گھبرانے والا نہیں ‘ سازشوں کا ڈب کر مقابلہ کریں گے: نوازشریف

13 Jan, 2018 نوائے وقت
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ماضی میں بھی ہمارے راستے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں لیکن ہم خوف زدہ نہیں ہوئے نہ ہی اب منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے والوں سے خائف ہیں، الیکشن 2018ء میں عوام احتجاج اور دھرنے کی سیاست کو مسترد کردیں گے اور مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے۔ وہ جاتی عمرہ رائے ونڈ میں نماز جمعہ کی ادائیگی اور اپنے والد میاں محمد شریف مرحوم اور بھائی میاں عباس شریف مرحوم کی قبر پر ہونے والی محفل میلاد کے بعد غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سنیٹر مسعود مجید، رکن پنجاب اسمبلی ملک محمد ارشد، پیر فرید ایم پی اے، بجاش خان نیازی و دیگر موجود تھے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ جو لوگ سازشیں کر رہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ میں گھبرانے والے نہیں، سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ کارکن متحد ہیں اور آنے والے الیکشن کی بھرپور تیاریاں کریں۔ رابطہ عوام مہم کو کامیاب بنانے میں کارکنوں نے ہی کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے منشور پر پوری تندہی سے کام کیا ہے حالانکہ احتجاج اور دھرنے والوں نے پوری کوشش کی۔ حکومت کے راستے میں کانٹے بچھائے جائیں۔ اللہ نے چاہا تو مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جس طرح 2013ء کا الیکشن جیت کر لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی ہے، 2018ء کا الیکشن جیت کر عوام کو خوشحالی کی منزل سے دوچار کردیگی۔
 

Watch Live News

 مزید خبریں 
« مزید خبریں
Post Your Comments
Select Language: