڈکراس سوسائٹی،سی۔بی۔آئی انٹرپول نیودہلی،پاکستان اورافغانستان میں موجودروٹری کلب کے ممبران،ممبرآف پارلیمنٹ شری گوروداس اورپریادت ممبئی کے ساتھ ملاقات ،خطوط اورای میلزکے ذریعے رابطہ کیامگرکوئی بھی پرسانِ حال نہ ملا۔

حامدسے ہمارے خاندان کی خوشیاں جڑی ہوئی ہیں۔حامدپوری فیملی کو سپورٹ کرتاتھااوراس کی گمشدگی سے ہماری فیملی کی حالت قابلِ رحم ہوچکی ہے۔ہم سے جہاں تک ہوسکاحامدکی تلاش میں کوئی کسرباقی نہ چھوڑی لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا۔میں اپنے دردکولفظوں میں بیان نہیں کرسکتی۔میرادل خون کے آنسوروتاہے اوراس غم نے میری زندگی کوموت کے قریب کردیاہے پوری فیملی حامدکے غم میں نڈھال ہے اورہمیں نہیں پتہ کہ ہمارابیٹازندہ ہے یامردہ ڈیڑھ سال سے زائد کاعرصہ گزرچکاہے لیکن مجھے میرے بیٹے کی کوئی خبرنہیں مل سکی۔حامدکوانسانیت سے محبت کی سزامل رہی ہے وہ افغانستان سے غیرقانونی طریقے سے پاکستان میں اس لئے داخل ہواتاکہ مظلوم لڑکی کی مددکرسکے ۔مگرمیرے خیال میں اب ہم اوربذات خودحامدبھی اس جرم کی بہت سخت سزاکاٹ چکاہے ۔میں دل کی گہرائیوں سے پاکستان ،افغانستان اورانڈیاکے ہراس ادارے سے مددکی اپیل کرتی ہوں جومیرے بیٹے کوباریاب کرواسکتے ہیں تاکہ میرابیٹادوبارہ اپنی فیملی کے ساتھ خوشحال زندگی گزارسکے۔

یہ تھی فوزیہ انصاری کی کہانی جوکہ انہوں نے مجھے بھیجی اورجسے میں نے بغیرکسی معاوضے ولالچ کہ صرف انسانیت سے ہمدردی کے ناطے بہت محنت سے مناسب الفاظ میں ڈھال کر اپنے کالم میں جگہ دی کیونکہ یہ ہرانسان پرلازم ہے کہ وہ دوسرے مشکل میں موجود انسا ن کی جہاں تک ہو سکے مدد کرے۔میں نے تواپناحق اداکرکے پوری دنیامیں اس دکھی ماں کی فریادکوپہنچادیالیکن یہ واقعہ پاکستان انڈیااورافغانستان میں موجودعدلیہ،خفیہ اداروں،پولیس اورانسانی حقوق کیلئے لڑنے والی سوسائٹیزکی ناکامی کامنہ بولتاثبوت ہے جوڈیڑھ سال کے طویل عرصے میں بھی حامدانصاری کی بازیابی کیلئے کچھ نہ کرسکے ۔جوایک ماں کواس کے بیٹے سے نہ ملاسکے۔غیرقانونی طریقوں سے بارڈرکراس کرنے کی بیشمارمثالیں سعودی عرب،افغانستان،دوبئی،یونان اوراٹلی کے بارڈرزپرملتی ہیں اورجب ان ممالک کی حکومتوں کی پکڑمیں کوئی ایساغیرقانونی فردآجاتاہے جوان کے ملک کی حدود کوغلط اندازسے عبورکرکے آیا ہوتووہ اس کوملک بدرکرکے اس پر5یا10سال کے عرصہ کیلئے ملک میں داخلے پر پابندی لگادیتی ہیں۔حامدنے بھی جرم کیااس کی سزادیناحکومت کافرض ہے لیکن کم ازکم اس کے والدین کویہ خبرتوہونی چاہئیے کہ ان کابیٹاحکومت کی قیدمیں ہے یااغواکاروں کے شکنجے میں زندگی گزارنے پرمجبورہے۔وہ روئے زمین کے کسی حصہ پرزندگی کی سانسیں لے رہاہے یا ہمیشہ ہمیشہ کی ابدی نیندسلادیاگیاہے۔
Jamshaid Malik
About the Author: Jamshaid Malik Read More Articles by Jamshaid Malik: 43 Articles with 99564 views You Can Get More Info About Malik Jamshaid Azam With Face Book Page Link.

https://www.facebook.com/MalikJamshaidazamofficial
.. View More