وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے مئی 2025 میں دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے جرأت مندانہ اور غیرمعمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں سے دشمن کو شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں پر محیط فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری ثابت کی، جبکہ ستمبر 1965 میں ملکی فضائی حدود کے دفاع میں شاہینوں کا عزم قابلِ فخر تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مادروطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے عظیم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا قوم کے لیے اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔