نیا امتحان

آج کامضمون خاص طورپر دینی مدارس کی طالبات کے لیے ہے، جن کاتعلیمی سال ابھی ختم ہواہے۔ طالباتِ اسلام! اﷲ تبارک وتعالیٰ آپ کو امتحانات میں سرخرو کرے اور آپ کو اعلیٰ درجے کی کامیابی عطا فرمائے۔ دستور یہ ہے کہ سالانہ امتحانات کے بعد آپ کی تعطیلات ہوا کرتی ہیں تاکہ آپ سال بھر کی محنت کے بعد کچھ دم لے لیں، طویل سفر کے بعد ذرا سستا لیں، کچھ وقت راحت وآرام کے ساتھ گزار سکیں، مگرسچ یہ ہے کہ آپ کی کوئی تعطیل نہیں۔ آپ کے پاس آرام کا وقت نہیں،آپ کا کام پہلے سے بڑھ گیا ہے۔ان امتحانات سے زیادہ سخت امتحان آپ کے سامنے ہے۔ آپ کے ایمان کا امتحان، آپ کے عزائم کی پختگی اور حوصلوں کی بلندی کا امتحان، جان ومال کی قربانی کا امتحان، آپ کی غیر ت وحمیت کا امتحان، اسلام کے لیے جینے مرنے کا امتحان۔یہ زندگی بذات خود ایک امتحان ہے،اس لیے آرام کاکیاسوال ۔ہر لمحے میں اﷲ کاحکم کیاہے؟اس حکم کوجانناپھر اس کوپوراکرنے کی فکر کرنایہ ایک امتحان ہی توہے۔ہر مسلمان مردوعورت اس امتحان کاپرچہ ہروقت حل کرنے کاپابند ہے مگر ایک طالبہ اورایک عالمہ ہونے کی حیثیت سے آپ کی ذمہ داری یقینادوسروں سے کہیں بڑھ کرہے۔آپ کاعمل دوسروں کے لیے دلیل بن جاتاہے۔آپ کے قول وفعل سے دوسرے ہدایت لے لیں گے یاگمراہی۔آپ ان کے لیے رہنما بنیں گی یاگمراہ کنندہ۔اس کافیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔

اس وقت پوری دنیامیں اسلام اور کفر کے درمیان فنا بقا کا معرکہ جاری ہے۔ مادیت اورایمان کامعرکہ کا رزار گرم ہے۔ اسلام کو زندہ کرنے والیاں آپ ہیں۔شریعت کو دنیا کے سامنے قابل عمل دستورثابت کرنے والیاں آپ ہیں۔آپ اپنے اوقات کو قیمتی سمجھیے۔ اسلام کی دست وبازو بن جائیے اور دین کی دعوت واشاعت کے لیے کمر بستہ ہو جائیے۔ گھروں میں، برادری میں ،خاندان ،محلے میں اسلام کی حفاظت اورتبلیغ کے لیے خودکو پیش کردیجیے۔ یاد رکھیئے! فحاشی ،بے پردگی ،اخلاق باختگی کی ایک یلغار صرف پاکستان پر نہیں بلکہ عالم اسلام کے ہرگلی کوچے میں پہنچ چکی ہے۔ میڈیاکی اخلاق باختہ لہرنسل ِنوکو تباہ و برباد کرنے کا عزم لے کر حملہ آورہے۔ عالم اسلام کی کوئی بستی اور کوئی گاؤں ان کے اہداف سے باہر نہیں۔طالبات! بلاشبہ آپ کوراحت اور آرام کا حق ہے مگر تب ہی جب اس بڑے امتحان سے سرخرو ہو کر گزرجائیں ، اپنی تھکن کو بھول جائیے۔ ان لمحات کو ضائع نہ کریں۔ آپ صرف علم و عقل کی علمبردار نہیں، عشق ایمانی کی رہوار بھی ہیں، سامنے آتشِ نمرودہے،جو آپ کی دعوت ،آپ کی محنت آپ کی تربیت اوردعاؤں سے بجھے گی ۔اس آگ کی راکھ پر گلشنِ اسلام کے سرووصنو بر لہلہائیں گے۔

یہ وقت ہے عمل کا، جہدمسلسل کا، جہاد پیہم کا، چندروزہ زندگی ہے،۔دین کے لیے جو کچھ کرسکیں کر گزریں۔دین کے جس تقاضے کوپورا کرسکیں، اس میں دریغ نہ کریں۔نمازوں کوزندہ کریں۔ذکرکوعام کریں۔ملنے والیوں میں طاعات کاثواب بیان کریں۔گناہوں سے دوسروں کو بچائیں۔ان کے وبال سے ڈرائیں۔گھروں کوبے پردگی ،موسیقی اورحرام کمائی سے آپ ہی پاک کرسکتی ہیں۔ایک عورت کاسدھرناایک خاندان کوسدھاردیتاہے۔اورکئی خاندان مل کرمعاشرہ بن جاتے ہیں۔ آگے قدم بڑھائیے کہ اﷲ ہمت کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ ان شاء اﷲ قیامت میں آپ کواجروثواب بے حساب ملے گا۔
 
Muhammad Faisal shahzad
About the Author: Muhammad Faisal shahzad Read More Articles by Muhammad Faisal shahzad: 115 Articles with 174488 views Editor of monthly jahan e sehat (a mag of ICSP), Coloumist of daily Express and daily islam.. View More