کامیابی کو دولت کے بجائے خوشی سے ناپیں
جب آپ پیسے، روپے، ڈالر اور پاؤنڈ سے اپنی کامیابی وابستہ کرلیں گے تو آپ
کی ہوس بڑھتی جائے گی اور آپ یہ کتنے بھی حاصل کرلیں گے خود کو خوش نہیں
پائیں گے، حقیقی خوشی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنے سوچنے کا انداز بدلیں
اور کامیابی کو دولت میں نہیں بلکہ خوشیوں میں تلاش کریں۔
مشکل کام کرنے کے لیے اپنے آپ کو چیلنج کریں
جب تک زندگی میں مقابلہ کرنے کا ہنر نہیں سیکھیں گے زندگی میں کامیابی نہیں
ملے گی، جب بھی کوئی مشکل آئے اس سے فرار کے بجائے اس کا سامنا کریں، ایک
بار ایسا کرلینے سے اگلی بار آپ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا اور مشکلات
کا سامنا نہ کرسکنے کے حوالے سے آپ کا تصور بھی بدل جائے گا۔
مثبت تنقید اور اختلافی رائے سننے کا حوصلہ پیدا کریں
جس طرح تعریف انسان کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافے کا سبب بن سکتی ہے،
اسی طرح مثبت تنقید سے اپنی خامیاں دور کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ اس سے
ان پہلوؤں پر بھی توجہ دینے کا موقع ملے گا جو پہلے نظر انداز ہوکر ناکامی
اور کمزوری کی وجہ بن رہے تھے۔
غلطیوں سے سیکھیں
زندگی میں ناکامیوں کو استاد کہا جاتا ہے، یہ تلخ اور دررناک لمحات مستقبل
کی کامیابیوں میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں اگر آپ اپنی کمزوریوں کو ختم
کرکے نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوسکتا
ہے کہ آپ ایک ہی طرح کی وجوہات سے بار بار ناکام نہیں ہوں گے۔
جلدی اور روزانہ اٹھنا عادت بنالیں
انسانی جسم کو چھ سے آٹھ گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے، اگر انسان جلد سونے
اور جلد اٹھنے کی عادت اپنا لے تو وقت کا زیادہ بہتر استعمال کرسکتا ہے اور
اس وقت جب دوسرے سو رہے ہوں انسان دن سے متعلق شیڈول بنا کر یا کسی مثبت
سرگرمی میں حصہ لے کر اس وقت سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔
مثبت رویہ اپنائیں
اگر انسان ہر وقت خوف کا شکار رہے تو یہ کیفیت اس پر طاری ہوجاتی ہے اور
پھر یہ خوف ہر راستے میں آکھڑا ہوتا ہے۔ یہ کامیابی کے حصول میں رکاوٹ بن
سکتا ہے۔ ہمیشہ منفی کے بجائے مثبت رویہ اپنائیں۔
اپنے لیے روزانہ کی بنیاد پر ہدف مقرر کریں
روزانہ کی بنیاد پر اپنے لیے ٹاسک مقرر کریں اور سونے سے پہلے اپنی
کارکردگی کا جائزہ لیں۔ اس سے ایک تو توجہ اپنے ہدف پر مسلسل مرکوز رکھنے
میں مدد ملے گی دوسرا اس سے مسلسل رکاوٹ یا ناکامی کا تجزیہ کرنے میں بھی
آسانی ہوگی۔
اپنے ساتھ اور اردگرد کام کرنے والوں سے زیادہ محنت کریں
بے شک انسان کو اتنی ہی کامیابی ملنی ہے جتنی اس نے محنت کرنی ہے لیکن یہ
یاد رکھنا بھی ضروری ہے کہ ساتھ کام کرنے والوں کی کارکردگی کیسی ہے۔ اپنی
طرف سے نیک نیتی سے پوری لگن سے کام کریں اور پھر اچھے نیتجے کی توقع
رکھیں۔
کبھی اپنی کارکردگی سے مطئمن نہ ہوں
اگر زندگی کے کسی میدان میں انسان میں آگے بڑھنے یا مزید کچھ کرنے کی
خواہش باقی نہ رہے تو انسان مزید کچھ حاصل نہیں کرسکتا۔ آگے بڑھنے کے لیے
ضروری ہے کہ ہر دن گزشتہ سے بہتر ہو، ہر روز تھوڑی زیادہ کوشش کریں تاکہ
انسان کی اہلیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ نتائج میں بھی خاطرخواہ کامیابی نظر
آئے۔
کسی سے خوفزدہ نہ ہوں
اپنی خواہش کے مطابق پروفیشن کا انتخاب کرکے اس میں کامیابی حاصل کرنا
آسان کام نہیں ہے، ضروری ہے کہ فیصلہ کرلینے کے بعد پوری قوت اپنے مقاصد
پر خرچ کریں اور خود کو غیرضروری سرگرمیوں سے بچائیں۔ اس کے علاوہ ساتھ کام
کرنے والوں کو نہ خود پر سوار ہونے دیں اور نہ ہی خود ان پر غالب آنے کی
کوشش کریں۔
اپنے ہدف واضح طورپرکاغذ پرلکھ لیں
زندگی میں کہاں پہنچنا ہے اور کیا کرنا ہے اگر آپ کی منزل واضح ہے تو اس
بات کا زیادہ امکان ہے کہ آپ زیادہ توجہ سے اپنا کام کریں گے کیونکہ آپ
کے سامنے ہدف موجود ہوگا۔ یہ کسی بھی مسئلے یا وجہ کے باعث توجہ ہٹنے پر
واپس ادھر ہی مرکوز کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
مثبت سوچ رکھنے والے کامیاب لوگوں کے ساتھ وقت گزارایں
اگر کامیاب اور اچھی سوچ رکھنے والے لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں گے تو انسان
کی سوچ بھی ان جیسا بننے اور ان جیسا کرنے کی طرف مڑ جاتی ہے۔ اگر آپ کو
اچھی منزل یا برے دوستوں میں سے انتخاب کرنا پڑے تو اچھی منزل کو چنیں۔
اچھے لوگ منزل کے حصول میں مدد گار ثابت ہوں گے جبکہ برے دوست اس میں رکاوٹ
بنیں گے۔
خود کو جسمانی طور پر فٹ رکھیں
ایک اچھا دماغ صحت مند جسم میں ہی ہوسکتا ہے، خوشگوار زندگی گزارنے کی
خواہش رکھنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے جسم پر توجہ دیں تاکہ انہیں
آج اور کل اس کا مثبت نتیجہ مل سکے۔
اپنی صلاحیتوں کا سوچ سمجھ کر استعمال کریں
قدرت نے ہر انسان کو یکساں صلاحیتوں کے ساتھ پیدا کیا ہے لیکن وہ لوگ
کامیاب کہلاتے ہیں جو اپنی صلاحیتیں منزل کے حصول پر ہی خرچ کرتے ہیں۔
قربانی دینے کے لیے تیار رہیں
اگر انسان کسی چیز کا خواہشمند ہے تو وہ مفت نہیں ملے گی، اس کے لیے مطلوبہ
قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ اگر کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو آج کی مشکلات سے
مایوس نہ ہوں بلکہ مستقبل کے لیے اسے سرمایہ کاری سمجھ کر بہادری سے مقابلہ
کریں
|