ہم جو درود وسلام پڑھتے ہیں کیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسے سنتے ہیں

اسلام و علیکم

سوال: میرے ایک ساتھی نے مجھ سے سوال کیا کہ ہم جو درود وسلام پڑھتے ہیں کیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسے سنتے ہیں، براہ کرم جواب عنایت فرمائیں ونیز اس حدیث مبارک کا حوالہ بیان فرمائیں جس میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میری خدمت میں ایک ایسا فرشتہ رہتا ہے جو میرے امتیوں کے درود وسلام میرے پاس پیش کرتا ہے-

براہ کرم جواب عنایت فرمائیں تو مؤجب تشکر ہوگا-

جواب: مسند بزار، جامع الاحاديث والمراسیل، ،جمع الجوامع، مجمع الزوائد، اور كنز العمال میں حدیث مبارک ہے،حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
يا عمار إن لله ملكا أعطاه الله أسماع الخلائق وهو قائم على قبري إذا مت إلى يوم القيامة فليس أحد من أمتي يصلي علي صلاة إلا سمى باسمه واسم أبيه قال: يا محمد صلى فلان عليك كذا وكذا، فيصلي الرب على ذلك الرجل بكل واحدة عشرا" . (طب عن عمار).

ترجمہ: اے عمار!اللہ تعالیٰ نے ایک ایسا فرشتہ پیدا کیا ہے جسے اللہ تعالیٰ نے تمام خلائق کی سماعت عطا فرمائی(بیک وقت ساری مخلوق کی آواز کو سنتا ہے) وہ میرے وصال کے بعد میری مزار (مبارک) پر کھڑا رہے گا اور جب کبھی میرا کوئی امتی مجھ پر نذرانہ درود پیش کرتا ہے تو وہ فرشتہ عرض کرتا ہے کہ فلاں ابن فلاں نے آپ کی خدمت میں یہ درود پیش کیا ہے-اور ہر درود کے بدلے اللہ تعالیٰ اس پر دس مرتبہ رحمتیں نازل فرماتا ہے-
(مسند البزار، مسند عمار بن ياسر، حدیث نمبر: 1425-كنز العمال،حدیث نمبر: 2227-جامع الأحاديث، حدیث نمبر: 26184-
جمع الجوامع، حدیث نمبر: 1113- مجمع الزوائد، حدیث نمبر: 17291-)

اس حدیث مبارک سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے بعض ایسے فرشتے بھی پیدا فرمائے ہیں جو آن واحد میں ہر شخص کی آواز سنتے ہیں، دور ونزدیک کی آواز، ان کے لئے یکساں ہے– جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خدام کی سماعت کی یہ شان ہے تو پھر امام الانبیاء والمرسلین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی قوت سماعت کا کون اندازہ کرسکتا ہے- اس کی تصریح اس حدیث مبارک سے ہوتی ہے جو دلائل الخیرات میں منقول ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت بابرکت میں عرض کیا گیا، یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! ہمیں ان حضرات کے متعلق خبر دیجئے جو آپ کے وصال مبارک کے بعد آپ کی خدمت اقدس میں صلوۃ وسلام پیش کرینگے- حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :اسمع صلوۃ اہل محبتی و اعرفہم وتعرض علی صلو‏ۃ غیرہم عرضا- اہل محبت کے درود کو میں خود ہی سنتا ہوں اور انہيں پہچانتا ہوں، اور ان کے علاوہ دیگر افراد کے درود پیش کئے جاتے ہیں-
واللہ اعلم بالصواب
سیدضیاءالدین عفی عنہ ،
نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ ،
بانی وصدر ابو الحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر ۔
حیدرآباد دکن۔
Kashif Akram Warsi
About the Author: Kashif Akram Warsi Read More Articles by Kashif Akram Warsi: 12 Articles with 51176 views Simple and friendly... View More