قابض بھارتی فوجی کیمپ پر کشمیریوں کاحملہ

قابض بھارتی فوجی کیمپ پر کشمیریوں کاحملہ
اور
بھارتی وزیردفاع کی اسلامی جمہوریہ پاکستان کو دھمکیاں

بسم اﷲ الرحمن الرحیم

کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے غیر انسانی رویوں سے تنگ آکر’’تنگ آمد بجنگ آمد‘‘کے مصداق کشمیریوں نے ایک عرصے سے بھارتی فوج پر حملوں کا راستہ اپنا رکھاہے۔فروری 2018کے وسط میں اسی نوعیت کاایک حملہ جنوبی کشمیر کے ضلع ’’پلوامہ‘‘کے علاقہ’’کاک پورہ‘‘میں واقع قابض بھارتی فوج کے کیمپ پر کیاگیا۔بھارتی اخبارات کے مطابق حملہ کرنے کامقصد وہاں موجود ایسے کشمیریوں کو آزادکرواناتھا جنہیں بھارتی فوج نے گرفتارکررکھاتھا۔ہندوستانی اخبارات نے ان مجاہدین تحریک آزادی کو دہشت گرد لکھاہے جو بھارتی فوج کے زیرحراست تھے۔یہ فوجی کیمپ بدنام زمانہ ’’راشٹریہ رائفل(Rashtriya Rifles)‘‘کاتھا جس نے ایک طویل عرصے سے کشمیریوں پرظلم وستم کی انتہاکے ذریعے ان کی زندگی عذاب کررکھی ہے۔حکومتی اعدادوشمارکے مطابق اس حملے میں چاربھارتی فوجی واصل جہنم ہوئے جن میں سے ایک کیپٹن کے عہدے کا افسر بھی شامل تھا،ممکن ہے اصل نقصان اس سے کہیں زیادہ ہواور خفت و ناکامی کی پردہ پوشی کے لیے بہت کم نقصان بتایاگیاہے۔ابتدائی رات کو8-30بجے یہ حملہ ایک گرینیڈ کے ذریعے کیاگیا جس کے جواب میں بھارتی فوج کافی دیرتک جوابی گولیاں چلاتی رہی لیکن کشمیری مجاہدین آزادی کاکچھ بھی نہ بگاڑ سکے اور بھارتی فوج کے مطابق کشمیریوں کاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔جبکہ بھارتی فوج کے ایک افسرلیفٹیننٹ کرنل دیوندرآنند(Devender Anand)نے اخباری نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے مرنے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد سات بتائی ہے ۔بھارتی فوج کے اس نمائندے نے یہ بھی بتایاہے کہ حملے کے نتیجے میں گرفتارہونے والے مجاہدین آزادی کو حملہ آور چھڑاکر لے گئے ہیں۔ایک پولیس افسرنے حملے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ دوموٹرسائکلوں پرحملہ آورآئے اور کاروائی کر کے چلے گئے۔اﷲتعالی اس طرح بھی اپنے خاص بندوں کی حفاظت کرتاہے کہ بے شک وہ قادرمطلق ہے جو آگ سے بھی اپنے پیاروں کو بچانکلنے کی طاقت رکھتاہے۔

’’راشٹریہ رائفل(Rashtriya Rifles)‘‘بھارتی فوج کاایسا خاص ظالم جتھاہے جو دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے تیار کیاگیاہے اور بھارتی وزارت دفاع کے تحت کام کرتاہے۔آج کل اس جتھے کو جموں و کشمیر کے علاقوں میں مجاہدین آزادی کشمیر کی سرکوبی پر تعینات کیاگیاہے۔1990کے بعد سے کشمیر میں تحریک آزادی نے زورپکڑاتو بھارتی حکومت نے فوج کووادی میں اتاردیاتاکہ حالات پر قابو پایا جاسکے۔اس سے پہلے بھارتی فوج نے اسی نوعیت کی عوامی بغاوتوں کے خلاف مشرقی پنجاب،ناگالینڈاورسری لنکامیں بھی کاروائیاں کی تھیں۔ان کاروائیوں میں جتنی کامیابیاں ہوئی اس سے زیادہ بدنامیاں سمیٹناپڑیں اور بھارتی حکومت کو اپنی بدمعاش فوج کے ہاتھوں شہریوں کی قتل و غارت گری اورمذہبی مقدس مقامات کی بے حرمتی پر بے پناہ سچی جھوٹی وضاحتیں دینا پڑیں تھیں۔ان علاقوں میں بغاوتوں کو شاید اتنے بڑے پیمانے پر عوامی حمایت حاصل نہیں تھی جس کے باعث بھارتی فوج کی طاقت نے وقتی طورپر جذبہ ہائے آزادی کو دبادیا۔ان کے مقابلے میں کشمیر کی عوام نے بحیثیت قوم بھارت کے خلاف علم بغاوت بلند کر کے علی الاعلان علیحدگی کی تحریک چلا رکھی ہے۔چنانچہ ان خاص حالات کے پیش نظر بھارتی فوج کا دستہ ’’راشٹریہ رائفل(Rashtriya Rifles)ترتیب دیاگیاتاکہ فوج کے ذریعے عوامی بغاوت کو دبانے کا کام طاقت اورقوت کے بل بوتے پر لیاجاسکے۔قابض بھارتی فوج کے اس بدمعاش جتھے کے بارے میں عام رائے یہ ہے کہ ساری کامیابیاں کاغذوں تک ہی محدود ہیں عملی کاروائیوں میں سوائے بدنامی کے کچھ میسرنہیں ہے۔اس کا تازہ ثبوت یہی ہے کہ چندشہریوں کے حملے میں باقائدہ تربیت یافتہ فوج کے افسراورجوان مارے گئے جب کہ حملہ آور بڑی کامیابی وصفائی سے نکل بھاگے ۔

بھارتی اخبارات کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری ’’جیش محمد‘‘نے قبول کرلی ہے۔بھارتی اخبارات نے یہ بھی دعوی کیاہے کہ جیش محمد کے نمائدہ’’حسن شاہ‘‘نے اپنے ایک بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ مجاہدین نے راکٹوں سے حملہ کیاتھاجس سے بھارتی فوج کابے پناہ نقصان ہوا۔بھارتی خبررساں اداروں نے یہ بھی انکشاف کیاہے کہ ایک دن قبل جیش محمدکے پانچ افرادکو فوج نے گرفتارکیاتھاجنہوں نے دوران تفتیش اپنے اس تعلق کااقراربھی کرلیاتھااور اس سے قبل کے بھارتی فوج پرحملوں میں ملوث ہونے کی تصدیق بھی کردی تھی۔بھارتی اخبارات نے اپنے ان دعووں کی تصدیق کے لیے من گھڑت کہانی بھی تراشی جس کے مطابق ’’سجاداحمدبھٹ‘‘نامی ایک پاکستانی گرفتاہواہے جو ایک تربیت یافتہ مجاہد ہے اور جیش محمدکی کاروائیوں میں ملوث ہے۔کشمیری پولیس کے ہاتھوں گرفتااس پاکستانی کو کسی بھارتی اخباریا برقیاتی خبررساں ادارے نے بالکل بھی نہیں دکھایا۔لگتاہے کہ گزشتہ کہانیوں کو سچ ثابت کرنے کے لیے ایک اور جھوٹ تراشا گیاہے۔بھارتی اخبارات ،ظاہر ہے،اپنی حکومت کی زبان بولتے ہیں اور اپنی خبروں میں حکومتی موقف ہی بیان کرکے سیکولرازم کی آزادی صحافت کی حقیقت طشت ازبام کردیتے ہیں۔

راشٹریہ رائفل کے فوجی ٹھکانے پر حملہ کرنااپنی کمیت میں اتنا بڑاواقعہ تھاکہ بھارتی وزیردفاع نرمالاستھرمان ’’ Nirmala Sitharaman ‘‘ـــکوفوری طورپرمقبوضہ وادی کادورہ کرناپڑا۔اس موقع پر اخباری نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے بھارتی وزیردفاع نے کہاکہ ’’پاکستان کواس مہم جوئی کی بھاری قیمت اداکرناپڑے گی‘‘۔بھارتی وزیردفاع نے اخباری نمائندوں کے سامنے اس جملے کو بارباردھرایا،یہاں تک کہ ایک صحافی نے سوال کیاکہ کیاآپ کی حکومت اس واقعے کے حقائق کاپاکستان کے ساتھ اشتراک کرے گی،توموصوفہ وزیرصاحبہ نے ہاں میں جواب دیا۔جب کہ ان کے دورے کے بعد بھی بھارتی فوج کی مجاہدین تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں۔اس دورے سے قبل اور اس کے بعد سے آج تک اس طرح کے کئی واقعات ہو چکے ہیں جن میں قابض بھارتی فوج،مقبوضہ کشمیر کی پولیس اور دیگرخفیہ،دفاعی و نیم دفاعی اداروں کے اہلکار پہلے عوام پر ظلم ڈھاتے ہیں،عوامی مظاہرین پر عام طورپراورخواتین پرخاص طورپر ربرکی گولیاں چلاکرانہیں جسمانی طورپر معذورکرتے ہیں،کشمیریوں کے نوجوان سپوتوں کو دن دیہاڑے گھروں سے اٹھاکر لے جاتے ہیں اورکشمیریوں کی قیادت کو نظربندکردیتے ہیں اور پھرجواب میں ان اداروں کے اہل کارعوامی غیض و غضب کا شکارہوتے ہیں۔عوام جہاں کہیں انہیں اکیلا دیکھتی ہے اپناغصہ اتارنے کی کوشش کرتی ہے۔اس کے جواب میں بھارتی قیادت اپنے کرتوتوں کااوراپنی فوج کے مظالم کے جواب کاذمہ دار پاکستان کو قرار دے کر اپنی جان چھڑا لیتی ہے۔اگرایک فوج اپنے کیمپ میں بھی اپنادفاع کرنے کے قابل نہیں ہے توکیا پڑوسی ملک اس نالائقی کاذمہ دارہے؟؟؟اگرایک عسکری ادارہ گرفتارشدگان کو بھی اپنی حراست میں رکھنے کے قابل نہیں ہے اور چندعام شہری نوجوان اس ادارے کے تربیت یافتہ فوجیوں کوگولیوں کانشانہ بناکراپنے بے گناہ دوستوں کو چھڑالے جاتے ہیں تو بھلا اس میں کسی دوسرے ملک کاکیاقصور ہوسکتاہے۔

بھارتی قیادت کایہ رویہ ناقابل فہم ہے اور یقیناََان کے اپنے ملک میں بھی اس پر گرفت کی جاتی ہوگی کہ آخر ہر کاروائی کا ملبہ پاکستان پرکیوں ڈال دیاجاتاہے؟؟؟بھارت کویہ بات سمجھ نہیں آتی کہ فوج فوج سے تولڑ سکتی ہے لیکن کوئی بھی کتنی ہی طاقتورفوج کمزورسے کمزور قوم سے قطعاََبھی نہیں لڑ سکتی۔جب کشمیری عوام بھارت کے ساتھ نہیں رہناچاہتے توانہیں آزاد کردیناچاہیے۔لیکن واقعہ یہ ہے پورے ہندوستان میں برہمن راج کے خلاف مشرق سے مغرب تک بغاوتیں پھوٹ پڑی ہیں۔ان بغاوتوں نے ایک عرصے تک جمہوری وعوامی رنگ اختیارکیے رکھااورکوشش کی کہ سیدھی انگلی سے گھی نکل آئے لیکن اب یہ بغاوتیں مسلح کشاکش کا رنگ اختیارکرچکی ہے اور بھارتی فوج آج کل دفاع قوم کی بجائے دفاع حکومت کا فریضہ اداکر کے پورے ملکی عوام سے نفرت سمیٹ رہی ہے،جس کااظہار کشمیر سمیت پوری دیس میں آئے روزہوتارہتاہے۔بھارتی حکومت اگرکشمیریوں کو آزادی دیتی ہے تو پورا ہندوستان اٹھ کھڑاہوگااور کشمیریوں کی طرز پر علیحدگی چاہے گا،تب حالات یقیناََناقابل گرفت ہو جائیں گے۔لیکن آخر کب تک؟؟؟ظلم کی رات کتنی ہی طویل کیوں نہ ہوصبح نورنے بلآخرآنا ہی ہوتاہے۔کشمیر کی آزادی تونوشتہ دیوارہے ہی لیکن کشمیرکے الحاق پاکستان کاعمل ہندوستان میں برہمن راج کے تابوت پر آخری کیل ثابت ہوگا۔تخت دہلی ماضی میں بھی مسلمانوں کا تھااورہندوستان سمیت کل دنیاکا مستقبل بھی وحی کی آفاقی تعلیمات سے منسلک ہے۔سیکولرازم بہت جلد پوری دنیاسے مٹنے والا ہے اور اس کے بعد کوئی معاشی نظریہ اس دنیامیں اپنا وجود نہیں رکھتاسوائے اسلام کے معاشی نظام کے جو ہر طرح کے استحصال سے پاک نظام فراہم کرتاہے۔پس سلام ہے مجاہدین تحریک آزادی کشمیرکوجنہوں نے ایک سامراجی طاغوت کو ناکوں چنے چبوارکھے ہیں اور انہیں کشمیری شہداکامقدس خون کل دنیاسے کفروشرک کے باطل نظام کے خاتمے کا سبب بنے گا،انشااﷲ تعالی۔
 

Dr Sajid Khakwani
About the Author: Dr Sajid Khakwani Read More Articles by Dr Sajid Khakwani: 470 Articles with 571930 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.