کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز کے فٹ بال کے مقابلوں کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب واپڈا اور پاکستان آرمی کے کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔
کھلاڑیوں کی آپس میں ایک دوسرے سے لڑنے اور گھونسے مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واپڈا کے کچھ کھلاڑی ایک میچ ریفری کے پیچھے بھی دوڑ رہے ہیں اور جب وہ ڈریسنگ روم میں داخل ہوتے ہیں تو ان کے پیچھے جا کر انہیں مارتے ہیں۔
اس واقعے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اس واقعے کی پوری جانچ پڑتال ہوگی، کھلاڑی اور آفیشل اس لڑائی کی ذمہ دار ہوں گے ان کو سخت سزا دی جائے گی۔
بتایا گیا کہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب آرمی کی ٹیم نے میچ جیتنے کے بعد واپڈا کی ڈگ آؤٹ کے سامنے جا کر جشن منایا جس پر کچھ ہارنے والے کھلاڑی آگ بگولا ہوگئے اور انہوں نے ہاتھا پائی شروع کردی جو کافی بڑھ گئی اور اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں لڑ پڑے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عہدیدار نے واضح کردیا کہ اس قسم کا طرز عمل اور برتاؤ بالکل بھی فیفا کے قانون کے مطابق برداشت نہیں کیا جاتا۔