شادمان ٹاؤن میں گھر کی دہلیز پر خاتون کو بیٹی کے سامنے اس کے شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
واقعہ شاہراہِ نورجہاں تھانے کی حدود شادمان ٹاؤن سیکٹر 14 بی میں پیش آیا، فائرنگ میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون دوران علاج دم توڑ گئیں، مقتولہ کی شناخت 45 سالہ نازیہ زوجہ تبسم احمد شیخ کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم تبسم احمد شیخ پولیس انسپکٹر اور ایس آئی یو میں تعینات ہے، جو واقعہ کے بعد موقع سے فرار ہوگیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نازیہ شوہر سے ناراض ہو کر اپنے میکے آئی ہوئی تھی اور اسے قتل بھی میکے کی دہلیز پر ہی کیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائےوقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ خاتون کی بیٹی نے اپنی والدہ کے لیے آن لائن ٹیکسی بک کی تھی، جوں ہی نازیہ ٹیکسی میں بیٹھ رہی تھی کہ اس دوران اس کا شوہر پولیس افسر موقع پر آیا اور ساتھ چلنے کو کہا اور نازیہ کے انکار پر اس نے فائرنگ کردی۔ مقتولہ کی بیٹی نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اسے بھی مارنے کی کوشش کی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب رہی۔
ایک اطلاع کے مطابق خاتون نے پولیس افسر سے دوسری شادی کی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس افسر نے گھریلو تنازع اور شک کی بنا پر بیوی کو قتل کیا ہے۔
ایس ایچ او شاہراہ نورجہاں امتیاز قیصرکے مطابق مقتولہ خاتون کو اس کے شوہر نے گھریلو تنازع اور شک کی بنیاد پر فائرنگ کا نشانہ بنایا، پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔