اسٹیٹ بینک کا ڈجیٹل ادائیگی کی خدمات پر صارف کے تجربے سے متعلق ملک گیر سروے کا آغاز

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے پاکستان بھر میں "ڈجیٹل ادائیگی کی خدمات پر صارف کا تجربہ" کے موضوع پر ایک ملک گیر سروے شروع کیا ہے تاکہ ان خدمات کے صارفین سے براہِ راست آرا اور تجاویز حاصل کی جاسکیں۔

گذشتہ برسوں میں اسٹیٹ بینک نے ملک میں محفوظ، قابلِ اعتماد، مؤثر اور جامع ڈجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے فروغ کے لیے وسیع پیمانے پر پالیسی، ریگولیٹری اور ڈجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کی تیاری سے متعلق اقدامات کیے ہیں۔ ان کوششوں کے نتیجے میں پچھلے پانچ برسوں کے دوران موبائل بینکاری ایپس، ڈجیٹل والٹس، کارڈز، راست، آئی بی ایف ٹی وغیرہ کے ذریعے ڈجیٹل ادائیگیوں میں تیزی سے اضافہ کرنے میں مدد ملی ہے۔

جیسے جیسے ڈجیٹل ادائیگیاں روزمرہ زندگی کی سرگرمیوں کا حصہ بنتی جا رہی ہیں، صارفین کے تجربات اور توقعات کو سمجھنا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے کہ ڈجیٹل ادائیگیوں کا نظام عوام کی بدلتی ہوئی ضروریات سے ہم آہنگ رہے۔ اس سروے کے ذریعے اسٹیٹ بینک کا مقصد صارفین کے استعمال کے طریقوں، خدمات کے معیار، استعمال میں آسانی، ٹرانزیکشن میں بھروسے، شکایات کے ازالے کے نظام، دھوکہ دہی سے متعلق خدشات اور صارف کے مجموعی تجربے کے بارے میں معلومات اور آرا کا حصول ہے۔

یہ سروے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے اور پاکستان کے ڈجیٹل مالی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کے مشاہدات پر مبنی وسیع تر نقطۂ نظر کا حصہ ہے۔ اس سروے کے نتائج اسٹیٹ بینک کو ڈجیٹل ادائیگی کی خدمات کے تحفظ، سہولت، رسائی اور ان کے قابلِ اعتماد ہونے کے حوالے سے مزید بہتری کے مواقع کی نشاندہی کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔

سروے تک درج ذیل آفیشل لنک کے ذریعے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے: https://surveyctosbp.surveycto.com/collect/survey_digital_payment_services یہ سروے 10 جولائی 2026ء تک قابلِ رسائی رہے گا۔

اسٹیٹ بینک ڈجیٹل ادائیگی کی خدمات استعمال کرنے والے تمام صارفین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ اس سروے میں حصہ لیں اور اپنی قیمتی آرا و تجاویز سے آگاہ کریں۔ صارفین کے جوابات سے مستقبل میں پاکستان میں زیادہ صارف دوست، مؤثر اور ڈجیٹل طور پر بااختیار مالی نظام وضع کرنے والے اقدامات کو تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US