پھر یوں ہوا کہ نواز شریف ایک تغیّرآمیز لیکن خوفناک
بیانئیے کے ساتھ جی ٹی روڈ پر نمودار ہوئے تو پورا ملک اور خصوصًا پنجاب
ووٹ کو عزت دو اور سول سپر میسی جیسے اجنبی نعروں سے گونجنے لگا ،
گو کہ یہ نعرہ سیاسی منظرنامے میں ایک اجنبیت کے ساتھ داخل ہوا لیکن نواز
شریف کی مقبولیت اور مظلومیت کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے سیاسی شعور اور بدلتے
ہوئے زمانے کے تقاضوں نے اسے مبالغہ آمیز شناسائی اور مقبولیت فراہم کردی
اور یہی وجہ تھی کہ سیاسی دھارے کا رُخ اور مزاج یکسر تبدیل ہوتے گئےیعنی
ایک طرف وہ تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی کارکن کھڑے تھے جو سول سپر میسی
اور جمہوریت کے شدید حامی تھے جبکہ دوسری جانب وہ لوگ نظر آئے جنہیں
جمہوریت اور سول سپر میسی کی بجائے عمران خان کے برسراقتدار آنے بلکہ اس سے
بھی زیادہ نوازشریف کو منہدم کرنے تک دلچسپی تھی اور ظاہر ہے یہ طبقہ
معروضی حالات کے پیش نظر اسٹیبلشمنٹ کا حامی ہی تھا ۔
گویا پہلی بار سیاست واضح طور پر دو حصوں میں منقسم ہوگئی تھی ۔
دو ہزار اٹھارہ میں سول سپر میسی کے علمبرداز نواز شریف اور اس کا خاندان
شدید ترین آزمائشوں اور مشکلات کے ضد میں آیا ۔
اس دوران اقتدار سے بے دخلی ،قید وبند، کلثوم نواز کی بے بس موت اور مریم
نواز کی گرفتاری نے نواز شریف کی حمایت اور ھمدردی میں ایک توانا عوامی لھر
اُٹھا دی اور دیکھنے میں ایا کہ سول سپر میسی کا تصور دانشوروں اور
لکھاریوں کی روایتی ،بحث و تمحیص اور محفلوں سے نکل کو گلی کوچوں میں
پھیلتا اور مقبول ترین موضوع بنتا گیا یہی وہ وقت تھا جب سول سپر میسی کا
بیانیئہ اُٹھانے والے نواز شریف کے شدید مخالف عمران خان پر اقتدار کے
دروازے کھلے لیکن کنٹینر کی جذباتی فضا نے توقعات اور اُمیدوں کا جو سر
بفلک پہاڑ کھڑا کیا تھا وہ نہ صرف ریزہ ریزہ ہو کر بکھرنا شروع ہوا بلکہ یہ
پہاڑ بہت سے مسائل خصوصًا مہنگائی کا لاوہ اُگلنے لگا اور اسی آتش فشاں میں
عمران خان کی مقبولیت بھی بری طرح بھسم ہو کر رہ گئی ۔
جس کا فائدہ فطری طور پر نواز شریف کی طرز سیاست
یعنی ووٹ کو عزت دو کے بیانئیے کو پہنچنے لگا اس دوران مشکل ترین حالات کے
باوجود بھی نواز شریف پوری طرح یکسو اور سول سپر میسی کے بیانئیے پر ڈٹے
نظر آئے جبکہ اس کے تمام سیاسی رفقاء (خواہ وہ جیلوں میں تھے یا جیلوں سے
باھر)
ہمیشہ دلیر اور ثابت قدم ہی دکھائی دئیے اور یہ سلسلہ ھنوز جاری بھی ہے ۔
لیکن گزشتہ چند ھفتوں سے نواز شریف کی بگڑتی ہوئی صحت اور بعرض علاج لندن
جانے نے اس بیانئیےکو شکوک و شبھات اور مصلحت کی طرف دھکیل دیا ہےجس
بیانئیے کی تعمیر اور اُٹھان دلیر پن اور ڈٹنے سے ہوئی تھی ۔
شکوک و شبھات اور مصلحت کی گھمبیر فضا کو سب سے زیادہ اُبھار مریم نواز کی
پراسرار خاموشی نے فراہم کیا کیونکہ یہ مریم نواز ہی تھیں جو بیانئیے کے
حوالے سے زیادہ متحرک اورفعال رہی تھی کیونکہ ایک ایسے وقت میں جب شھباز
شریف کھلے عام مصلحت اور پسپائی کا علمبردار بنا ہوا تھا جبکہ ڈیل گروپ کا
مقبول استعارہ بھی وجود میں آچکا تھا تو مریم نواز ہر قسم کی مصلحت سے بے
نیاز اور خوف سے بے پرواہ ہو کر میدان میں نکل آئی تھی اور پورا پنجاب اس
کے ساتھ کھڑا نظر آیا تھا۔
مریم کی ریلیوں اور جی ٹی روڈ پر اُٹھائے گئے بیانئیے میں بھی رتی بھر
تبدیلی نہیں آئی تھی صرف مقرر تبدیل ہو چکا تھا ۔
اس کے علاوہ مریم نواز اپنے پسندیدہ میدان کارزار یعنی سوشل میڈیا کے مورچے
میں موجود بھی رہی اور ڈٹی بھی رہی نہ غنودگی طاری ہوئی تھی نہ پسپائی کا
راستہ لیا تھا بلکہ سچ تو یہ ہے کہ مریم بھی تیزی کے ساتھ اس سیاسی قدو
قامت کی حامل ہونے لگی تھی جو خواتین سیاستدانوں میں صرف بے نظیر بھٹو کے
حصے میں آیا تھا ۔ لیکن موجودہ منظر نامے پر اچانک چھاتی پر اسرار خاموشی
سے کئی سوالات جنم لے رھے ہیں کہ آخر وہ کونسا خوف ،مصلحت یا مجبوری ہے جس
نے ایک مقبول بیانئیے پر خاموشی کی دبیز تہہ چڑھا دی ?
اچانک ایسا کیا ہوا کہ مریم نواز کی گونجتی ہوئی صدا حرف و معنی کھو بیٹھے
،
کیا مسلم لیگ کے اندر ڈیل گروپ حاوی ہوچکا ہے اور مریم نواز اس گروپ کے زیر
اثر آگئی ہیں ؟
کیا اپنے والد نواز شریف کی شدید بیماری ،قید وبند اور مشکل حالات نے مریم
نواز کے اعصاب توڑ دئیے ہیں؟
اور
کیا سول سپر میسی کا بیانئیہ بھاری پتھر کی مانند چوم کر چھوڑ دیا گیا ہے؟
بھرحال گھمیر سوالات کا سلسلہ پیہم ٹپک رہا ھے اور صورتحال حد درجہ مبہم
اور غیر واضح ہیں کیونکہ حالات کی دھند لمحہ لمحہ گہری ہوتی جارہی ہے ساتھ
ھی اُمید اور اندیشے بھی بڑھتے جا رہے ہیں پارٹی کارکن تاحال ڈٹے ہوئے ہیں
لیکن نہ کوئی رھبر سفر نہ ھی کوئی سالار قافلہ !
کسی نے کہا کہ قیادت پیچھے ہٹ گئی ہے تو کوئی نقطہ اُٹھا لایا کہ فی الحال
نواز شریف کی صحت کو اوّلیت دی جارہی ہے ،کوئی مایوس دکھائی دیا تو کسی نے
سکوت کو طوفاں خیز تحریک کا پیش خیمئہ قرار دیا ۔
گویا زبانیں بھی بہت اور باتیں بھی بہت ۔
لیکن معروضی صورتحال میں ہمیں ماننا ہی پڑے گا کہ سول سپر میسی کا بیانیئہ
عارضی طور پر ہی سہی لیکن اپنی اھمیت اور افادیت فی الحال کھو بیٹھا ہے
کیونکہ نواز شریف شدید بیمار ہیں اور مریم نواز نےجیل سے نکل کرکسی چوک اور
چوراہے کی بجائے خاموشی کے ساتھ گھر کی راہ لی ھے اور ایسا گھمبیر سناٹا
چھایا ھے کہ مریم نواز کا ہر وقت جلتا بجھتا ٹوئٹر اکاؤنٹ کسی بھولی بسری
کہانی کا روپ دھار چکا ہے ۔
سو ان سوالات میں اس بیانئیے کی گمشدگی ایک لازمی اور فطری عمل ہے جس
بیانئیے نے مدتوں سے رائج نظام کے نہ صرف درودیوار ھلا کر رکھ دئیے تھے
بلکہ ڈٹنے کی ایک تاریخ بھی رقم کی تھی اور وہ بھی ایسے وقت میں جب عمران
خان کو اُمید سحر بنا کر پیش کیا جا رہا تھا اور ایک سادہ لوح خلقت اس پر
اعتبار بھی کر بیٹھی تھی لیکن وقت آگے بڑھا تو تبدیلی کا علمبردار ایک شامِ
الم ہی ثابت ہوا ۔
گویا بیانیئیے کےلئے سیاسی طور پر راستہ صاف ہے لیکن اسے تھامنے والا کون
ہے ؟
|