رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے حوالے سے ہمارے خدشات دور نہیں ہوئے، فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی بارے پرعزم ہیں،امریکا

image

واشنگٹن۔1مئی (اے پی پی):امریکا نے کہا ہے کہ رفح میں اسرائیل کے فوجی آپریشن کے حوالے سے اس کے خدشات دور نہیں ہوئے،ہم فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی بارے پرعزم ہیں۔

العربیہ اردو کے مطابق یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں فوجی آپریشن کے حوالے سے کوئی قابل اعتماد منصوبہ سامنے نہیں لاسکا،وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی اسرائیلی حکام سے ملاقات کے دوران فوری جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے اور یرغمالیوں کی رہائی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ادھر، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ روز ایریز ( بیت حانون) کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی کی طرف جانے والے پہلےاردنی امدادی ٹرک قافلے کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ اس مقام سے شمالی غزہ تک سیدھی سڑک ہے اور یہاں سے آج پہلی امدادی کھیپ روانہ ہوئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ رفح شہر میں بے گھر ہونے والے دس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کے مستقبل بارے بین الاقوامی تشویش کے باوجود فوجی کارروائی جاری رکھیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.