پاکستان اور بائنانس کے درمیان بلاک چین پر سرکاری اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

image

اسلام آباد میں وزارتِ خزانہ نے معروف بلاک چین اور ڈیجیٹل اثاثہ جاتی کمپنی بائنانس کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے، جس کا مقصد پاکستان کے سرکاری اور حقیقی اثاثوں کی بلاک چین پر ٹوکنائزیشن اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔

معاہدے پر دستخط وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور بائنانس کے سی ای او رچرڈ ٹینگ نے کیے، جبکہ بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ (CZ) بھی تقریب میں موجود تھے۔

معاہدے کے تحت پاکستان کے سرکاری بانڈز، ٹریژری بلز، کموڈٹی ریزروز اور دیگر فیڈرل اثاثوں کو جدید بلاک چین پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں تک بہتر طریقے سے پہنچانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ 2 ارب ڈالر تک کے اثاثوں سے متعلق ہو سکتا ہے، جو شفافیت، لیکویڈیٹی اور عالمی رسائی بڑھانے میں مدد دے گا۔

بائنانس حکومتِ پاکستان کو ٹیکنیکل معاونت، مشاورت، تربیت اور کپیسٹی بلڈنگ فراہم کرے گی، جبکہ تمام اقدامات پاکستان کے قوانین اور ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہوں گے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی سمت ایک مضبوط اشارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اب اس منصوبے کے عملی نفاذ کے لیے تیزی سے آگے بڑھے گی۔

بائنانس کے بانی CZ نے اسے پاکستان کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری ملک کے ٹیکنالوجی مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گی۔

MoU غیر پابند ہے، جبکہ حتمی معاہدے چھ ماہ کے اندر قانونی اور ریگولیٹری منظوریوں کے بعد طے کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US