لقمان حکیم؛انسان کامل(۸)

جناب لقمان کی نصیحت
عظمت علی
حکمت
بیٹا !حکمت ودانائی مفلس کوبادشاہ بنادیتی ہے ۔ (قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد ۳اور۴ صفحہ ۴۸طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)
بیٹا !میں نے سات ہزار حکمت کی باتیں یاد کی ہیں ۔لیکن تم ان میں صرف چار یادکرلو تو میرے ساتھ داخل بہشت ہوجاؤ گے ۔
(۱) اپنی کشتی کومضبوط و مستحکم بناؤ۔اس لئے کہ تمہارادریا گہراہے ۔
(۲)اپنا بار ہلکا کرلو چونکہ سختی اورپرپیچ و خم راہیں سامنے ہیں ۔
(۳)اپنے ہمرازیادہ توشہ رکھو کیوں کہ سامنے دوردراز کا سفر ہے ۔
(۴)خالص اعمال انجام دواس لئے کہ جو تمہارے اعمال کو تولے گاوہ ہر چیز سے آگاہ اور باخبر ہے ۔(اختصاص شیخ مفیدصفحہ ۳۳۷)
بیٹا !تم حکمت سیکھو ۔اس کے ذریعہ تم شرافت اوربزرگی حاصل کروگے ۔حکمت سیکھنا آدمی کی دین داری کی علامت ہے اور یہ حکمت ومعرفت ہی ہے جو آدمی کوغلامی سے آزاد ،فقیری سے امیری اور چھوٹوں کوبڑوں پر برتری بخشتی ہے ۔فقیروں کوبادشاہ کی جگہ بٹھادیتی ہے۔شریفوں کی شرافت اوربزرگوں کی بزرگی میں مزید اضافہ کرتی ہے ۔مالدار کوبزرگی عطا کرتی ہے ۔
بیٹا !اولاد آدم یہ کیسے گمان کرتاہے کہ وہ دین و معاشرہ کی ضروری باتیں حکمت کے بغیر حاصل ہوجائیں گی ؟حالانکہ خداوندعالم نے دین کی باتیں بغیرعلم وحکمت کے کسی کے لئے بھی نہیں قرار دیں !؟ میرے فرزند ! اطاعت و فرماں برداری کی مثال بے جاں جسم اور بے آب زمین کی سی ہے ۔جس طرح کوئی بھی جسم بغیر روح کے فائدہ نہیں رکھتا اسی طرح بے آباد زمین آباد نہیں ہوتی۔اسی طرح حکمت بھی بغیر اطاعت و بندگی کے موثر نہیں ہوتی ۔ (حقوق اولاداور ہدایات اہل بیت صفحہ ؍۲۲۴،ناشر :تنظیم المکاتب ،لکھنو ،انڈیا )
حلال و حرام
بیٹا !چھوٹے چھوٹے حلال کا بھی شمار کیاگیا ہے تو بڑے حرام کاحساب کیوں نہیں ہوگا!؟(اختصاص مفید صفحہ ۳۳۶)
بیٹا !خاموشی میں کبھی بھی ندامت نہیں اٹھا نی پڑتی ہے ۔کلام اگر چاندی ہے تو سکوت سونا ۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد ۳اور۴ صفحہ ۴۸طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)