وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سے سی آئی ڈی سی اے کے وفد کی ملاقات

image

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون پرچائنا کےبین الاقوامی ترقی میں تعاون کے ادارہ نے مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے ۔چائنیز انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کا وفد سی آئی ڈی سی اے کے چیئرمین لو ژاؤہائی کی قیادت میں 21 اپریل سے 25 اپریل تک پاکستان کے پانچ روزہ اہم دورہ پر ہے۔وفد میں پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ بھی شامل تھے۔وفد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلہ میں اہم بات چیت میں حصہ لے رہا ہے۔وفد نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سے وزارت اقتصادی امور میں ملاقات کی۔

اقتصادی امور کے وفاقی وزیر نے چیئرمین سی آ ئی ڈی سی اے کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری مزید مستحکم کرنے میں پاکستان کی ترقیاتی کوششوں کو تقویت دینے میں سی آ ئی ڈی سی اے کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں ہونے والے حالیہ المناک واقعہ پر اظہار تعزیت کیا اور یقین دلایا کہ حکومت پاکستان ملک میں کام کرنے والے چینی اہلکاروں کے لئے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات، سیکرٹری داخلہ اور قائم مقام سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور وزارت اقتصادی امور کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران جاری اور مستقبل کے اہم منصوبوں بالخصوص سی آ ئی ڈی سی اے کے مجموعی ترقیاتی پورٹ فولیو، سی پیک اور سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں بارے دوطرفہ تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقتصادی امور کے وزیر نے دو طرفہ تعاون مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا، انہوں نےخاص طور پر ایسے منصوبوں کی ترقی میں جن کا مقصد لوگوں کی روزی روٹی میں اضافہ اور بہتری ہے پر بھی زور دیا ۔

انہوں نے ژاؤہائی کو پاکستان کی ترقی میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سےدیئے گئے باوقار سول ایوارڈ پر مبارکباد بھی دی۔ملاقات کے دوران ژاؤہائی نےاپنے پرتپاک استقبال کوسراہا اور سول ایوارڈ سے نوازنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سی آ ئی ڈی سی اے نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے سلسلے کو بھی سراہا۔چیئرمین سی آ ئی ڈی سی اے نے کہا کہ اقتصادی تعاون ہمارے دوطرفہ تعاون کا سنگ بنیاد ہے۔

اقتصادی امور کے وفاقی وزیر نے چین کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اورحکومت پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایاجس کے جواب میں چیئرمین سی آ ئی ڈی سی اے نے یقین دہانی قبول کی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کی کوششوں کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے لئے اپنے ادارہ کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے باہمی خوشحالی اور پیشرفت کے حصول اور مستقبل میں تکنیکی سطح پر بات چیت کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیااور مستقبل کے لئے امید کا اظہار کرتے ہوءےپائیدار تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.