اگر آ پ اپنی زندگی میں کامیابی چاہتے ہیں تو اپنے تمام
تر معاملات کی مکمل ذمہ داری لیں۔جب تک آپ مکمل ذمہ داری لینے سے گریز کرتے
ہیں گے آپ کامیاب نہیں ہوسکتے۔اکثر لوگ بڑے جوش و خروش سے کسی بھی نئے کام
کا آغاز کرتے ہیں۔ آغاز میں ان کے پاس پیسہ بھی ہوتا ہے اور جوش کی وجہ سے
وہ معمولی مسائل کو بہت حد تک نظر انداز بھی کرتے ہیں ۔ لیکن جیسے جیسے کام
بڑھتا ہے ویسے ویسے ذمہ داریاں بھی بڑھتی ہیں۔لوگوں کی توقعات پر پورا
اترنے کے لیئے آ پ کو سخت محنت بھی کرنی پڑتی ہے اور آپ کو ہر طرح کی ذمہ
داری ہر صورت میں نبھانی پڑتی ہے۔بہت سے لوگ کام شروع تو کرتے ہیں لیکن کچھ
عرصہ کے بعد یہ کہہ کر بند کر دیتے ہیں کہ کاروبار نہیں چلتا۔کاروبار کو
چلانے کے لیئے آپ کو ہر طرح کو ذمہ داری کو احسن طریقے سے بلا چون وچرا
قبول کرنا پڑتا ہے۔ہم یہ تو چاہتے ہیں کہ ہمار ا کاروبار دن دگنی اور رات
چوگنی ترقی کرے لیکن ہم بہت سے اہم معاملات اور ذمہ داریوں سے پہلو تہی
کرتے ہیں۔ ہم کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر کے مشکل کا وقت گزارتے ہیں اور
سمجھتے ہیں کہ ہم ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔
ایک جگہ میں نے پڑھا کہ جب بھی کاروبار شروع کریں تو کبھی بھی پورا پیسہ نہ
لگائیں ہمیشہ جو بھی پیسے آپ کے پاس ہوں ان میں سے آدھے پیسے کاروبار میں
لگائیں اور باقی آدھے پیسے مشکل وقت کے لیئے بچا کر رکھ لیں۔لیکن یہ بھی
یاد رکھیں کہ کاروبار صرف پیسے سے نہیں ہوتا۔ اس کے لیے آپ کی محنت اور لگن
سب سے ذیادہ اہم ہے۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ ہمارے اندر بہت سی صلاحیتیں
ہیں لیکن پیسہ نہیں ہے۔اگر ہمیں کوئی انویسٹر مل جائے تو ہم بہت ذیادہ ترقی
کر سکتے ہیں۔اور اس کے پیسوں سے بہت وسیع کاروبار کر سکتے ہیں۔ یہ بالکل
غلط سوچ ہے۔ میں نے ایسا کوئی ایک شخص بھی کامیاب ہوتے نہیں دیکھا جو محنت
تو خود کرے لیکن پیسہ کسی اور کا ہو۔ ایسا ملازمت میں تو چل سکتا ہے لیکن
کاروبار میں نہیں۔ کاروبار ہمیشہ اپنے پیسوں سے ہوتا ہے۔ جو پیسہ آپ کا
اپنا نہیں اس کی آپ کبھی بھی حفاظت نہیں کریں گے۔ اگر آپ کو کوئی شخص اس
طرح کی آفر کرتا ہے تو بلا سوچے سمجھے انکا ر کر دیجیئے ۔ آپ ایسے لوگوں کی
باتوں میں آکر یقینا اپنا تما م پیسہ کھو دیں گے۔ اور اگر وہ آپ کا دوست
بھی ہے تو شاید اپنا عزیز ترین دوست بھی کھو بیٹھیں گے۔
کاروبار کو چلانے کی سو فیصد ذمہ داری آپ کی ہے۔ کاروبار کو شروع کرنے کے
بعد اس کی تما م اونچ نیچ کے آپ خود ذمہ دار ہیں ۔ اپنے آپ کو اس ذمہ داری
کے لیئے تیار کریں۔اگر آپ اچھے دنوں میں کاروبار کے مالک ہیں تو بر ے دنوں
میں بھی ملکیت اور ذمہ داری آپ کی ہی ہے۔ اپنی ذمہ داری کو مکمل طور پر
نبھائیں اور اچھے وقت کا انتظار کریں۔ تما م کاروباری ذمہ داریوں کی لسٹ
بنائیں اور جو شخص ان ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھا سکتا ہے اس کے ذمہ
لگائیں ۔ کوئی بھی کا م کسی کے ذمے لگانے کے بعد آپ بری الذمہ نہیں ہو جاتے
۔
زندگی آپ کو بار بار موقع نہیں دیتی ۔ اس لیے جب بھی آپ کو اپنا کاروبار
بہتر بنانے کا موقع ملے اس کومت گنوائیں۔آپ کی کامیابی میں محنت کا کردار
سب سے اہم ہے۔ آپ کی کامیابی کا 70%انحصار آپ کی محنت پر ہے جو آپ اپنے
کمائے ہوئے پیسوں پر کرتے ہیں۔ کاروبار میں نقصان ہونا عام سی بات ہے۔ لیکن
اس ڈر سے کہ کہیں نقصان نہ ہوجائے کاروبار شروع ہی نہ کیا جائے یہ ایک غیر
معمولی بات ہے۔ اور ایسے لوگو ں کا کاروبار سے کوئی لینا دینا نہیں ہوتا۔
ایمانداری کا ہمارے ہاں بہت فقدان ہے۔ بے ایمانی کی وجہ سے نہ صرف برکت
اُٹھ جاتی ہے بلکہ گاہک بھی مطمئن نہیں ہوتا ۔ اگر ایک گاہک بھی آپ سے
مطمئن نہیں ہے تو وہ آپ کے سینکڑوں گاہک خراب کر سکتا ہے اور اگر آپ سے ایک
بھی گاہک مطنئن ہوگیا تو وہ آپ کے پاس سینکڑوں نئے گاہک لا سکتا ہے۔
|