لقمان حکیم؛انسان کامل(۱۰)

دوست
بیٹا !جاہل سے دوستی نہ کروکہ وہ سمجھنے لگے کہ تجھ کو اس کی جاہلانہ باتیں پسند ہیں اور دانا کے غصہ کو لاپرواہی میں نہ ٹال دینا کہ کہیں وہ تم سے جدائی اختیار نہ کرلے ۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد ۳اور۴ صفحہ ۴۸طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)
بیٹا !اپنے دوست اور والد کے دوست کومحبوب رکھو۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد ۳اور۴ صفحہ ۴۸طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)
بیٹا !دوست کومصیبت کے وقت آزماؤ۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ۶۹مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )
بیٹا !نفع اور نقصان دونو ں میں دوست کوپرکھو۔(مذکورہ حوالہ )
بیٹا !زیر ک اوردانا کو دوست بناؤ ۔(مذکورہ حوالہ )
بیٹا !دوستوں کو عزیز جانو ۔(مذکورہ حوالہ )
بیٹا !دوست اوردشمن سب سے خندہ پیشانی سے ملو۔(مذکورہ حوالہ )
بیٹا !اپنے مال کودوست اوردشمن سب کودکھاتے مت پھرو۔(مذکورہ حوالہ )
بیٹا !اپنے دوستوں کی تعداد بڑھاؤ اور دشمنوں سے بے فکر مت رہو ۔اس لئے کہ ان کے دلوں میں کینہ اس طرح پوشیدہ رہتاہے جس طرح راکھ کے نیچے پانی ۔(اختصاص مفید صفحہ ۳۳۳)
بیٹا !اچھے دوسر گوشہ نشینی اور تنہائی سے بہتر ہیں۔․․․(بحارالانوار جلد ۱۳صفحہ ۴۱۴)
بیٹا !اپنے لئے ہزار دوست منتخب کرلو اور یہ جان لو کہ وہ ایک ہزار دوست بھی کم ہیں او رکسی کوبھی دشمن نہ بناؤ اس لئے کہ وہ ایک بھی بہت ہے ۔(امالی شیخ صدوق صفحہ ۵۹۷)
’’یابنی !الوحدۃ خیر من صاحب السوء ‘‘
بیٹا !برے ہمنشین ااوردوست سے بہتر تنہائی ہے ۔(حقوق اولاد اورہدایات اہل بیت صفحہ ۱۴۶،ناشر ،تنظیم المکاتب،لکھنو ،انڈیا)
بیٹا !لوہے کو ادھر سے ادھر منتقل کرنا برے دوست سے بہتر ہے ۔میرے فرزند! میں نے پتھروں کومنتقل کیاہے لیکن اسے برے دوستوں سے سنگین نہیں پایا ۔(حقوق اولاد اورہدایات اہل بیت صفحہ ۱۴۶،ناشر ،تنظیم المکاتب،لکھنو ،انڈیا)
بیٹا !فاسق سے دوستی کرنے سے بہتر مومن سے دشمنی کرنا ہے ۔اے میرے لاڈلے ! اگر تو مومن پر ظلم کرے گا تو وہ اس کے بدلے تم پر ظلم نہیں کرے گا اور اگر اس کے خلاف کوئی کام کروگے تو وہ اسے درگزر کردے گااور راضی بھی رہے گا۔لیکن فاسق خدا کے حق کی رعایت نہیں کرتا تو تمہارے حق کی کیا رعایت کرے گا!(اختصاص شیخ مفید صفحہ ۳۳۳)
بیٹا !جب تم دیکھو کہ تمہارے دوست ایک راہ پر چل رہے ہیں اور سعی و کوشش میں مصروف ہیں تو تم بھی کوشش میں لگ جاؤ ۔(تفسیر نمونہ زیر نظر آیۃ․․․ناصر مکارم شیرازی جلد ۹صفحہ ۴۳۳ناشر مصباح القرآن ٹرسٹ )
بیٹا !فاسقوں اوربدکاروں کے ہم نشین نہ بنو کہ وہ کتوں کے مانند ہیں ۔اگرتمہارے پاس کوئی چیز پائیں گے تو کھالیں گے اوراگر کچھ نہ پائیں گے تو تمہاری مذمت و برائی کریں گے او ر تمہاری رسوائی کے در پے ہوں گے ۔ان کی محبت بس تھوڑی ہی دیر کی ہوتی ہے ۔(اختصاص شیخ مفید صفحہ ؍ ۳۳۳)