علامہ اقبال نے کیا خوب فرمایا تھا کہ سبق پھر پڑھ صداقت
کا عدالت کا شجاعت کا ،لیا جائے گا تجھ سے کا م دنیا کی امامت کا مگر ہم
جمہوری بچوں نے کمال یہ کیا کہ ہم نے سبق پڑھ لیا ملک کو لوٹنے کا، عوام کو
بیوقوف بنانے کا، بیرون ممالک جائیدادیں خریدنے کا ،جعل سازی کا،کرپشن کا ،جھوٹ
اور فریب کا ،ملک پر قبضے کا ،عوام کو محکوم رکھنے کااور غداری کے
سرٹیفیکیٹ بانٹنے کا رہی سہی کسر ان لٹیروں نے پوری کردی جو عوام کی پیٹھ
پر سوار ہوکر آئے اور پھر عوام کی پیٹھ میں خنجر گھونپ کر گدھ کی طرح اپنے
ہی وطن کو نوچ ڈالا ملک کی غریب عوام کے لوٹے ہوئے پیسوں سے کبھی سرے محل
خریداگیا تو کبھی لندن میں مہنگی ترین جائیدادیں خریدی گئی اور دنیا بھر
میں ناجائز پیسوں سے کاروبار کیے جس نے اس ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن
کرنے کی کوشش کی تو اسے بھرے جلسہ میں گولیاں مارکرشہید کردیا گیا جس نے
ملک کو ایٹمی قوت بنایا اسے پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا گیا تو کبھی
پھانسی لگانے کی سزا سنا دی گئی کیا ملک میں غریب لوگوں کے لیے کام کرنا
جرم بن گیا ہے کیاچوروں ، لٹیروں اور ڈاکوؤں کو ہی اس ملک میں پروٹوکول دیا
جائیگا اور غریب بھوک اور افلاس سے تنگ آکر یونہی اپنے بچوں کے ہمراہ نہروں
میں چھلانگیں لگاتے رہیں گے کیا عوام کا پیسہ کھانے والے بھی کبھی پھانسی
لگ پائیں گے تاریخ میں وہ لیڈر آج بھی زندہ ہیں جنہوں نے عوام کو زندہ رہنے
کی سہولیات فراہم کی بے شک انہیں لٹکا دیا گیااسی لیے جنرل مشرف کوبھی
پھانسی دی جانی چاہیے کیونکہ وہ دور ترقی کا سنہری دور تھا جب ملک میں پیسے
کی فراوانی تھی پوری ایک موٹر سائیکل خریدنے کی سکت نہ رکھنے والا بھی گاڑی
کا مالک بن گیا 20روپے فی یونٹ بات کرنے والا بھی مفت موبائل سم لیکر
گھنٹوں اپنے پیاروں سے بات کرنے لگ گیا ،قرضوں میں ڈوبی ہوئی معشیت وہاں تک
جا پہنچی کہ پاکستان دنیا بھر میں بینکنگ میں تیسرا منافع بخش ملک بن
گیاجسکی معیشت 1999 میں دیوالیہ ہو رہی تھی وہ 2005 کے اعدادوشمار کے مطابق
مجموعی پیداوار جی ڈی پی 65 ارب سے بڑھ کر 125 ارب ہو گئی ملک کا مجموعی
قرض 39 ارب سے کم ہو کر 32 ارب پر آ گیا 2005 میں فی کس آمدنی 460 ڈالر سے
بڑھ کر 800 ڈالر ہوئی اور ہم نچلے درجے کے ملک کی بجائے اوسط درجے کی آمدنی
والے ملک میں شمار ہونے لگے جنرل مشرف کو پھانسی دی جانی چاہیے کیونکہ ان
کے دور میں خطِ غربت کی شرح میں دس فیصد کمی واقع ہوئی اور خطِ غربت سے
نیچے کی زندگی بسر کرنے والوں کی شرح جو چونتیس اعشاریہ چھیالیس فیصد تھی
وہ کم ہوکر چوبیس فیصد رہ گئی ہے جنرل مشرف کو پھانسی دی جانی چاہیے کیونکہ
وہ چند سالوں میں پاکستان کے غیر ملکی ذخائر کو صرف 700 ملین ڈالر سے 17
ارب ڈالر تک لے گئے اسے پھانسی دی جانی چاہئے کیونکہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھ
کر 2 ارب ڈالر ہوگئیں اور 90 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوگئیں۔ 1999 میں
پاکستان کے صرف انتالیس شہر انٹرنیٹ سے اور 40 شہر اور قصبے فائبر اپٹک کے
زریعے رابطے میں تھے2006 کے اعدادوشمار کے مطابق ایک ہزار قصبے اور دیہات
انٹرنیٹ سے منسلک ہو گئے فون جسے امراء ہی استعمال کر سکتے تھے 1999 میں
پاکستان کی 2.9 فیصد آبادی کو ہی میسر تھا لیکن جنرل مشرف نے اسے پاکستان
کے ہر گھر تک پہنچا دیا سال 2006 میں 3 کروڑ سیل فون فروخت ہوئے ،پاکستان
میں 2005 میں سرمایہ کاری 1.5 ارب ڈالر رہی یعنی 1999 سے 500 فیصد زائد
اضافہ پاکستان کی ترسیل زر 2005 میں 4 ارب ڈالر سے زائد ہو گئی یعنی 1999
کے مقابلے میں 480 فیصد اضافہ ہوا اسے پھانسی دی جانی چاہئے کیونکہ صرف سی
این جی سیکٹر نے ہی 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور 50ہزار نئی ملازمتیں
پیدا کیں اسے پھانسی دی جانی چاہئے کیونکہ اس نے ملک کی میڈیاانڈسٹری میں
انقلاب برپا کردیانئے چینلز کو لائسنس دیے گئے اخبارات کے ڈیکلریشن کا
طریقہ آسان بنایا اور پھر کسی پابندی کے بغیر میڈیا کو آزادی دی جی ہاں اسے
پھانسی دی جانی چاہئے کیونکہ ٹیلی مواصلات کے شعبے میں 10 ارب ڈالر سے
زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی جس نے 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا کیں۔
اسے پھانسی دی جانی چاہئے کیونکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس وقت
2000فیصد اضافہ ہوا تھا جو 700 سے بڑھ کر 15ہزار ہو گیا تھا اسے پھانسی پر
چڑھایا جائے کہ اس نے شاہراہوں کا جال پاکستان کے دور دراز علاقوں میں
پھیلایا جنرل مشرف پھانسی کا ہی حقدار ہے کیونکہ اس نے ملک میں تعلیم
اداروں کا جال بچھایا کوئٹہ میں سردار بہاؤالدین خان ویمن یونیورسٹی قائم
کی،بنوں میں سائنس اینڈ ٹکنالوجی یونیورسٹی قائم ہوئی، ہزارہ یونیورسٹی
قائم ہوئی، ملاکنڈ یونیورسٹی کی بنیاد رکھی گئی، جامعہ گجرات کا قیام عمل
میں آیا، پاکستان کی ورچوئل یونیورسٹی قائم ہوئی، پشاور کی سرحد یونیورسٹی
کی بنیاد رکھی گئی، اسلام آباد میں نیشنل لاء یونیورسٹی کی بنیاد رکھی گئی
، اسلام آباد میں میڈیا یونیورسٹی قائم ہوئی جبکہ انہی کے دور میں ملک میں
معاشی ترقی کا سفر اتنی تیزی سے جاری تھا کہ اسکی مثال پچھلے 73سالوں میں
بھی ڈھونڈیں تو نہیں ملے گی ان معاشی اقدامات پہ جنرل مشرف کی سزا صرف
سزائے موت ہے کیونکہ وڈیروں ،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے سامنے کبھی
بھی غریب زبان نہیں کھول سکتا اپنا حق نہیں مانگ سکتا جو مانگتا ہے اسے
زندہ آگ کی بھٹیوں میں پھینک دیا جاتا ،کتوں کے آگے ڈال دیا جاتا اور سرے
بازار قتل کردیا جاتا تھا مگر مشرف نے انہی کو بولنا سکھا دیاحق پر ڈٹ جانا
سکھا دیا اور عوام کو وہ سب کچھ دیاجو انہوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں
دیکھا ہوگا اس لیے اسے تختہ دار پرلٹکانے کے ساتھ ساتھ اسکی لاش کو تین دن
ڈی چوک میں بھی ضرور لٹکایا جائے۔ |