وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو مستقبل میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کیلئے پرعزم ہے، رانا مشہود احمد

image

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے روڈیم ہال میں پرائم منسٹر یوتھ نیشنل ٹیلنٹ ہنٹ ٹیبل ٹینس لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ظہور احمد اور ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ٹیبل ٹینس ایک ایسا کھیل ہے جو ذہنی اور جسمانی چستی کو فروغ دیتا ہے، یہ ایک ایسا کھیل ہے جو نوجوانوں کو ڈسپلن، فوکس اور مقابلہ کرنے کا سبق سکھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نوجوانوں کو کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے سے ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لانا ممکن ہوگا۔ اسی لیے میں نوجوانوں کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ وہ مثبت اور غیرنصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں تاکہ ایک پر امن اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردارادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام وفاقی حکومت کا ایسا اقدام ہے کہ جس کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے بیشتر منصوبے شروع کیے گئے ہیں جس میں کھیلوں کے پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ یوتھ لون سکیم اور پرائم منسٹرز لیپ ٹاپ سکیم سرفہرست ہیں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج ہم ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے حوالے سے خصوصی بات کریں گے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کویہ ذمہ داری تفویض کی گئی کہ جامعات کے تعاون سے ملک بھر کے 25 مقامات پر12 مختلف کھیلوں کے ٹرائلز کا انعقاد کریں، پراونشل اور نیشنل لیگزکروائیں اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے ہٹا کرکھیلوں کے میدانوں میں واپس لائیں اور کھیلوں کے شعبہ میں پھلنے اور پھولنے کے مواقع فراہم کریں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیبل ٹینس کی اس لیگ میں ہر صوبے بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے دو، دو ٹیمیں شریک ہوئی ہیں، یہ ٹیمیں پراونشل لیگز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ یاد رہے پراونشل لیگز سے پہلے ٹرائلز لیے گئے جس میں 15سے25سال کے ایسے تمام بوائز اور گرلز کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا جوٹیبل ٹینس کے بہترین کھلاڑی تھے۔نوجوانوں کو بہترین مستقبل کی نوید سناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سیف گیمز اور دیگر بین الاقوامی چیمپئن شپس کیلئے ٹریننگ کیمپس کا انعقاد بھی کرے گی، جن میں بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کروائی جائے گی تاکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے سکیں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کا ایک مقصد نوجوانوں میں مقابلے کی فضا پیدا کرنا، ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی روش کو پروان چڑھانااور ملک میں کھیلوں کے رواج کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مملکت خداد پاکستان کو ملکی اور بیرون ملک سطح پر بیش بہا چیلنجز درپیش ہیں مگرمیں پرعزم ہوں کہ نوجوانوں کو ہرمیدان میں رہنمائی اورمساوی مواقع فراہم کرنے پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا۔ نوجوان کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئیں یہ عہد کریں

کہ چاہے ہم کسی بھی شعبے سے وابسطہ ہوں، ہمارا ہدف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ ٹیبل ٹینس لیگ میں میں لڑکوں کی کیٹیگری میں پنجاب اے، خیبر پختونخوا اے اور بی بتدریج پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ہیں اور لڑکیوں میں پنجاب بی پہلے نمبر پر، پنجاب اے دوسرے نمبر پر اور خیبر پختونخوا اے تیسرے نمبر پر رہی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمان نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.