برائیڈل شاور

کچھ عرصہ قبل ایک برائیڈل شاور میں جانا ہوا۔ پہلے تو یہ بتادوں کے برائیڈل شاور ہے کیا بلا۔۔۔ امریکی تہذیب کے مطابق دلہن شادی سے پہلے اپنے دوستوں اور دیگر جاننے والی خواتین اور مردوں کو دعوت پہ مدعو کرتی ہے۔ جہاں عموما لوگ متوقع دلہن کو اسکی شادی کے تحائف دیتے ہیں۔ کچھ کھیل بھی کھیلا جاتا ہیں مثلا: کسوٹی، ایک لفظ جو نہیں بولنا (جیسے دلہن), اور دلہن کی زندگی کے حوالے سے سوال و جواب وغیرہ۔ کھانے سے فراغت کے بعد موسیقی و رقص کا دور چلتا ہے (جو آخر میں صرف رقص تک محدود ہو جاتا ہے )۔ کچھ امریکی مسلمان برائیڈل شاور پر صرف خواتین, لڑکیوں اور بچیوں کو دعوت دیتے ہیں جہاں مردوں کا داخلہ ممنوع ہوتا ہے۔ ہم کو بھی ایسے ہی ایک برائیڈل شاور کی دعوت ملی تھی۔ کیونکہ دعوت صرف خواتین کی تھی تو میں نے بھی جانا مناسب سمجھا۔ مگر وہاں پہنچ کے سوائے شدید افسوس اور سر درد کے کچھ نہ ملا۔ مرد تھے نہیں تو ہر دوسری عورت آدھی سے زیادہ برہنہ تھی۔ اور اس برہنگی کے ساتھ واہیات موسیقی پر رقص گرداں بھی تھیں۔ جو لوگ اس کار خیر میں حصہ نہیں لے رہے تھے ان کو بھی ڈانس کے لیے گھسیٹ رہیں تھیں۔ ایک ماں اپنی آٹھ سالہ بیٹی کے آگے نیم برہنہ نا صرف خود محو رقص تھی بلکہ بیٹی کو بھی ڈانس سکھانے میں مصروف عمل تھی۔ یہ سب دیکھ کر ایک عجیب سی بے چینی ہونے لگی ....کچھ دیر مضطرب رہی پھر رخصت لے کر گھر کے لیے روانہ ہوگئی ۔ مگر راستہ میں یہی سوچتی رہی کے برائیڈل شاور کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں مگر مسلمانوں کا تو ہے۔ ٹھیک ہے وہ دعوت عورتوں کی تھی مگر ایسا بھی کیا بندہ امریکن بننے کے چکر میں شرم و حیاء سے تہی دامن ہوجائے ۔ آج جو بچیاں اپنی ماؤں کو اس طرح کے عریاں لباس میں ناچتے دیکھیں گی کل کو یہی سڑکوں پہ برہنہ نکلیں گی۔ کیونکہ ان کو بتایا ہی نہیں جاتا کے حیا عورت کی چادر ہے اور یہ چادر اس کی کل متاع ہے۔ اسلام نے عورت کو ایک مقام دیا ہے, عورت کو عورت سے بھی ستر پوشی کا حکم ہے۔ درحقیقت عورت صرف ایک جسم نہیں بلکہ ایک وقار، عزت و احترام کا نام ہے۔ سچ کہوں تو برائیڈل شاور جو میں نے دیکھا وہ عورت و اسلام کی تذلیل کی سوا کچھ نہ تھا۔ ..................
Gul Lala
About the Author: Gul Lala Read More Articles by Gul Lala: 5 Articles with 10666 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.