پاکستان کا پہلا گرین پولیسنگ یونٹ قائم، وزیراعلیٰ مریم نواز نے افتتاح کر دیا

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے جدید الیکٹرک وہیکل کو خود ڈرائیو بھی کیا اور منصوبے کو ماحول دوست پولیسنگ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور زیرو کاربن اخراج ممکن ہو سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین پولیسنگ صاف فضاء اور بہتر طرزِ حکمرانی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے، جو مستقبل میں دیگر شہروں کے لیے بھی ایک مثال بنے گی۔

لاہور میں پہلی بار جدید بی وائی ڈی الیکٹرک وہیکل کے ذریعے پولیس پیٹرولنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پیٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور انہیں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی ایک بار مکمل چارج ہونے پر 410 کلو میٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گاڑی میں جدید سرویلنس پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور اسپیڈ ڈیٹیکشن آلات بھی نصب ہیں تاکہ پولیسنگ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید بتایا گیا کہ اس وقت پیٹرولنگ پر مامور 103 گاڑیاں ماہانہ تقریباً 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے خرچ آتا ہے، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے اس لاگت میں نمایاں کمی آئے گی اور ماحولیاتی آلودگی بھی کم ہو گی۔

وزیراعلیٰ نے اس اقدام کو پنجاب پولیس کی جدید کاری کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مستقبل میں مزید گرین منصوبے متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US