وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، موسمیاتی فنانسنگ کے مواقع اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ نمائندے سیموئل رزک کی قیادت میں وفد نے پاکستان میں قومی ترقیاتی اور موسمیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ممکنہ سرمایہ کاری منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ منصوبوں کے پورٹ فولیو میں صاف توانائی، بنیادی ڈھانچے، موسمیاتی لچک، پانی و غذائی تحفظ، ماحولیاتی نظام اور سرکلر اکانومی سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جو تکنیکی اعتبار سے مضبوط، سرمایہ کاری کے لیے تیار اور مختصر مدت میں قابلِ پیمائش نتائج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی فنانسنگ کے منصوبوں کو قومی ترجیحات اور ٹھوس ترقیاتی نتائج سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ اگلے مرحلے میں محدود اور ترجیحی منصوبوں کا انتخاب کیا جائے جن کے لیے عملدرآمد کا واضح طریقہ کار موجود ہو اور بروقت پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی فنانسنگ کے لیے منصوبوں کی تیاری، مالی وسائل کے حصول اور عملدرآمد کے حوالے سے مربوط حکمت عملی درکار ہے۔ موجودہ منصوبوں کی فہرست سے استفادہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کو شامل کیا جائے تاکہ زیر غور منصوبوں پر کام تیز کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے رعایتی مالی وسائل، موسمیاتی فنڈز اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری سمیت دستیاب مالی مواقع سے مؤثر استفادے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی فنانسنگ کے حصول میں وقت درکار ہوتا ہے، اس لیے ترجیحی منصوبوں کا ایک جامع مگر قابلِ انتظام پورٹ فولیو تیار کیا جانا چاہیے۔
یو این ڈی پی وفد نے منصوبوں کے پورٹ فولیو کو مزید بہتر بنانے، تشخیصی جائزہ لینے، منصوبوں کی تیاری میں معاونت اور عالمی موسمیاتی فنانسنگ کے طریقہ کار سے روابط میں تعاون کی پیشکش کی۔ ملاقات میں بلینڈڈ فنانس اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، خصوصاً قابلِ تجدید توانائی، ویسٹ مینجمنٹ، ری سائیکلنگ اور موسمیاتی موافق زراعت کے شعبوں میں۔
ملاقات میں حالیہ موسمیاتی آفات سے حاصل ہونے والے تجربات اور طویل مدتی موسمیاتی لچک بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی تیاری، آفات کے خطرات میں کمی اور ادارہ جاتی استعداد کار کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے یو این ڈی پی کے مسلسل تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مؤثر رابطہ ترجیحات کو قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنے اور مالی وسائل متحرک کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
دونوں جانب سے منصوبوں کے پورٹ فولیو کو مزید بہتر بنانے، ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی اور ان پر پیش رفت کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔