محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دوپہر سے شام تک بارش کی نوید سنا دی ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
بلوچستان کے ضلع چمن اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ کوژک ٹاپ، پرانا چمن اور شیلا باغ میں برفباری ہوئی ہے، جبکہ شمالی، بالائی اور مغربی بلوچستان میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش اور برفباری کے باعث چمن، کوئٹہ، کراچی شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہو رہی ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے ہیوی مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے تاکہ آمد و رفت بحال کی جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔