پھول بچے اور موسم گرما……!

 ہر سال کی طرح امسال بھی جون جولائی کے بعد اگست میں شدیدگرمی ستم ڈھا رہی ہے ۔ اس شدید ترین گرم موسم میں نقصانات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ بڑے افراد تو اپنا خیال خود رکھ کر موسم کی شدت سے کسی حد تک بچ سکتے ہیں، ایسے میں بچوں کا خیال رکھنا ازحد ضروری ہے ۔ بلاشبہ بچے قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت ہیں، یہ قدرت کا وہ بیش بہاء عطیہ ہیں جن کے دم سے ہماری زندگیاں مسکراتی ہیں۔بچے پھولوں کی مانند نازک ہوتے ہیں، جس طرح پھولوں کی صحیح طریقے سے نشود ونما نہ کی جائے تو وہ مرجھانے لگتے ہیں، اسی طرح بچے بھی نگہداشت اور توجہ کے طالب ہوتے ہیں۔ بچے سب کو ہی اچھے لگتے ہیں، لیکن کچھ بچے اپنے والدین کی آنکھ کا تارا ہوتے ہیں، جس طرح والدین اپنے بچوں کی دیکھ بھال کر سکتے ہیں، کوئی اور نہیں کر سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ موسم گرما آتے ہی جہاں مائیں اپنے لئے ملبوسات اور دیگر چیزوں کا موسم کے لحاظ سے انتخاب کرتی ہیں، وہیں وہ اپنے بچوں کو موسم گرما کی شدت سے بچانے کے لئے مناسب ملبوسات ، پریکلی ہیٹ پاؤڈر اور دیگر ضروری چیزوں کا انتظام کرتی ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق گرمیوں میں بچوں کو روزانہ نہلانا چاہیے اگر بچوں کو گرمی دانے نکل آئے ہیں تو پھر نہلانا اور بھی زیادہ ضروری ہے۔ گرمیوں میں گرمی دانے خاص طور پر تکلیف کا باعث بنتے ہیں، انہیں انگریزی میں ’’ پریکلی ہیٹ’’ کہا جاتا ہے اور ٹھیک ہی کہا جاتا ہے ، پریکلی یعنی کانٹا، کانٹے چھونا، جسم پر گرمی دانے نکل آئیں تو ایسے لگتا ہے کہ جسم پر کانٹے اگ آئے ہیں یا کانٹے چبھوئے جا رہے ہیں۔ بچے ایسی صورتحال میں بہت زیادہ گھبراہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں، کیونکہ ان دانوں میں شدید خارش ہوتی ہے۔ گرمی دانے عام طور پر اسی وقت زیادہ نکلتے ہیں جب موسم گرما ہونے کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب بھی بڑھ جائے ۔ یہ بات ہم سب بخوبی جانتے ہیں کہ ہمیں گرمی لگے تو ہمارا جسم ہمیں ٹھنڈک پہنچانے کی غرض سے پسینہ خارج کرتا ہے۔ پسینے کے غدود ہماری جلد کے نیچے واقع ہوتے ہیں۔ ان غدود سے پسینہ تنگ نالیوں کے ذریعے ہماری جلد تک پہنچتا ہے۔ اگر کسی وجہ سے یہ نالیاں بند ہو جائیں تو پسینے کے غدود سے پسینہ بہہ کر جلد تک نہیں پہنچ پاتا اور راستے ہی میں اٹکا رہ جاتا ہے، پھر یہ پسینہ بطور احتجاج گرمی دانوں کی شکل میں جلد پر ابھر آتا ہے۔ اگر پسینہ جلد کے بالکل نیچے رکا ہوا ہو تو جلد پر ایسے چھوٹے چھوٹے دانے نمودار ہو جاتے ہیں گویا شبنم کے قطرے ہوں۔ اگر پسینہ جلد کے نیچے قدرے گہرائی میں رکا رہ جائے تو جلد پر لاتعداد سرخ دانے نکل آتے ہیں جن میں شدید خارش یا چبھن ہوتی ہے۔
بچوں کو ان گرمی دانوں سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ جہاں تک ممکن ہو شدید گرمی سے انہیں بچائیں دھوپ میں براہ راست انہیں لے جانے سے گریز کریں اور اگر انہیں لے کر جانا ہی پڑے تو دھوپ سے بچاؤ کا سامان مثلاً دھوپ کے نقصان دہ اثرات سے بچانے والے لوشن وغیرہ، چھتری یا سایہ دار کپڑے کا اہتمام ضرور کریں۔ اگر بچوں کے دانے ہوں تو انہیں روزانہ نہلا کر پریکلی ہیٹ پاؤڈر لگائیں اورانہیں جہاں تک ممکن ہو کھلی ہوا دار اور ٹھنڈی جگہ پر رکھیں۔ گرمیوں میں پسینہ آنا ایک فطری بات ہے پسینے کی حالت میں کبھی بھی بچے کہ نہ نہلائیں اور نہ ہی پسینہ خشک کئے بغیر پنکھے کے نیچے بٹھائیں پسینہ تولیے یا رومال سے خشک کریں اور پھر بچے کو نہلائیں، نہلانے کے بعد پنکھے کی تیز ہوا بچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ لہٰذا پنکھے کی زیادہ تیزہوا سے بچے کو بچائیں اور قدرتی ہوا کا معقول انتظام کریں جیسے کھڑکی وغیرہ کھول لیں ۔ گرمیوں میں بچے کو وقفے وقفے سے پانی پلائیں تاکہ اس کے جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے پائے جو کہ پسینے کی صورت میں خارج ہوتی رہتی ہے۔ ماہرین صحت کی درج بالا ہدایات اور ان معمولی اقدامات سے ہم اپنے پھول جیسے بچوں کی بہتر دیکھ بھال کر سکتے ہیں۔
 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 1004 Articles with 818608 views Journalist and Columnist.. View More