نئے سال کا جشن اور اسلامی تعلیمات

انگریزی سال کے مطابق پرانے سال کے اختتام اور نئے سال کے آغاز پر یعنی 31دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب بے حیائی اور فحاشی کی تمام حدوں سے گزرجانے، نیز مذہبی و اخلاقی پابندیوں کو پاؤں تَلے روند ڈالنے ،بلکہ حیوانیت کا مظاہرہ کرنے کوفی زمانہ نیو ایئر سیلی بریشن(New Year Celebration) سے تعبیر کیا جاتا ہے ، جس میں متعدد گناہوں کے ساتھ کفار کی تقلید اور نعمتِ خداوندی کی ناقدری جیسے امور بھی شامل ہیں۔ دنیا میں یوں تو مختلف کیلنڈر رائج ہیں، لیکن ہمارے یہاں انگریزی عموماً اور اسلامی کیلنڈر براے نام استعمال کیا جاتا ہے ، جسے گذشتہ صدیوں میں دیکھتے ہی دیکھتے رائج کیاگیا، جس کا پہلا مہینہ جنوری اور آخری مہینہ دسمبر ہے ، لہٰذا دسمبر کی آخری تاریخ میں نیو ایئر سیلی بریشن کی تقریبات منعقد کرنا عام رواج ہے ۔

یہ درست ہے کہ کسی بھی زندہ قوم کے لیے سال و تاریخ کا اہتمام نہایت ضروری ہے ،اسی لیے زمانۂ قدیم سے اکثر اقوام کے پاس اپنی اپنی تاریخ تھی جس سے وہ کام لیا کرتے تھے ، اور یہ لوگ بعض مشہور واقعات سے تاریخ مقرر کیا کرتے تھے اور بعض لوگ بادشاہوں کی بادشاہت کے عروج وزوال سے تاریخ مقرر کرتے تھے ۔ یہود نے بیت المقدس کی ویرانی کے واقعے سے تاریخ مقرر کی اور عیسائیوں نے حضرت عیسیٰؑ کے دنیا سے جانے کے بعد سے تاریخ بنائی، اسی طرح عرب کے لوگوں نے واقعۂ فیل سے تاریخ مقرر کی، اور اسلام میں سنہ ہجری کا استعمال حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ کے زمانۂ خلافت میں جاری ہوا،لیکن اسلام اور علماے اسلام نے بہ طور سدِ باب اسلامی سالِ نو کے آغاز پر بھی ایک دوسرے کو مبار باد دینے یا کوئی جشن منانے کی ترغیب نہیں دی، چہ جاے کہ عیسوی سال کے خرافات سے بھرے موجودہ جشن کی اجازت دی جاتی۔حدیث شریف میں اس بات سے بھی ڈرایا گیا ہے :تم بالشت بہ بالشت اور قدم بہ قدم پہلے لوگوں کے طریقوں پر چلوگے ، یہاں تک کہ ان میں سے کوئی گوہ کے بل میں داخل ہوا تھا تو تم اس میں بھی ضرور داخل ہوں گے۔ (مستدرک حاکم، بخاری) بخاری شریف کے الفاظ میں پہلے لوگوں سے مراد یہود و نصاریٰ ہیں اور گوہ کے بِل کی تخصیص اس لیے کی گئی کہ وہ نہایت تنگ ہوتا ہے کہ اس میں گھسنے کی کوشش کرنا اغیار کی انتہائی تقلید کی غمّازی کرتا ہے ۔(فتح الباری)

عیسوی سال کی ابتدا
’فرہنگِ آصفیہ‘ میں لفظ’عیسوی‘ کے تحت مرقوم ہے کہ ’وہ سنہ جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کے زمانے سے شروع ہوا، مگر انگریزی تاریخ کے موافق اُن کے انتقال سے یہ سنہ شروع ہوا‘۔نیز قاموس الکتاب کے مصنف پادری ایف ایس خیر اﷲ لکھتے ہیں:عام خیال یہ ہے کہ عیسیٰ 1ء میں پیدا ہوئے ۔ علماے انجیل کے مطابق انگریزی حرف A.D سے(جو Anno domina کا مخفف ہے) مراد ہے ’ہمارے خداوند کا سال‘ لیکن جب لوگوں کو بتایا جاتا ہے کہ عیسیٰ اس سے چار یا پانچ سال پہلے پیدا ہوئے تو انھیں تعجب ہوتا ہے ، لیکن سچ تو یہ ہے کہ عیسوی کیلنڈر چھٹی صدی میں مرتب کیا گیا۔ راہب ڈیوانیسیس اکسی گوس نے 526ء میں حساب لگا کر سنہ عیسوی کا اعلان کیا، لیکن بد قسمتی سے اس کے حساب میں چار سال کی غلطی رہ گئی۔ اس نے مسیح کی پیدائش رومی کیلنڈر کے سال 754ء میں رکھی، لیکن ہیرو دیس اعظم‘ جس نے بیت اللحم کے معصوم بچوں کا قتلِ عام کیا تھا، رومی سال 760 میں فوت ہوا تھا‘ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسیح کی پیدائش رومی 750 سے کم از کم چند ماہ پہلے ہوئی ہو گی، غالباً وہ رومی سن 749 کے شروع میں پیدا ہوئے یعنی 5 ق م کے آخر میں۔ جب اس غلطی کا پتہ چلا تو یہ ناممکن تھا کہ بے شمار چھپی ہوئی کتابوں میں اس کو درست کیا جائے ، سو سنہ عیسوی کو یوں ہی رہنے دیا گیا۔

مشاہیر کی تاریخ میں اس قدر اختلاف سے جہاں یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان کے نزدیک ولادت و وفات وغیرہ کی تاریخوں کی کوئی قابلِ ذکر اہمیت نہیں‘ ورنہ وہ خود اپنی زندگی میں اس کا اہتمام فرماتے ، وہیں یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ ان کے سچّے متبعین نے بھی کبھی ان غیر اہم امور کو اپنی توجہ کا مرکز نہیں بنایا، اس لیے بعد میں آنے والوں کی جانب سے اس طرح کی چیزیں ایجاد کرنا محض رسوم وبدعات کے زمرے میں ہی رکھا جا سکتا ہے ۔

عیسوی سال پر خوشی منانا
نئے عیسوی سال کا جشن پہلی بار1 جنوری 1600 عیسوی کو، اسکاٹ لینڈ میں منایا گیا، اس لیے کہ عیسائی اسی سے نئے سال کی ابتدا مانتے ہیں، جب کہ یہ تاریخِ میلادِ مسیح سے مختلف ہے ‘ یعنی میلادِ مسیح 25دسمبر اور نئے سال کا آغاز اس کے ایک ہفتے بعد31دسمبر۔ عصرِ حاضر میں نئے سال کا جشن ایک اہم تقریب کے طور پر اور عیسائی وغیر عیسائی ممالک میں جدید مغربی تہذیب کے مطابق 31دسمبر کو یہ جشن ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رات کے 12 بجے منعقد کیا جانے لگا، جس میں مسلمان بھی دھڑلّے سے شریک ہوتے اور اسلامی تہذیب و ثقافت و تعلیمات کے چیتھڑے اڑاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

جب کہ جو اسلام‘ اسلامی سال کی آمد پر بھی آپس میں مبارک بادی وغیرہ کی تاکید نہیں کرتاکہ اس طرح کی مبارک باد وغیرہ سے آہستہ آہستہ وہ عمل رسم ورواج کا درجہ اختیار کر لیتا ہے اور اس طرح بدعتیں وجود میں آتی ہیں، وہ غیر اسلامی سال پر جشن منانے کی اجازت کیسے دے سکتا ہے ؟ہجرت کے بعد رسول اﷲﷺ دس سال مدینہ منورہ میں رہے اور آپﷺ کے بعد تیس سال خلافت ِ راشدہ کا عہد رہا،صحابہ کرامؓکی نگاہ میں اس واقعے کی اتنی اہمیت تھی کہ اسی کو اسلامی کیلنڈر کی بنیاد واساس بنایا گیااور حضرتِ عمر ؓکے عہد سے ہی ہجری تقویم کو اختیار کر لیا گیا تھا،لیکن ان حضرات نے کبھی سالِ نو یا یومِ ہجرت منانے کی کوشش نہیں کی،اس سے معلوم ہوا کہ اسلام اس طرح کے رسوم ورواج کا قائل نہیں ہے ،کیوں کہ عام طور پر رسمیں نیک مقصد اور سادہ جذبے کے تحت وجود میں آتی ہیں،پھر وہ آہستہ آہستہ دین کاجزو بن جاتی ہیں،اس لیے اسلام کو بے آمیز رکھنے کے لیے ایسی رسموں سے گریز کرنا ضروری ہے۔ (مستفاد از کتاب الفتاوی) اکثر اہلِ علم اسی کے قائل ہیں، جیسا کہ ’آپ کے مسائل اور ان کا حل‘ میں مرقوم ہے کہ نئے عیسوی سال پر خوشی منانا عیسائیوں کی رسم ہے ،اور مسلمان جہالت کی وجہ سے مناتے ہیں۔(آپ کے مسائل اور ان کا حل)نیز ’فتاویٰ حقانیہ‘ میں ہے کہ مسلمانوں کے لیے ہجری سال مقرر ہے اور اسی سے ہمارے اسلامی تشخص کا اظہار ہوتا ہے ، عیسوی سال عیسائیوں کا ہے اور وہی اس کی آمد پر خوشیاں مناتے ہیں، بعض مسلمان جہالت اور ناسمجھی سے یہ خوشیاں مناتے ہیں۔ (فتاویٰ حقانیہ)

مکہ مکرمہ کا فتویٰ
مکہ مکرمہ کی فتویٰ کمیٹی نے اس بابت فتویٰ صادر کرتے ہوئے فرمایا کہ سنت یہ ہے مسلمانوں کے دینی، اسلامی شعائر کا اظہار کیا جائے اور ترکِ اظہار رسول اﷲﷺ کی مخالفت ہے ، جب کہ رسول اﷲﷺ کا ارشاد یہ ہے :تم میری اور میرے ہدایت یافتہ خلفاے راشدین کی سنت پر عمل کرو۔(ابوداود) مسلمان کے لیے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ کافروں کی عیدوں میں شرکت کریں، ان کی عیدوں کے موقعے پر فرحت و مسرت کا اظہار کریں اور اپنے دینی اور دنیوی کاموں کو روک دیں، کیوں کہ یہ اﷲ تعالیٰ کے دشمنوں کے ساتھ مشابہت ہے ، جو کہ حرام ہے اور رسول اﷲﷺنے فرمایا:جو کسی قوم کے ساتھ مشابہت اختیار کرے ، وہ اُنھی میں سے ہے ۔(فتاویٰ اسلامیہ)

Maulana Nadeem Ahmed Ansari
About the Author: Maulana Nadeem Ahmed Ansari Read More Articles by Maulana Nadeem Ahmed Ansari: 285 Articles with 347540 views (M.A., Journalist).. View More